یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ بیلجیم کے واقفین نو کا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بیلجیم کو اپنا ۲۲؍واں نیشنل وقف نواجتماع مورخہ۲۳و ۲۴؍نومبر۲۰۲۴ءکو مسجد بیت السلام، برسلز میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اجتماع کی تیاری کا آغاز ماہ جولائی ۲۰۲۴ء سے شروع ہوا۔ تمام واقفین کو مقامی زبانوں میں ان کے معیار کے مطابق نصاب بھجوایا گیا تھا۔ نصاب کی تیاری اور لوکل جماعتوں میں کلاسز کا انعقاد ہفتہ وار بنیادوں پر ہوتا رہا جس میں مربیان کرام کی طرف سے اجتماع کے نصاب کی تیاری کروائی جاتی رہی۔

تمام واقفین تک اجتماع کی اطلاع یقینی بنانے کے ليے معاونہ واقفاتِ نو، صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ، صدران جماعت، مربیان کرام اور مقامی سیکرٹریان وقفِ نو کے ذریعہ والدین سے مسلسل رابطہ رکھا گیا۔

افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ امیر صاحب نے تمام واقفین نو اور واقفات نو کو اجتماع کی اہمیت اور ان کی ذمہ داریوں نیز مسجد کے آداب کو تفصیل سے بیان کیا۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔

افتتاحی اجلاس کے بعد واقفین نو کو چار گروپس میں تقسیم کر کے علیحدہ علیحدہ کمروں میں ان کے مقابلہ جات شروع کروائے گئے۔ اسی طرح واقفات نو کے تمام مقابلہ جات صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کی معاونہ کی زیر نگرانی لجنہ ہال میں منعقد ہوئے۔

دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مقابلہ جات نماز مغرب و عشاء تک جاری رہے۔ شام کے کھانے کے ساتھ پہلے دن کا اختتام ہوا۔

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نمازِ تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس القرآن کے بعد سب نے انفرادی تلاوت قرآن کریم کی اور پھر کچھ دیر آرام کیا۔ آرام کے بعد ناشتہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ بعدازاں علمی اور ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ مقابلہ جات کے بعد کھانا اور نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ اس کے معاً بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ اس کے ساتھ یہ دو روزہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے ان تمام احباب کا شکریہ ادا کیا جو اس اجتماع کے کامیاب انعقاد میں شامل تھے۔

اس اجتماع میں کُل ۹۰؍واقفین نو اور۷۵؍واقفات نو نے شمولیت کی جبکہ اجتماع کی دونوں دنوں کی کُل حاضری ۳۲۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button