افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون میں ایک تقریب آمین اور نئی مسجد کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

افتتاح احمدیہ مسجد بمقام Bontiwo

جماعت احمدیہ بونتیوو، بو(Bo)شہر سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ یہاں ۱۹۴۰ء کی دہائی میں معلم محمد سلام باہ صاحب نے احمدیت کا پیغام ’’بانڈہ سوا‘‘ کے مقام پرحضرت مولانا الحاج نذیر احمد علی صاحب کے ذریعہ قبول کیا اور یوں اس علاقہ میں احمدیت کا پودا لگا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے شروع سے ہی یہ جماعت بہت ہی مخلص ہے۔ ۲۰۲۳ء تک یہاں ایک چھوٹی اورکچی مسجد موجو د تھی جو کہ نمازیوں کی کثرت کی وجہ سے چھوٹی پڑ گئی تھی۔ اس ليے نئی اور بڑی مسجد کی ضرورت تھی۔ چنانچہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پُر شفقت منظوری سے نئی مسجد کا کام شروع کیا گیا۔ مسجد کا سنگ بنیاد خاکسار (مبلغ سلسلہ فری ٹاؤن)نے مورخہ ۱۲؍دسمبر۲۰۲۳ء کو رکھا۔ مسجد کی تعمیر کے کام کی نگرانی مکرم الحاجی ہارڈنگ صاحب سرکٹ مشنری نے کی۔ احباب جماعت نے وقار عمل کے ذریعہ تعمیر میں بھرپور حصہ لیا۔ مسجد کا مسقف حصہ ۴۵x۳۵؍فٹ ہے اور ۱۸۰؍نمازیوں کی گنجائش ہے۔

Bontiwo میں مسجد کا افتتاح

مسجد کی تکمیل پر مورخہ ۸؍دسمبر۲۰۲۴ء کو افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ سیرالیون تھے۔ افتتاحی تقریب کے لیے مکرم امیر صاحب گیارہ بجے بونتیوو(Bontiwo)گاؤں میں تشریف لائے جہاں کثیر تعداد میں احباب جماعت نے امیر صاحب کا استقبال کیا۔ امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔

اس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مہمانوں کے تعارف کے بعد مولوی یوسف عبداللطیف صاحب سرکٹ مشنری نے جماعت احمدیہ کا تعارف اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی آمد کی غرض و غایت کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد غیر احمدی امام، عیسائیوں کے نمائندہ اور پیراماؤنٹ چیف نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی خدمات کو سراہا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے مسجد کے قیام کی غرض اور جماعت احمدیہ کی خدمات کے موضوع پر تقریر کی اور دعا کروائی۔

Bontiwo میں مسجد کا افتتاح

نماز ظہر وعصر مسجد میں ادا کی گئیں اور تمام شاملین کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔اس تقریب میں دس جماعتوں کے۳۷۰؍احباب و خواتین نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کے ذریعہ اسلام کا نور پھیلاتا چلا جائے اور احباب جماعت کو مزید خدمات دینیہ کی توفیق دے۔ آمین

بو کی جامع مسجد ناصر میں تقریب آمین

مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۷؍دسمبر۲۰۲۴ء کو بو کی جامع مسجد میں آمین کی تقریب ہوئی۔ پروگرام میں شرکت کرنے کے ليے امیر جماعت احمدیہ سیرالیون مکرم موسیٰ میوا صاحب فری ٹاؤن سے تشریف لائے۔ یاد رہے کہ ہر سال ان تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان پروگرامز کا ایک مقصد جماعت احمدیہ کی خدمت قرآن بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان تقاریب میں غیر احمدی ائمہ شامل ہوتے ہیں اور بلامبالغہ جماعت احمدیہ کی تعریف میں رطب اللسان ہوتے ہیں۔

بو میں تقریب آمین

پروگرام کا آغاز نماز مغرب و عشاء کے بعد تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اطفال نے گروپ کی صورت میں نظم ’’قرآن سب سے اچھا قرآن سب سے پیارا‘‘ پڑھی۔ اس کے بعد امیر صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور ختم کرنے والے ۲۲؍طلبہ و طالبات سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا اور اس کے بعد اسناد تقسیم کیں۔ پروگرام کے آخر پر آپ نے حاضرین کو تلاوت قرآن کریم کی اہمیت اور اس کی برکات نیز اس کا ترجمہ سیکھنے کے بارے میں توجہ دلائی۔

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button