افریقہ (رپورٹس)جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ بینن کے تینتیسویں(۳۳) جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

(مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭… ’’بستان مہدی‘‘ میں منعقدہ جلسہ سالانہ میں نماز تہجد، پنجوقتہ باجمات نمازوں، دروس اور دینی و علمی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر کا اہتمام

٭…متعدد معزز مہمانان سمیت تین ہزار ۷۵۷؍احباب کی شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بینن کو اپنا تینتیسواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۰ تا ۲۲؍دسمبر ۲۰۲۴ء ریجن پوبے (Pobe) کے شہر کے تو(Ketou) میں موجود جماعت کی وسیع زمین ’’بستان مہدی‘‘ میںمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ سالانہ کی تیاریوں کا کام ایک ماہ قبل ہی شروع ہوگیا تھا۔

جلسہ سالانہ کا آغاز نماز جمعہ سے ہوا جو مکرم محمد لقمان بصیرو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن نے پڑھائی۔ بعد ازاں تمام شاملین جلسہ نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ شام چار بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے قومی پرچم اور مکرم میاں قمر احمد صاحب مشنری انچارج بینن نے لوائے احمدیت لہرایا۔ بعد ازاں امیر صاحب نے دعا کروائی۔

جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب بینن کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و نظم سے ہوا۔ بعد ازاں بعض اعلیٰ افسران نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا جن میں وزارت دفاع کی کیبنٹ کے ڈائریکٹر جناب عبدالباقی ثانی باشابی(Abdoul Baki SANNI BACHABI)، مادام آرمل آکپاسو (Madame Armelle AKPASSOU) جو کہ نیشنل اسمبلی کے صدر کی نمائندہ کے طور پر شامل ہوئیں تھیں، کیتو شہر کے مئیر مشیر اول، کیکا کے بادشاہ Sa Majesté Roi de Kika اور پورتونووو کے بادشاہ Sa Majesté Roi de PortoNovo شامل تھے۔ ان مہمانان نے جماعت احمدیہ کی دنیا بھر میں عموماً اور بینن میں خصوصاًامن کے قیام کے لیے کاوشوں کو سراہا اور جلسہ سالانہ کے بابرکت قیام پر مبارکباد پیش کی۔

اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں جلسہ سالانہ کے مقاصد اور اپنے علمی و تربیتی معیار کو بلند کرنے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ بینن کا پہلا دن اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا دن

مورخہ ۲۱؍دسمبر بروز ہفتہ جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد نماز فجر اور درس ہوا۔

دوسرے دن کے پہلے اجلاس کی صدارت مکرم مشنری انچارج صاحب بینن نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو نظم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم آسانی یحیٰ (Assani Yaya) صاحب نے ’’آمد مسیح آخرالزماں سے متعلقہ پیشگوئیاں‘‘ اور مکرم عارف محمود صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’برکات خلافت‘‘ کے موضوعات پر فرانسیسی زبان میں تقاریر کیں۔ ان تقاریر کا تین مختلف مقامی زبانوں میں ترجمہ پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔

جلسہ کے دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کی صدارت مکرم راؤف مالکی (Maliki Raouf)صاحب نائب امیر بینن نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے ’’ذکر الٰہی ہماری مشکلات کا حل اور شیطان سے پناہ کا ذریعہ‘‘ اور مکرم عبدالعزیز ابراہیم صاحب نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسول ﷺ‘‘ کے موضوعات پر فرانسیسی زبان میں تقاریر کیں۔ ان تقاریر کا تین مختلف مقامی زبانوں میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔

بعد از نماز مغرب و عشاء مکرم امیر صاحب نے دو نکاحوں کا اعلان کیا جس کے بعد ’’احمدیت کا تعارف‘‘ کے موضوع پر مقامی زبان ’فلانی‘ میں مکرم آدم ناصر صاحب کی نگرانی میں ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس طرح جلسہ سالانہ بینن کے دوسرا دن اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا دن

مورخہ ۲۲؍دسمبر بروز اتوار جلسہ سالانہ بینن کے تیسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد درس ہوا اور نماز فجر ادا کی گئی۔

اختتامی اجلاس مکرم امیر صاحب بینن کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم شروع ہوا۔ اس بعدپورتونووو کے بادشاہ (Sa Majesté Roi de Portonovo)نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی طبیعت ناساز ہونے کے باوجود اس جلسہ میں شامل ہوا ہوں کیونکہ میں اس جلسہ کی اہمیت جانتا ہوں اور تمام جماعت کو جلسہ سالانہ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس کے بعد مکرم انوارالحق صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’حقیقی جہاد‘‘ کے موضوع پر فرانسیسی زبان میں تقریر کی۔ اس تقریر کا بھی تین مقامی زبانوں میں ترجمہ پیش کیا گیا۔

بعدہٗ امیر صاحب نے ’’حب الوطن من الایمان‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ نیز تمام شاملین جلسہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے بخیر و عافیت اپنے گھروں تک واپس پہنچے کے ليے دعا کی۔اختتامی دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔

اس کے بعد تمام شاملین جلسہ نے کھڑے ہو کر معروف افریقن طرز پر پُرجوش انداز میں ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ‘‘ کا متعدد بار ورد کیا جس سے جلسہ گاہ کی فضا معطر ہوگئی۔

اس جلسہ سالانہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے تین ہزار ۷۵۷؍احباب و خواتین و بچگان نے شمولیت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کے ایمان میں برکت عطا فرمائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button