مجلس انصاراللہ سیرالیون کے نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ سیرالیون کو اپنا نیشنل سالانہ اجتماع بعنوان ’’کُوۡنُوۡۤا اَنۡصَارَ اللّٰہِ‘‘ مورخہ ۱۶و۱۷؍نومبر۲۰۲۴ء کو دارالحکومت فری ٹاؤن کی سب سےبڑی احمدیہ جامع مسجد بیت السبوح میں منعقدکرنے کی توفیق ملی۔
اجتماع میں شرکت کے لیے دور دراز جگہوں سے جمعۃالمبارک کوہی انصار آنے شروع ہوگئے تھے اور جمعہ کی رات تک ہر طرف خوب رونق ہوگئی۔ امسال انصار اللہ کا مفلر لَا غَالِبَ اِلَّا اللّٰہُ کے رنگ (Ring) کے ساتھ تیار کروایا گیا تھا جس کو اجتماع کے موقع پر نیشنل عاملہ کے ممبران اور دیگر انصار پہنے ہوئے تھے اور انتہائی دیدہ زیب منظر پیش ہورہا تھا۔
اجتماع کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد نماز فجر اور درس القرآن کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد صبح کی سیر کا پروگرام تھا جس میں تمام انصار نے زوق و شوق سے حصہ لیا۔
افتتاحی اجلاس: اجتماع کا افتتاحی اجلاس ڈاکٹر شیخو کمارا صاحب صدر مجلس انصار اللہ سیرالیون کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ،عہد اور نظم کے بعد مکرم صدر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا اور بتایا کہ اپنی تربیت کے علاوہ نہایت اہم ذمہ داری اگلی نسلوں کو وفا کا درس دینا اور اس پر قائم رہنے کی تاکید سے ہے۔ مکرم منیر حسین صاحب نائب صدر اول انصاراللہ نے انصار کو اجتماع کی اہمیت، اجتماع کے اہم پروگرام اور انصاراللہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آپ کی تقریر کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں انصار نے بھرپور حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، خطبات امام، دینی معلومات، خلافت جوبلی کی دعائیں، تقریر، پیغام رسانی اور انصاراللہ کا عہد شامل تھے۔
دوسرا اجلاس:اجتماع کا دوسرا اجلاس بعد از نمازعصر مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر اول کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ نظم کے بعد صدر مجلس نے اپنی تقریر میں انصار کو مختلف تربیتی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے انصار اللہ سے مختلف سوالوں کے ذریعہ ان کے تربیتی معیار کا جائزہ لیا اورآئندہ نسلوں کی اصلاح کی طرف بھی توجہ دلائی۔
اجتماع کے پہلے دن ورزشی مقابلہ جات بھی ہوئے جنہیں انصار نے بڑی دلچسپی سے دیکھا اور ان میں حصہ بھی لیا۔ نماز مغرب وعشاءکی ادائیگی کے بعد تربیت کے حوالہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات شاملین کو سنائے گئے۔
دوسرا روز:دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد درس القرآن کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد اجتماعی ورزشی مقابلہ جات اورصبح کی سیر کی گئی۔ دوسرے دن کے اجلاس سے پہلے ریجنل ناظمین اور دیگر عہدیدارن کی میٹنگ ہوئی۔
دوسرے دن کا پہلا اجلاس:دوسرے دن کا پہلا اجلاس مکرم صدر صاحب انصار اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’تربیت اولاد‘‘ از مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب قائد تربیت و پرنسپل جامعۃ المبشرین، ’’انصار کی ذمہ داریاں‘‘ از مکرم منیر ابوبکر یوسف صاحب اور ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ از مکرم عبدالحیٔ کورومہ صاحب نائب امیر ثانی۔
اختتامی اجلاس: اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم موسیٰ میوہ صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ،عہد اور نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد اپنی اختتامی تقریر میں جماعت کی ترقی میں انصار اللہ کے کردار اور مجلس کی اہم ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ نیز سیرالیون کے مبلغین اور واقفین زندگی کی بے مثال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انصار کو ان کے نمونے زندہ رکھنے کی تلقین کی۔
دعا کے ساتھ انصار اللہ کےاجتماع کا نہایت کامیاب پروگرام اختتام پذیر ہوا جس کے بعد اجتماعی گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔ اجتماع کی حاضری ۲۱۰؍شاملین پر مشتمل تھی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)