مالی کے ریجن بوگنی (Bougni)کے ریجنل جلسہ سالانہ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۴؍نومبر۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ مالی کے ریجن بوگنی (Bougni) کو اپنا ریجنل جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔
جلسہ کی کامیاب تیاری کے لیے جماعتی ریڈیو پر ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات‘‘ کے موضوع پر متعدد براہ راست پروگرامز نشر کیے گئے۔ ان پروگرامز کے ذریعہ ریجن کی تمام جماعتوں کے احباب اور رابطہ میں رہنے والے غیر از جماعت مہمانان کو جلسہ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
جلسہ کی ابتدائی کارروائی مورخہ ۲۳؍نومبر کی شام نماز مغرب و عشاء کے بعد مجلس سوال و جواب کے انعقاد سے شروع ہوئی۔ یہ مجلس بھی جماعتی ریڈیو پر براہ راست نشر کی گئی جس میں شاملین اور سامعین کے سوالات کے جواب مکرم عمر معاذ صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج مالی نے دیے۔
مورخہ ۲۴؍نومبر۰۲۴ء کی صبح جلسہ کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ کے موضوع پر درس دیا گیا۔ جلسہ کی باقاعدہ کارروائی صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے ایک قصیدہ سے شروع ہوئی۔ جلسہ کے دوران پیش کی جانے والی تقاریر نہایت جامع اور پُراثر تھیں۔ جلسہ کے دوران ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’سیرت النبیﷺ‘‘ از مکرم محمد دمبیہ صاحب لوکل معلم ریجن بوگنی، ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ‘‘ از مکرم عبدالوہاب صاحب لوکل معلم ریجن فانا اور ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسولﷺ‘‘ از مکرم نعیم احمد صاحب ریجنل مشنری ریجن بوگنی۔
بعد ازاں مہمانان اور شرکاء نے اپنے تاثرات پیش کیے اور جلسہ کے انتظامات اور پروگرامز کو بے حد سراہا۔ آخر میں مکرم عمر معاذ صاحب نے ‘‘خلافت احمدیہ کی اہمیت و برکات’’ کے موضوع پر تقریر کی۔
اختتامی دعا کے ساتھ یہ بابرکت ریجنل جلسہ سالانہ اپنے اختتام کو پہنچا جس کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور تمام شرکاء اور مہمانان کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
اس جلسہ میں ریجن کی ۲۴؍جماعتوں کی نمائندگی کے ساتھ مجموعی حاضری ۳۳۹؍رہی۔ جلسہ کے موقع پر ۱۲؍افراد نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت کی۔ یہ جلسہ نہ صرف روحانی ترقی کا ذریعہ بنا بلکہ جماعتی اتحاد اور یکجہتی کو بھی مضبوط کرنے کا سبب ثابت ہوا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے بابرکت اثرات کو دیرپا بنائے، شاملین کے ایمان و اخلاص میں اضافہ کرے اور جماعت احمدیہ مالی کو مزید ترقیات سے نوازے۔ آمین
(رپورٹ:واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)