مجلس انصار اللہ یونان کے نویں(۹)سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ یونان کو اپنا ایک روزہ نواں سالانہ اجتماع ’’تقویٰ‘‘ کے مرکزی عنوان پر مورخہ ۱۵؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز اتوار ایتھنز مشن ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
انفرادی نماز تہجد، نماز فجر اور تلاوت قرآن کریم سے دن کا آغاز ہوا۔ تمام شاملین کے ليے ناشتے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
اجتماع کو تین اجلاسات میں تقسیم کیا گیا تھا۔ صبح گیارہ بجے مکرم عرفان لطیف بٹ صاحب صدر مجلس انصاراللہ یونان کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب نے ’’انصار اللہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور دعا کروائی۔بعدازاں علمی و ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، مقابلہ اذان اور مقابلہ نظم شامل تھے۔ ورزشی مقابلہ جات میںمشاہدہ معائنہ، کلائی پکڑنا اور پنجہ آزمائی شامل تھے۔
ایک بج کر چالیس منٹ پر وقفہ برائے نماز ظہر و عصر اور ظہرانہ ہوا۔تین بجے دوسرا اجلاس مکرم صدر صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مکرم ذیشان احمد قمرصاحب سیکرٹری امورعامہ و خارجہ نے ’’تلاوت قرآن کریم کے آداب، قرآن کی زبان سے‘‘ کے عنوان پر اور مکرم چودھری مشتاق احمد صاحب نے ’’ذکر حبیبؑ‘‘ کے عنوان پر تقاریر کیں۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا اور کچھ دیر کے لیے وقفہ ہوا۔
ساڑھے چار بجے اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم عطاءالنصیر صاحب مربی سلسلہ و نیشنل صدر جماعت احمدیہ یونان کی زیرصدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد کے بعد صدر مجلس انصار اللہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور اجتماع کو کامیاب بنانے کے ليے کسی بھی حوالے سے خدمت کرنے والوں اور شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ نیشنل صدر صاحب نے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے جس کےبعد ’’تقویٰ‘‘ کے عنوان پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ایک خطبہ جمعہ سے بعض اقتباسات پیش کیے اور سامعین کو چند نصائح کیں۔ اختتامی دعا کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ اس طرح یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔
اجتماع میں ۲۰؍افراد شامل ہوئے جن میں ۷ خدام تھے جبکہ آن لائن ۸ احباب شامل ہوئے۔ اس طرح اجتماع کی کُل حاضری ۲۸؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)