ہر احمدی کافرض ہے کہ بہت دعائیں کرے (حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ)
حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۰۲۵ء کے پہلے خطبہ جمعہ فرمودہ ۳؍جنوری میں سالِ نَو کے حوالے سے دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:
یہ بھی دعا کریں کہ یہ ۲۰۲۵ء کا سال جماعت کے لیے برکتوں والا سال ہو۔
اللہ تعالیٰ جماعت کو ہر شر سے محفوظ رکھے۔
پاکستان میں شدت پسند گروہ اور ان کے ٹولے کو وقتاً فوقتاً وبال آتا رہتا ہے اور جماعت کی مخالفت میں قانون کی آڑ میں یہ ہر قسم کا ظلم کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ نہ قبرستان محفوظ ہیں، نہ گھر محفوظ ہیں۔
اللہ تعالیٰ ا ن ظالموں کی پکڑ کے سامان جلد فر مائے۔ احمدیوں کو اپنی حفاظت میں رکھے۔
ربوہ میں بھی ان لوگوں کی بڑی نظر رہتی ہے۔ اس کی حفاظت بھی اللہ تعالیٰ فرماتا رہے۔
درود شریف اور بعض دعاؤں کی طرف مَیں نے توجہ دلائی تھی کچھ عرصہ پہلے۔ اس کی طرف پاکستان اور دنیا کے سب احمدی بھی خاص توجہ رکھیں۔
بنگلہ دیش کے احمدیوں کےلیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ انہیں بھی شدت پسندوں کے شر سے محفوظ رکھے۔
شام میں بھی اب نئی حکومت آئی ہے۔ اللہ تعالیٰ وہاں بھی احمدیوں کو ہر قسم کے شر سے بچائے ۔اپنی حفاظت میں رکھے۔
اسی طرح دوسرے ممالک ہیں۔ افریقہ کے ممالک ہیں۔ ہر جگہ اللہ تعالیٰ احمدیوں کو اپنی حفاظت میں رکھے۔
ہر احمدی کافرض ہے کہ اس کے لیے خاص طور پر خود بھی بہت دعائیں کرے۔
اپنے ملکوں کےلیے بھی اورجو باہر بسنے والے ہیں، پاکستان کے لیے بھی۔
دنیا کے عمومی حالات اور جنگوں کی صورتِ حال کے لیے بھی دعا کریں۔
اللہ تعالیٰ اس کے بد اثرات سے ہر معصوم اور مظلوم کو بچائے۔
یہ لوگ نئے سال پر بڑے جشن مناتے ہیں ۔ بڑے fireworks ہوتے ہیں۔ پھلجھڑیاں اڑائی جاتی ہیں۔ لیکن ہر ایک صرف اپنی خوشیاں دیکھتا ہے۔ دوسروں کے درد کا انہیں احساس نہیں ہے۔ غریب لوگ جو ہیں، غریب قومیں جو ہیں، مظلوم لوگ جو ہیں طاقتور قومیں ان پرظلم کرتی چلی جا رہی ہیں۔
اللہ تعالیٰ اس سال میں ان سب طاقتور قوموں کے منصوبے خاک میں ملا دے اور اللہ تعالیٰ کی واحدانیت کو ہم دنیا میں قائم ہوتا دیکھیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اس کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)