ربوہ کا موسم(۲۷؍دسمبر٫۲۰۲۴تا۲؍جنوری٫۲۰۲۵)
مورخہ ۲۷؍دسمبر جمعۃ المبارک کے دن صبح سے بادلوں کی ہلکی تہ آسمان پر موجود تھی۔عصر کے وقت تیز اور یخ ٹھنڈی ہوا چلنا شروع ہوگئی جو عشا٫تک جاری رہی۔رات گیارہ بجے سے شدید دھند شروع ہوگئی اور ساری رات موجود رہی۔ موسم سرما کی یہ پہلی باقاعدہ شدیددھند تھی، اس کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چند فٹ دُور تک بھی نظر آنا مشکل تھا۔ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۹؍ اور کم سے کم ۷؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ہفتہ کو دن بھر دھوپ نکلی رہی، ساتھ ہلکی ٹھنڈی ہوا بھی رواں دواں تھی۔ شام کے وقت ہوا میں تیزی آگئی اور رات نو بجے تک اسی رفتار سے چلتی رہی، ہوا تو ہلکی ہوگئی لیکن دھند نے اپنے پر پھیلا کر اس موسم میں اپنی آمد کا اعلان کیے رکھااور ساری رات اسی شدت سے چھائی رہی ، جس کی وجہ سے ٹریفک میں تعطل آگیااور موٹر وے رات بھر کے لیے بند کردی گئی۔
اتوار کی صبح کو رات کی شدید دھند کا اثر باقی تھا۔ سورج کسی حد تک چمک رہا تھا، دھوپ پوری طرح زمین پر نہیں پہنچ رہی تھی۔ رات کے وقت دھند نے پھر ڈیرے ڈال لیے۔ سوموار کو سارا دن دھند آسمان پر موجود تھی، بادلوں اور دھند کی اوٹ میں سورج چھپا رہا۔ رات کو دھند پھر آموجود ہوئی،اور ساری رات چھائی رہی۔ اس کیفیت میں موٹروے رات دس بجے سے صبح دس بجے تک بند کردی جاتی ہے۔ منگل کو فجر کے وقت ہلکی دھندتھی اور ہوا چل رہی تھی۔ گذشتہ دن کی طرح سورج نے آج بھی اپنی شکل نہیں دکھائی، عشا٫ کے بعد تیز اور یخ بستہ ہوا چلنا شروع ہوگئی اور تمام رات جاری رہی ۔ ربوہ میں آج کی سخت سرد رات ٫۲۰۲۴کی آخری رات تھی۔ ربوہ کے لوگوں نے رات بارہ بجے کے وقت دعا کے ذریعے نئے سال کا استقبال کیااور دو نفل ادا کیے تاکہ نئے سال میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے برکتیں اور خوشیاں عطا ہوں۔
بدھ کا دن نئے سال یعنی ٫۲۰۲۵کا پہلا دن تھا۔ربوہ میں سارا دن درمیانی دھند چھائی رہی، دوپہر کے وقت دھند میں کچھ کمی آگئی اور سورج کو اپنی کرنیں زمین پر بکھیرنے کا موقع مل گیا۔ یخ بستہ تیز ہوا چلنے کی وجہ سے دھوپ میں بیٹھنے پر سردی محسوس ہوتی تھی۔ جمعرات کو ہلکے بادلوں کی وجہ سے دھوپ پور ی طرح نہیں نکلی۔ہلکی ٹھنڈی ہوا سارا دن چلتی رہی، ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۸؍ اور کم سے کم ۷؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔(ابو سدید)
مزید پڑھیں: ربوہ کا موسم(۲۰تا۲۶؍دسمبر۲۰۲۴ء)