افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالی کے بعض پروگرامز

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالی کو دیگر ممالک کی جماعتوں کی طرح مختلف پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ ان میں سے بعض کی رپورٹس ہدیۂ قارئین ہیں۔

ریجن جیجنی، فاراکو میں جلسہ سیرت النبیﷺ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جیجنی ریجن کے گاؤں فاراکو میں مورخہ ۲۵؍اکتوبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد ہوا۔ اس بابرکت جلسے میں سات جماعتوں کے ۴۱۶؍افراد نے شرکت کی۔

جلسہ سیرۃ النبیﷺ فاراکو

جلسہ میں گاؤں کے اطفال، خدام، انصار، ممبرات لجنہ اماءاللہ، ناصرات اور بچوں سمیت ہر عمر کے افراد نے بڑی محبت اور شوق کے ساتھ حصہ لیا۔ سب سے دُور دراز کی جماعت ’سورنتیکلا‘ تھی جس کے احباب نے ۳۵؍کلومیٹر کا سفر طے کیا۔ ان میں سے کئی افراد سائیکل پر اور کچھ موٹر سائیکل پر جلسہ میں شرکت کے لیے تشریف لائے جو ان کے اخلاص اور محبت کا خوبصورت اظہار اور نمونہ تھا۔

جلسےکا آغاز نماز جمعہ سے ہوا جس میں مکرم عطاء الحنان صاحب مربی سلسلہ نے ’’آنحضرتﷺ کے اخلاق حسنہ‘‘ کے موضوع پر نہایت مؤثر خطبہ دیا۔ جلسہ کی باقاعدہ کارروائی تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ مکرم سیکو تراؤرے صاحب معلم سلسلہ نے اپنی تقریر میں ’’آنحضرتﷺ کے انفاق فی سبیل اللہ‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے کی اہمیت کو واضح کیا۔ اس کے بعد مکرم عطاء الحنان صاحب نے ’’درود شریف کی اہمیت اور برکات‘‘ کے موضوع پر تفصیل سے بات کی۔

جلسہ تربیت سکاسو ریجن

جلسے کے اختتامی حصے میں مقامی افراد کو اظہار خیال کا موقع دیا گیا۔ امام مسجد اور صدر صاحب جماعت احمدیہ فاراکو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ نہایت عمدگی کے ساتھ آنحضرتﷺ کی سیرت کو اجاگر کرتی ہے اور اس طرح کے پروگرام علاقے میں امن اور اتحاد کو فروغ دیتے ہیں۔ کچھ افراد نے اس بات کا اعتراف کیا کہ درود شریف کے بارے میں ایسی تفصیل اور اہمیت کو وہ پہلے نہیں جانتے تھے اور آج اس کے بارے میں گہرائی سے جان کر ان کے دلوں میں اس کی محبت اور عقیدت بڑھ گئی ہے۔

جلسے کے اختتام پر شاملین نے اخلاص اور محبت کے ساتھ اپنی مالی قربانیاں پیش کیں جن کی مجموعی رقم ۴۳؍ہزار سیفا تھی۔ یہ جذبہ اس بات کا عکاس تھا کہ شاملین نے سابقین اور اولین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جماعت کے لیے اپنی قربانی پیش کی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء

ریجن دیما (Diéma) میں ایک تربیتی اجلاس

دیما، مالی کے ان دُور افتادہ علاقوں میں سے ایک ہے جو صحرائے صحارا کے قریب واقع ہے۔ یہ خطہ نہ صرف اپنی سخت موسمی حالات بلکہ شدت پسند گروہوں کی موجودگی، سیاسی عدم استحکام اور باغیانہ سرگرمیوں کی وجہ سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان حالات میں یہاں جماعتی سرگرمیاں جاری رکھنا نہایت حوصلہ اور عزم کا متقاضی ہے۔ ان چیلنجز کے باوجود جماعت احمدیہ نے اس علاقے میں دعا اور محنت کے ذریعے ایک مضبوط بنیاد قائم کی ہے۔

مورخہ ۱۰؍نومبر۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ دیما کا ریجنل اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مکرم داؤدا کولی بالی صاحب مبلغ سلسلہ نے کی جس میں ۱۶؍مختلف جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ان میں ۴۰؍کلومیٹر تک کا سفر کرکے اجلاس میں شرکت کرنے والے احباب بھی شامل تھے۔

اجلاس کا مقصد جلسہ سالانہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا، جماعت کی تجنید کے ليے مؤثر حکمت عملی تیار کرنا اور مالی قربانیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالنا تھا۔ اجلاس میں شاملین نے آئندہ جلسہ سالانہ میں کامیاب شرکت کے لیے اپنی تجاویز اور وعدے پیش کیے۔ مزید برآں جماعت احمدیہ میں نئے افراد کو شامل کرنے اور دعوت الیٰ اللہ کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے دوران چندے کی اہمیت اور اس کے ذریعہ جماعتی سرگرمیوں کو کامیابی سے جاری رکھنے کے فوائد کو بھی اجاگر کیا گیا۔ کُل ۳۵؍افراد نے اس اجلاس میں شرکت کی۔

سکاسو ریجن میں جلسہ تربیت کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریجن سکاسو کو مورخہ یکم دسمبر ۲۰۲۴ء کو سکاسو شہر میں جماعت احمدیہ کی نئی تعمیر شدہ مسجد میں ایک بابرکت تربیتی جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسےکی صدارت مکرم ادریس سی صاحب صدر جماعت احمدیہ سکاسو ریجن نے کی۔ جلسےکا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات‘‘ از مکرم محمد کونے صاحب لوکل مشنری، ’’آنحضرتﷺ کاتعلق باللہ‘‘ از مکرم اسماعیل زورومے صاحب، ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ از مکرم محمد لامین کوناتے صاحب معلم سلسلہ اور ’’عبادات اور ایک احمدی کی ذمہ داریاں‘‘ از مکرم احمد بلال صاحب ریجنل مشنری ریجن سکاسو۔

دعا کے ساتھ اس تربیتی جلسہ کا اختتام ہوا جس کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ نماز کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس کے بعد ایک مجلس سوال و جواب میں حاضرین کے سوالات کے جواب دیے گئے۔

یہ جلسہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بے حد کامیاب رہا۔ سکاسو ریجن کی ۳۳؍جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ۲۸۷؍احباب جماعت نے اس جلسے میں شرکت کی۔ اس جلسہ کی خاص برکت یہ رہی کہ پانچ خاندانوں کے ۴۱؍افراد نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت کی سعادت حاصل کی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سیرالیون کے ویسٹرن ایریا کے ٹرائبل سربراہان کی جماعتی وفد کے ساتھ ایک ملاقات

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button