قرارداد تعزیت بروفات مکرم ومحترم مرزا محمدالدین ناز صاحب صدر صدر انجمن احمدیہ ربوہ
از طرف صدر لجنہ اما ء اللہ پاکستا ن و ممبرات مجلس عاملہ لجنہ اما ء اللہ پاکستان
مرزا محمدالدین ناز صاحب صدر صدر انجمن احمدیہ ربوہ پاکستان جماعت احمدیہ کے ایک بزرگ عالم جن کی طویل عرصہ پر محیط جماعتی خدمات ہیں مورخہ ۲۴؍ دسمبر۲۰۲۴ء کو اس جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
آپ کو اللہ تعالیٰ نے نہایت اخلاص و کامل وفا کے ساتھ خدمت کی توفیق عطا فرمائی اور اپنے عہدِ بیعت او ر وقف کے عہد کو کمال خوبی سے نبھانے کی توفیق پائی۔
احمدیت کی نعمت آپ کے خاندان میں آپ کے والد محترم مکرم مرزا احمد دین صاحب کے ذریعہ آئی۔
۱۹۶۵ء میں جامعہ احمدیہ میں بی اے کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد داخل ہوئے اور ۱۹۷۱ء میں فارغ التحصیل ہونے کے بعد جامعہ میں ہی بطور استاد مقرر ہوئے۔ عربی زبان پر خوب دسترس حاصل تھی۔ صرف و نحو، ادب، فقہ اورتاریخ پڑھانے کی توفیق پائی۔ آپ کی تدریس سے ۳۷؍ سال تک سینکڑوں طلبہ نے فیض اٹھایا اور میدان عمل میں خدمت کی توفیق پائی جس کا فیض بھی آپ کو پہنچتا رہے گا۔ انشاء اللہ۔
دیگر جماعتی خدمات میں بطور ایڈیشنل ناظراصلاح و ارشاد تعلیم القرآن و وقف عارضی فرائض ادا کرتے رہے۔ ۲۰۱۸ء سے بطور صدر صدر انجمن احمدیہ تقرر ہو ااور تا وفات اسی حیثیت سے خدمت بجا لارہے تھے۔ مجلس خدام الا حمدیہ اور مجلس انصار اللہ کے صف دوم کے صدر کے طور پر بھی کام کرنے کی سعادت ملی۔
آپ کی خدمات کا دائرہ وسیع ہے۔ ایڈیٹر ماہنامہ خالد و انصار اللہ بھی رہے دونوں ماہنامے حسن و خوبی سے شائع ہوتے رہے۔
جیسا کہ حضور اقدس ایدہ اللہ نے خطبہ جمعہ ۲۷؍ دسمبر ۲۰۲۴ء میں آپ کے ذکر خیر میں بیان فرمایا کہ آپ کو ۱۹۹۴ء میں اسیر راہ مولیٰ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا اور ایک ماہ سے زائد عرصہ اسیر رہے۔ نیز ممبر قضا بورڈ، مجلس افتاء کے ممبر، تدوین فقہ کمیٹی کے ممبر، بیوت الحمد کمیٹی کے سیکرٹری تھے۔ عربی زبان پر عبور حاصل تھا اور عربی بورڈ کے صدر بھی تھے۔
آپ کی ساری زندگی عاجزی، انکساری، محبت سب کے ليے نفرت کسی سے نہیں کی عملی تصویر رہی۔ اللہ تعالیٰ سے پختہ تعلق رکھنے والے اور عبادات سے اس تعلق کو ساری زندگی مزین رکھا۔
خلافت احمدیہ سے نہایت اخلاص و وفا کا تعلق تھا اور حضور اقدس کے ہر ارشاد پر من وعن عمل کرنے والے مثالی وجود تھے۔ یقیناً آپ ایک عالم با عمل، دین کودنیا پر مقدم کرنے والے وجود تھے۔ آخر وقت تک اپنے وقف کو نبھانے کی توفیق پائی اور اپنے رب کے حضورحاضر ہوگئے۔
ہم سب ممبرات مجلس عاملہ لجنہ اماء اللہ پاکستان آپ کی وفات پر اپنے محبوب اما م ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اظہار تعزیت کرتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ایسے بے لوث خدمت کرنے والے وجود جماعت کو عطا فرماتا جائے اور ایک وجود کے چلے جانے سے جو خلا واقعہ ہو جائے اسے محض اپنے فضل سے پورا فرمائے۔
ہم ممبرات آپ کی اہلیہ محترمہ سیدہ نصرت جہاں صاحبہ و دیگر لواحقین سے اظہار افسوس کرتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ خود آپ کا کفیل ہو اور صبر عطافرمائے۔ ہمیشہ حامی و ناصر رہے۔ آمین
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: قرار داد تعزیت بروفات محترمہ امینہ چقماق ساہی صاحبہ