یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جارجیا کی دوسری تربیتی و تعلیمی کلاس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ جماعت احمدیہ جارجیا کو اپنی دوسری نیشنل تربیتی و تعلیمی کلاس مورخہ ۳۰؍دسمبر۲۰۲۴ء تا یکم جنوری ۲۰۲۵ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام میں مرد حضرات مشن ہاوٴس میں اکٹھے ہوئے تھے جبکہ مستورات کے ليے آن لائن سننے کا انتظام کیا گیا تھا۔ تربیتی کلاس کے ليے مکرم جواد احمد بٹ صاحب صدر جماعت احمدیہ و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ جارجیا کی زیر نگرانی ایک انتظامی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس کا ناظم اعلیٰ خاکسار تھا۔

۳۰؍دسمبر کو بارہ بجے اس کلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں صدر صاحب نے شاملین پروگرام سے مخاطب ہوکر تربیت اور تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ان موضوعات پر مختلف پریزنٹیشنز پیش کی گئیں: نشہ کے بارے میں اسلامی تعلیمات، قرآن کریم پڑھنے کے فوائد اور اس کی برکات، اسلامی جہاد، دس شرائط بیعت اور احمدی اور غیر احمدی میں فرق۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔ اس کے بعد مرد شاملین کے لیے چند ورزشی مقابلہ جات منعقد کیے گئے جن میں ٹیبل ٹینس، فٹ بال اور کلائی پکڑنے کے مقابلہ جات شامل تھے۔

بعدہٗ ان موضوعات پر لیکچرز ہوئے: ’’پڑھائی سے لے کر میدان عمل تک‘‘ از مکرم ڈاکٹر اطہر رانا صاحب اور ’’وقت کا بہترین استعمال:جماعتی اور دنیوی کاموں میں کس طرح توازن قائم کیا جائے؟‘‘ از مکرم محسن طاہر صاحب۔

علاوہ ازیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے شاملین پروگرام کی علمی اور روحانی معلومات کے اضافہ کے ليے چند علمائے سلسلہ کے ساتھ مختلف آن لائن نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں ان موضوعات پر آن لائن نشستوں کا اہتمام کیا گیا: ’’دہریت یورپ میں کس طرح پھیلی؟‘‘ از مکرم آصف محمود باسط صاحب ، ’’صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحب رحمہ اللہ کے حصول تعلیم کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی روانگی سے قبل حضرت خلیفة المسیح الثانؓی کی نصائح‘‘ از مکرم اظہر حنیف صاحب مبلغ انچارج امریکہ اور ’’حضرت خلیفۃالمسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کے قبولیت دعا کے ایمان افروز واقعات‘‘ از مکرم ڈاکٹر اطہر زبیر صاحب انچارج ہیومینٹی فرسٹ جرمنی۔

نیشنل تربیتی و تعلیمی کلاس کے آخری دن شاملین پروگرام کا کوئز کی صورت میں ایک جائزہ لیا گیا جس میں معلومات عامہ کے علاوہ جماعتی تعلیمات کے بارے بھی پوچھا گیا۔

مورخہ ۳۱؍دسمبر کی شام کو نماز مغرب و عشاء کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اس دوران نیشنل تربیتی و تعلیمی کلاس کے ایک فعال ممبر مکرم وسیم احمد صاحب کو بہترین کارکردگی پر انعام پیش دیا گیا۔ اسی طرح تمام شاملین کلاس کو بھی شرکت کی اسناد سے نوازا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جارجیا کی دوسری تربیتی و تعلیمی کلاس مورخہ یکم جنوری ۲۰۲۵ء نماز تہجد و نماز فجر کے بعد اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس کلاس میں کُل ۱۶؍احباب نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:ہارون احمد عطاء۔ مبلغ سلسلہ جارجیا)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لولیو، سویڈن میں شعبہ تربیت کے تحت ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button