یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لتھوانیا کے دوسرے جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام

٭…جلسہ سالانہ کے مرکزی موضوع ’’اسلام کا مطلب امن ہے‘‘ پر روحانی و علمی تقاریر کا اہتمام

٭… دس ممالک سے کُل ۱۰۷؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لتھوانیا کا دوسرا جلسہ سالانہ ’’اسلام کا مطلب امن ہے‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ۴ و ۵؍اکتوبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃالمبارک و ہفتہ منعقد ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مکرم رانا خالد احمد صاحب انچارج رشین ڈیسک مرکزیہ کی بطور مرکزی نمائندہ منظوری عنایت فرمائی تھی۔ اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مندرجہ ذیل افسران کی ازراہ شفقت منظوری عنایت فرمائی: خاکسار (صدر جماعت و مبلغ انچارج ) بطور افسر جلسہ سالانہ اور مکرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ بطور افسر جلسہ گاہ۔

جلسہ کے دوران شاملین کی سہولت کے لیے تمام کارروائی کا لتھوانین، انگریزی اور اردو زبانوں میں ترجمہ فراہم کیاگیا تھا۔

معائنہ جلسہ گاہ:نماز جمعہ سے قبل جلسہ گاہ کی تیاری مکمل کی گئی اور دوپہر دو بجے مرکزی نمائندہ نے جلسہ کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد سوا دو بجے آپ نے نماز جمعہ پڑھائی اور تین بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست جلسہ گاہ میں بڑی سکرین پر دیکھا اور سنا گیا۔ اسی طرح جلسہ سالانہ کے دونوں ایام میں باجماعت نماز تہجد کے ساتھ ساتھ پنجوقتہ نمازوں کی ادائیگی نیز نماز فجر کے بعد درس کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب پرچم کشائی:جمعہ کے بعد سوا تین بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مرکزی نمائندہ نے لوائے احمدیت جبکہ خاکسار (صدر جماعت) نے قومی پرچم لہرایا اور دعا ہوئی۔

پہلا اجلاس: جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس ساڑھے چار بجے مرکزی نمائندہ کے زیر صدارت شروع ہوا۔ مکرم حافظ مسرور احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم ، مکرم رانا نجید احمد صاحب نے اردو ترجمہ جبکہ مکرم باسل احمد صاحب نے لتھوانین ترجمہ پیش کیا۔ مکرم مزمل احمدصاحب نے منظوم کلام’’ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے‘‘ پیش کیا۔ جلسہ سالانہ کے موقع پر ارسال کردہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام خاکسار نے پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد ’’پہلا جلسہ سالانہ لتھوانیا‘‘ پر مبنی ویڈیو ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اور ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’اِنَّ الدِّیۡنَ عِنۡدَ اللّٰہِ الۡاِسۡلَامُ‘‘از مکرم بشارت احمد صاحب (صدر جماعت و مبلغ سلسلہ لٹویا)، ’’حضرت محمدﷺ کا بنی نو ع انسان سے حسن سلوک‘‘ از مکرم منیب احمد صاحب (صدر جماعت و مبلغ سلسلہ پولینڈ) اور ایک نظم کے بعد ’’صدق سے میری طرف آؤ اسی میں خیر ہے، ہیں درندے ہر طرف، میں عافیت کا ہوں حصار‘‘ از مکرم اظہر اقبال صاحب (مبلغ سلسلہ لتھوانیا)۔ اعلانات اور دعا کے ساتھ پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔ اجلاس کی تمام کارروائی جلسہ گاہ مستورات میں بھی براہ راست نشر کی گئی۔ اس بارجلسہ سالانہ لتھوانیا میں لجنہ اماءاللہ نے شام ساڑھے چھ بجے اپنا الگ اجلاس بھی منعقد کیا۔

دوسرا اجلاس: جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس ۵؍اکتوبر کو صبح گیارہ بجے مرکزی نمائندہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اس اجلاس میں ۵۶؍غیر از جماعت مہمانان نے شرکت کی۔ مکرم انس احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم، مکرم عبدالواسع باسط صاحب (صدر جماعت و مبلغ سلسلہ Estonia) نے انگریزی ترجمہ اور مکرم مرتاض احمد صاحب نے لتھوانین ترجمہ پیش کیا۔ غیر از جماعت مہمانان کو ہیومینٹی فرسٹ کے بارے میں ایک ویڈیو ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ بعدازاں خاکسار نے مہمانان کا تعارف پیش کیا۔ ان مہمانان نے جلسہ سالانہ کے انعقاد اور شمولیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا: جناب Jaronimas Laucius (مصنف اور جرنلسٹ)، محترمہ Gintarė Sereikaitė (پروفیسر ولنیس یونیورسٹی)، جناب Raimondas Leugaudas اور جناب Catharino James Elijio ( ممبرز بہائی کمیونٹی)۔تمام مقررین مہمانان کو گفٹ بیگز بطور تحفہ پیش کیے گئے۔

دوسرے اجلاس میں مرکزی نمائندہ کی تقریر بعنوان ’’دَور حاضر میں امن کی اہمیت‘‘ کے بعدخاکسار نے تقریر کا لتھوانین زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ دعا کے ساتھ دوسرا اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ اجلاس کے بعد مہمانان کی دوپہر کے کھانے سے تواضع کی گئی۔

تیسرا اجلاس: شام سوا چار بجے مرکزی نمائندہ کی زیرصدارت جلسہ سالانہ لتھوانیا کے تیسرے اور آخری اجلاس کا آغاز ہوا۔ مکرم عطاءالکریم صاحب مبلغ سلسلہ Belarusنے تلاوت قرآن کریم، مکرم عمیر احمد صاحب نے اس کا اُردو ترجمہ اور مکرم حافظ مسرور احمد صاحب نے لتھوانین ترجمہ پیش کیا۔ مکرم صومان احمد صاحب نے منظوم کلام ’’اسلام سے نہ بھاگو راہ ہدیٰ یہی ہے‘‘پیش کیا۔ بعدازاں ان موضوعات پر دو تقاریر ہوئیں: ’’اسلام، سائنس اور ٹیکنالوجی‘‘ از مکرم باسل احمد سید صاحب اور ایک نظم کے بعد ’’آگ ہماری غلام، بلکہ غلاموں کی غلام ہے‘‘ از خاکسار۔ ایک نظم کے بعد مرکزی نمائندہ نے ’’تعلق باللہ‘‘ کے موضوع پر اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔ دعا کے بعد خدام اور اطفال نے ترانے پڑھے اور مختلف ممالک کے وفود کے ساتھ گروپ فوٹوز لی گئیں اور وائنڈ اَپ ہوا۔

نمائشیں: جماعت احمدیہ لتھوانیا کی تاریخ پر مبنی جلسہ گاہ میں ایک تصویری نمائش بھی آویزاں کی گئی تھی جس میں ۱۹۹۰ء- ۱۹۹۱ء میں لتھوانیا میں جماعت احمدیہ کے قیام سے اکتوبر ۲۰۲۴ء کے پروگرامز کو تصویری شکل میں پیش کیا گیا۔ پہلے جلسہ سالانہ لتھوانیا ۲۰۲۳ء کی بھی نمائش تیار کی گئی۔ نیز متعین مبلغین اور مرکزی دورہ جات کرنے والے عہدیداران کی تصاویر بھی نمائش کا حصہ تھیں۔ لتھوانیا میں تعلیم حاصل کرنے اور کاروبار کرنے کے مواقع کی آگاہی کے ليے بھی ایک معلوماتی نمائش لگائی گئی۔

تبلیغی سٹال: جلسہ سالانہ لتھوانیا کے موقع پر تبلیغی سٹال بھی لگایا گیا تھا جس میں گذشتہ سالوں میں شائع کردہ مقامی زبان میں مختلف جماعتی لٹریچر غیر ازجماعت مہمانان کے ليے رکھا گیا تھا۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب برموقع سالانہ نیشنل پیس سمپوزیم ۲۰۲۴ء بھی تیار کر کے سب تبلیغی مہمانوں کو دیا گیا تھا۔

مہمانان کے تاثرات کے ليے ایک نوٹ بک مہیا کی گئی تھی جس میں مہمانان نے اپنے تاثرات نوٹ کیے۔ نیز بعض مہمانان نے اپنے تاثرات کا زبانی اظہار بھی کیا۔

میڈیا کوریج:لتھوانیا کے نیشنل ریڈیو چینل LRT کےدو نمائندے جلسہ سالانہ کے دوسرے دن، جلسہ کے دوسرے اجلاس میں شامل ہوئے اور جماعت اور جلسہ سالانہ کے بارے میں انٹرویوز ليے۔

حاضری:جلسہ سالانہ لتھوانیا ۲۰۲۴ء میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے۱۰؍ممالک (لتھوانیا، لٹویا، اسٹونیا، ناروے، فن لینڈ، جرمنی، پولینڈ، بیلاروس، یوکے اور فرانس) سے کُل ۵۱؍احمدی احباب شامل ہوئے جبکہ ۵۶؍غیر از جماعت مہمانان شامل ہوئے۔ اس طرح جلسہ سالانہ لتھوانیا ۲۰۲۴ء کی کُل حاضری ۱۰۷؍رہی۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو اس بابرکت موقع سے بھرپور روحانی فیض حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے دلوں کو ایمان و اخلاص سے منور کرے۔ آمین

(رپورٹ:احمد فراز۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بیلجیم کی ماہ دسمبر۲۰۲۴ءکی مساعی

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button