آئیوری کوسٹ میں معلمین ٹریننگ سینٹر، لائبریری و معلم ہاؤس کا افتتاح
مکرم لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۴؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز منگل جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو جماعت ناندی بو(Nandibou) ریجن گراں لاؤو (Grand-Lahou) میں قائم کردہ نیشنل معلمین ٹریننگ سینٹر کے افتتاح کی توفیق ملی۔

۲۴؍ دسمبر کو آبی جان سے ۱۵؍افراد پر مشتمل ایک وفد جس میں مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیرومبلغ انچارج آئیوری کوسٹ، مکرم حافظ احسان سکندر صاحب انچارج جماعت احمدیہ Rodrigues Island، مکرم آصف عارف صاحب نیشنل نائب سیکرٹری امور خارجہ جماعت احمدیہ امریکہ اور مکرم Elkamssi Issamصاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ مراکش شامل تھے صبح دس بجے ناندی بو پہنچا۔ احباب جماعت سمیت گاؤں کے چیف، اس کے سیکرٹری اور گاؤں کی زمین کے نگران نے اس وفد کا استقبال کیا۔ اس کے بعد مکرم حافظ احسان سکندر صاحب اور مکرم امیر صاحب نے ناندی بو میں نئے تعمیر ہونے والے معلم ہاؤس کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا، نیز معلم ہاؤس کے اندر ہی ممبران جماعت سے کچھ دیر ملاقات بھی کی گئی۔ معلم ہاؤس کے افتتاح سے قبل وفد کے ممبران نے ناندی بو جماعت میں موجود احمدیہ مسجد کا دورہ بھی کیا۔ یہاں دو ہزار ۴۰۰؍مربع میٹر جماعتی جگہ پر مسجد اور معلم ہاؤس کی تعمیر کی گئی ہے۔
معلم ہاؤس کے افتتاح کے معاً بعد معلمین ٹریننگ سینٹر کے افتتاح کے ليے وفد کے ممبران ٹریننگ سینٹر تشریف لائے۔ اس بابرکت اورمختصر تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم عبد الرحمٰن وترا صاحب معلم سلسلہ نے معلمین ٹریننگ سینٹر، طلبہ اور اساتذہ کا تعارف کرایا۔ بعدازاں مکرم حافظ احسان سکندر صاحب نے اپنی تقریر میں اس نئے تعمیر کردہ معلمین ٹریننگ سینٹر سے بھرپور رنگ میں استفادہ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے علاوہ گاؤں کے چیف نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس ٹریننگ سینٹر کو گاؤں کی ترقی کا ذریعہ بھی قرار دیا۔ اس بابرکت تقریب کے اختتام پر مکرم انچارج صاحب Rodrigues Island اور مکرم امیر صاحب نے اس سینٹر میں تعمیر کردہ لائبریری نیز کلاس روم کےافتتاحی فیتے کاٹے۔ بعدازاں طلبہ کو چند نصائح کیں اور دعا کے ساتھ اس معلمین ٹریننگ سینٹر کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آیا۔دعاکے بعد مہمانان کرام نے سینٹر کی لائبریری، کلاس روم، رہائشی کمرہ نیز کچن کا دورہ بھی کیا۔
معلمین ٹریننگ سینٹر کو تین ہزار ۶۰۰؍مربع میٹر احاطہ زمین پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں کلاس روم، لائبریری، رہائشی کمرہ، کچن اور چار واش رومز شامل ہیں۔ اس وقت اس سینٹر میں چھ طلبہ زیر تعلیم ہیں اور چار اساتذہ کو پڑھانے کی توفیق مل رہی ہے۔ اس معلم ٹریننگ سینٹر میں آنے والے طلبہ کو ایک سال کا کورس کروایا جاتا ہے جس کے بعد کچھ طلبہ کو فیلڈ یا پھر مزید دینی تعلیم کے ليے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا یا جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں بھجوایا جاتا ہے۔
اس بابرکت تقریب افتتاح میں کُل ۵۵؍افراد نے شرکت کی۔ اس پروگرام کےبعدجماعتی وفد نے گراں لاؤو شہر میں واقع مشن ہاؤس، مسجد، لائبریری اور معلم ہاؤس کا دورہ بھی کیا اور نماز ظہر اور عصر ادا کی۔ اس کے بعد حاضرین کی تواضع کھانے سے کی گئی۔ اختتام پر مکرم حافظ محمد احسان سکندر صاحب نے دعا کرائی۔
اللہ تعالیٰ اس معلم ٹریننگ سینٹر کو حقیقی رنگ میں علمی و روحانی تربیت کا ذریعہ بنائے، نیز یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے افراد میدان عمل میں بھی اسلام احمدیت کا پیغام بخوبی پہنچانے والے ہوں۔ آمین
(مرسلہ:عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ اوگو فارم، سیرالیون میں ایک تقریب آمین کا انعقاد