ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ نکھال پاڑہ، بنگلہ دیش میں ایک تبلیغ سیمینار کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۶؍جنوری ۲۰۲۵ء کو بنگلہ دیش کی جماعت نکھال پاڑہ کی مسجد بیت الہدیٰ میں ایک تبلیغ سیمینار منعقد کیا گیا۔ یہ جماعت بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ شہر کی ایک جماعت ہے۔

نماز مغرب و عشاء کے بعد مکرم عبد الاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج بنگلہ دیش کی زیر صدارت شام ساڑھے چھ بجے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم، قصیدہ اور نظم سے ہوا۔ اس سیمینار میں مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) نے بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے اس سیمینار میں مکرم فضل الٰہی صاحب صدر مجلس انصار اللہ، مکرم امتیاز احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ، مکرم فضل الرحمان جہانگیر صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت اور مکرم فیروز احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے بھی شرکت کی۔

غیر از جماعت مہمانوں کے تعارف کے بعد مولانا ابوصالح احمد منڈل صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کے عقائد اور دوسرے مسلمان فرقوں سے فرق کے بارے میں مہمانوں کو آگاہ کیا۔ اس کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا جس دوران مکرم امیر صاحب نے شاملین کے سوالات کے جواب دیے۔

آخر میں مہمانان کرام نے اسلامی تعلیمات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے اختتام پر مکرم ڈاکٹر اطہر احمد صاحب نے ایک بنگلہ نظم پیش کی اور مہمان خصوصی نے دعا کرائی۔

اس اجلاس میں کُل حاضری ۱۹۰؍رہی جن میں احمدی مرد ۵۱، احمدی خواتین ۲۱، غیر احمدی مرد ۷۳؍اور غیر احمدی خواتین ۴۵؍شامل تھیں۔ اس طرح مجموعی طور پر ۱۱۸؍غیر از جماعت مہمانان نے اس سیمینار میں شرکت کی۔ اکثریت مقامی پڑوسیوں کی تھی جو مختلف طبقوں اور پیشوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں مزید اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق بخشے۔ آمین

(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کی بارھویں نیشنل تعلیمی و تربیتی کلاس کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button