جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش کی سالانہ کھیلیں ۲۰۲۵ء
مکرم محمد تعریف حسین صاحب ناظم فوٹوگرافی اور رپورٹنگ جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش کو ۱۴تا۱۶؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو تین روزہ سالانہ کھیلوں کے انعقاد کی توفیق ملی۔ طلبہ کو تین گروپس(امانت، رفاقت اور صداقت) میں تقسیم کیا گیا تھا۔ انفرادی کھیلوں میں نیزہ پھینکنا، ۱۰۰؍میٹر اور ۲۰۰؍میٹر دوڑ، ٹیبل ٹینس سنگلز و ڈبلز، بیڈمنٹن سنگلز و ڈبلز، ہائی جمپ، لانگ جمپ، تیراکی اور تین ٹانگ کی دوڑ شامل تھی۔ اجتماعی کھیلوں میں فٹ بال، کرکٹ، والی بال، رسہ کشی اور ۴۰۰؍میٹر ریلے ریس منعقد ہوئیں۔ طلبہ کے علاوہ اساتذہ کے لیے سلو سائیکل ریس اور عملے کے لیے گولڈن بال کھیل کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

اختتامی اجلاس: ۱۶؍دسمبر کو نماز ظہر کے بعد مکرم مبشر الرحمٰن صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش کی صدارت میں اختتامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بطور مہمان مکرم فضل الٰہی صاحب صدر مجلس انصاراللہ بنگلہ دیش اور صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے نمائندہ مکرم عمیر احمد صاحب مہتمم صحت جسمانی شامل ہوئے۔ مزید برآں احمدنگر، شالشیڑی اور کملا پوکوری جماعتوں کے مربیان و معلمین، بزرگان، عاملہ کے ممبران، خدام، اطفال، انصار، ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا۔ اس موقع پر مہمانوں کے سامنے ۱۰۰؍میٹر دوڑ کے فائنل، ۴۰۰؍میٹر ریلے دوڑ اور رسہ کشی کے فائنل مقابلہ جات کروائے گئے۔ کھیلوں کی نمایاں سرگرمی ’آبسٹیکل ریس‘(رکاوٹ دوڑ) بھی منعقد ہوئی جس میں اس سال ۱۲؍رکاوٹیں شامل تھیں۔ مدعو کیے گئے مہمانوں اور جامعہ کے اساتذہ کے مابین رسہ کشی کا ایک دوستانہ مقابلہ بھی ہوا جس میں جامعہ کے اساتذہ فاتح قرار پائے۔

اختتام پر مکرم سلطان محمود انور صاحب ناظم شعبہ کھیل نے اظہار تشکر کیا۔ اسی طرح مہمانان خصوصی نے بھی اظہار خیال کیا۔ بعد ازاں انعامات تقسیم کیے گئے۔ نیز صدر اجلاس نے اختتامی تقریر کی۔ دعا کے ساتھ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس سال بہترین کھلاڑی کا اعزاز درجہ خامسہ کے طالب علم عزیزم عبدالرافع راتول کو ملا جبکہ چیمپیئنگروپ کے طور پر ’’رفاقت‘‘ منتخب ہوا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: برازیل کے دارالحکومت برازیلیا میں کامیاب تبلیغی دورہ




