۷۱ جنوبی سرگودھا میں شرپسند عناصر نے احمدیہ عبادتگاہ کو سیل کرانے اور جمعہ کی عبادت کرنے پراحمدیوں کے خلاف نیا مقدمہ درج کرانے کے لیے ہجوم اکٹھا کر کے دھرنا دے دیا۔پولیس بھی موجود
پاکستان خصوصاًپنجاب میں احمدیوں کو جمعہ کی عباد ت سے روکنے کے لئے انتہا پسندوں کی پرتشدد کارروائیاں جاری
احمدیوں کو ان کے عقیدے کے مطابق مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکناانسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے
سرکاری انتظامیہ اشتعا ل انگیزی کرنے والے مٹھی بھر انتہا پسندوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدام کرے:ترجمان جماعت احمدیہ
چناب نگر :( پ ر، ۱۵/ مارچ ۲۰۲۵ ) ۷۱ جنوبی بھاگٹانوالہ ضلع سرگودھا میں احمدی عبادت گاہ کو سیل کرانے اور جمعہ کی عبادت کرنے پر احمدیوں کے خلاف نیا مقدمہ قائم کرنے کے لیے شرپسند عناصر نے ہجوم اکٹھا کر کے دھرنا دے دیا۔جبکہ پولیس بھی موقع پر موجود ہے۔ وطن عزیز پاکستان خصوصاً پنجاب میں چند ہفتوں سے انتہا پسند عناصر احمدیوں کی عبادت گاہوں کا گھیراؤ کر کے اشتعال انگیزی کر رہے ہیں اور اس کوشش میں ہیں کہ احمدی جمعہ کی عبادت نہ کرسکیں اور عبادت گاہوں کو سیل کر دیا جائے۔

ہجوم احمدی عبادتگاہ میں زبردستی داخل ہوتے ہوئے
۲۸/ فروری کو ڈسکہ اور بھاگٹانوالہ ضلع سرگودھااور ۷/ مارچ کو سرجانی ٹاون کراچی میں درجنوں احمدیوں کے خلاف جمعے کو عبادت کرنے پر مقدمات درج کرائےگئے جن میں ۲۸ احمدیوں کو گرفتار کیا گیا۔ ۱۳/ مارچ کو ۲۰۹ گ ب ضلع فیصل آباد میں صبح کے وقت احمدی عبادت گاہ پر انتہاپسندوں نے حملہ کر دیا، فائرنگ کی اور وہاں موجود احمدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔۱۴/ مارچ کو فیصل آباد، لیہ، سرگودھا، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر مقامات پر انتہا پسندوں نے احمدی عبادت گاہوں کے باہر اشتعال انگیز نعرے بازی کی۔

ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان عامر محمود نے احمدی عبادتگاہوں کو ماورائے قانون سیل کرانے اور احمدیوں کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کرنے سے روکنے کے لیے انتہا پسندوں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل ۲۰ کے مطابق ہر پاکستانی شہری کو اپنے عقیدے کے مطابق اس پر عمل کرنے کا حق ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پُرامن اور محب وطن پاکستانیوں کو عبادت کرنے سے روکنے کے لیے شر پسند عناصر کی کارروائیوں سے وطن عزیز کے مثبت تاثر کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک انتہا پسند گروہ کے اس طرح کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اقدامات اور بے بنیاد مقدمات کے اندراج کے مطالبات پر محب وطن احمدیوں کے خلاف ماورائے قانون کارروائیاں جگ ہنسائی کا سبب بن رہی ہیں۔ ترجمان نے اہل وطن اور ذمہ دار اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مٹھی بھر شر پسندوں کی انتہا پسندانہ سوچ کو مسترد کرتے ہوئے پاکستانی احمدیوں کے انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔###