سینیگال کی نیشنل زرعی نمائش میں ہیومینٹی فرسٹ کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ سینیگال کو زرعی نمائش ریجن کولڈا میں تعارفی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ کے تعارف کے ساتھ ساتھ جماعت احمدیہ، حضرت مسیح موعودؑ کی آمد اور امن کی تعلیم سے متعلق جماعتی لٹریچر بھی تحفۃً تقسیم کیا گیا۔

اس سٹال کا تقریباً ایک ہزار ۱۵۵؍افراد نے دورہ کیا جنہیں ۷۴۴؍تعارفی پمفلٹس اور ۲۵؍کتب تحفے میں دی گئیں۔ زائرین نے اس مواد کو سراہا اور مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں ہیومینٹی فرسٹ اور جماعت احمدیہ کی فرانسیسی و انگریزی ویب سائٹس کے پتے اور رابطہ نمبرز بھی تحریری طور پر فراہم کیے گئے۔
سٹال کو مؤثر بنانے کے لیے ہیومینٹی فرسٹ سینیگال کے لوگو(logo) کے ساتھ دلکش رنگوں میں خدمات کا نمایاں تعارف، رابطہ نمبرز اور ویب سائٹس آویزاں کی گئی تھیں۔ علاوہ ازیں ایک لیپ ٹاپ پر ہیومینٹی فرسٹ کی سینیگال میں جاری خدمات کی تصاویر جماعتی نظموں کی آڈیو کے ساتھ چلائی گئیں جسے زائرین نے بہت پسند کیا۔ اس کے علاوہ ایک ہینڈ پمپ بھی سٹال میں رکھا گیا تھا جو ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کے تعاون سے مہیا کیا گیا تھا اور زائرین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
الحمدللہ، مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے سٹال کا دورہ کیا جن میں مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات، کاروباری افراد، ملازمین، طلبہ اور صحافتی نمائندگان شامل تھے۔ ایک مقامی ٹی وی چینل ’Médzons de Sitoun‘ کو ہیومینٹی فرسٹ اور جماعت احمدیہ کے تعارف پر مشتمل تفصیلی انٹرویو بھی دیا گیا۔
(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: کیپ ٹاؤن، ساؤتھ افریقہ کی مسجد بیت الاوّل میں جلسہ یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد