یورپ (رپورٹس)

جنوبی سویڈن میں پانچ روزہ تبلیغی دورہ اور عیسائی پادری صاحبان سے ملاقاتیں

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں ملک کے جنوب میں مورخہ ۳۰؍ستمبر تا ۴؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو ایک پانچ روزہ تبلیغی دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن کی اجازت سے جنوبی سویڈن کے پانچ شہروں میں تبلیغی سٹال لگانے کا پروگرام ترتیب دیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد قرآن کریم کی حقیقی تعلیم کو عام کرنا تھا اور اس کا مرکزی موضوع ’’Ask a Muslim‘‘ رکھا گیا۔ اس تبلیغی سفر میں مکرم مبلغ انچارج صاحب کے ہمراہ مکرم کاشف ورک صاحب مبلغ سلسلہ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ) بھی شامل تھے۔

اس سفر کے دوران کُل گیارہ سو کلومیٹر کا سفر طے کیا گیا۔ جماعتی پیغام کو مؤثر انداز میں عام کرنے کے لیے ایک ٹریلر بھی تیار کیا گیا تھا جس پر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بڑی تصویر، ’’مسیح آگیا‘‘ کا سویڈش ترجمہ، جماعت کی ویب سائٹ اور ماٹو ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘درج تھا۔ اس کے علاوہ ٹریلر پر ’’Ask a Muslim‘‘ اور مختلف اہم سوالات بھی نمایاں کیے گئے جو عام طور پر میڈیا میں زیر بحث رہتے ہیں۔ ہزاروں گاڑیاں اس ٹریلر کے قریب سے گزریں جس سے یہ پیغام وسیع پیمانے پر پھیلایا گیا۔

مقامی پولیس کی اجازت سے اس ٹریلر کو پانچ شہروں کی مرکزی شاہراہوں پر روزانہ چھ چھ گھنٹوں کے لیے کھڑا کیا گیا جہاں زائرین سے گفتگو بھی کرنے کا موقع ملا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑی تعداد میں مقامی افراد سٹال پر آئے، اپنے سوالات کے جواب حاصل کیے اور قرآن کریم کے نسخے یا جماعتی لٹریچر بطور تحفہ لے کر گئے۔ کئی افراد نے اسلام سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا لیکن سٹال پر موجود مبلغین سلسلہ سے گفتگو کے بعد مطمئن ہو کر خوشگوار تاثرات کے ساتھ رخصت ہوئے۔

دورے کے دوران بعض افراد نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ اس مہم نے ان کے اسلام کے بارے میں خیالات کو مثبت انداز میں بدلا ہے۔ ایک معمر شخص کو جب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ دی گئی تو انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے سال کا بہترین تحفہ ہے۔

دوران دورہ ان پانچ شہروں میں سٹال لگائے گئے: Falkenberg, Laholm, Höganäs, Ljungby اور Karlshamn۔

اس تبلیغی مہم کی تشہیر کے لیے پریس ریلیز جاری کی گئی اور مقامی سیاست دانوں اور چرچ سربراہان کو بذریعہ ای میل اطلاع دی گئی۔ اس کے نتیجے میں مقامی میڈیا میں اس مہم کی بھرپور کوریج کی گئی۔ سات اخبارات اور دو ریڈیو سٹیشنز نے ہمارے انٹرویوز کیے جنہیں پرنٹ اور آن لائن اخبارات میں تصاویر کے ساتھ نمایاں طور پر شائع کیا گیا۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی اس مہم کو مؤثر انداز میں نشر کیا گیا جس سے لاکھوں افراد تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔ ان تمام ذرائع سے اس دورہ کی خبر اور جماعت کا تعارف تقریباً دو لاکھ افراد تک پہنچا۔ الحمد للہ

تبلیغی سرگرمیوں کے دوران چار شہروں میں چرچ کے چیف پادری صاحبان اور ایک شہر میں چرچ کے نمائندے سے ملاقات ہوئی جنہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور باہمی مکالمے کی راہیں ہموار ہوئیں۔ اسی طرح ایک شہر میں میئر صاحب اور دوسرے شہر میں ڈپٹی میئر صاحب سے بھی ملاقات ہوئی۔ مبلغ انچارج صاحب نے انہیں قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ اور ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ تحفہ کے طور پر پیش کی جسے انہوں نے خوشی اور احترام کے ساتھ قبول کیا۔ یہ ملاقاتیں انتہائی کامیاب رہیں اور امید ہے کہ آئندہ بھی باہمی روابط کے ذریعے مزید مثبت سرگرمیاں ترتیب دی جائیں گی۔

اللہ تعالیٰ اس سفر کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں مزید تبلیغ اسلام احمدیت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ پولینڈ میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button