خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… اميرالمومنين حضرت خليفةالمسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ۲۱؍مارچ۲۰۲۵ء کو مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ، يوکے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا ۔ حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۳؍مارچ کی مناسبت سے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے پُر معارف ارشادات کی روشنی میں مسیح موعود ؑکی بعثت کا تذکرہ فرمایانیز پاکستانی احمدیوں اور امتِ مسلمہ اور خصوصاً فلسطینی مسلمانوں کے لیے دعاؤں کی تحریک فرمائی ۔ ( تفصیل کے لیے دیکھیں الفضل ۲۴؍مارچ۲۰۲۵ء)
٭… پاکستان میں جماعت احمدیہ کی مخالفت میں مفسدانہ کارروائیوں میں شدت پیدا کی جارہی ہے۔ محراب و مینار مسمار کیے جانے کے بعد مساجد بھی منہدم کی گئیں۔ پریس ریلیز کے مطابق گذشتہ ایک ماہ میں کم از کم ۳۳؍مقامات پر انتہا پسندوں نے احمدیوں کو جمعہ کی عبادت سے روکنے کی کوشش کی۔انتہا پسند عناصرکی کوشش ہے کہ احمدی جمعہ کی عبادت نہ کرسکیں اور ان کی مساجد کو سیل کر دیا جائے۔ مخالفین کے مطالبات پر انتظامیہ نے ۸؍مساجد کو تالہ لگا دیا ہے۔
٭… لبنان سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے فوج کو لبنان پر حملوں کا حکم دے دیا۔ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر کیے گئے حملوں کے ردعمل میں لبنان پر حملوں کا حکم دیا۔ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے امن مشن کا کہنا ہے کہ لبنان اسرائیل بگڑتی صورتحال خطے کےلیے سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔
٭… اسرائیل کےجنوبی لبنان میں بمباری سے دوافراد شہید اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ لبنان سے اسرائیل پر تین راکٹ فائر کیے گئے، اسرائیلی فوج نے راکٹ حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔غزہ میں بمباری سے مزید ۱۳۰؍فلسطینی شہید ہوگئے، پانچ روز میں شہداء کی تعداد ۶۳۰؍سے زیادہ ہوگئی، ایک لاکھ بیس ہزار سے زیادہ فلسطینی دوبارہ دربدر ہوگئے۔محصور غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں پانچ بچے شہید ہو گئے۔ یہ حملہ رات گئے غزہ شہر میں کیا گیا، جس میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ انسانی امور ایجنسی نے غزہ کی بدترین انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امداد کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اب تک ۴۹؍ہزار۷۴۷؍فلسطینی اسرائیلی جنگ میں شہید اورایک لاکھ ۱۳؍ہزار ۲۱۳؍ زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ حکومت کے میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ شہداء کی تعداد۶۱؍ہزار ۷۰۰؍ سے تجاوز کر چکی ہے، کیونکہ ہزاروں فلسطینی اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور انہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔
٭… ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خط ایک دھمکی ہے جس کا جلد جواب دیا جائے گا۔ عباس عراقچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے خط میں مذاکرات کی پیشکش کا دعویٰ کیا گیا ہے لیکن حقیقت میں یہ ایک دھمکی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے خط میں لکھے گئے تمام نکات پر توجہ دی ہے اور خط میں دی گئی دھمکی اور مذاکرات کی پیشکش دونوں کا جلد باضابطہ جواب دیں گے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خط میں ایران کو نئے جوہری معاہدے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی ہے اور ساتھ ہی دھمکی بھی دی ہے کہ اگر ایران نے جوہری پروگرام جاری رکھا تو نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
٭… ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کے قریب تین جزیروں پر نئے میزائل سسٹم نصب کیے ہیں۔ نئے میزائل سسٹم آبنائے ہرمز کے قریب طنب الكبرى، طنب الصغرى اور ابو موسیٰ پر تعینات کیے گئے ہیں جو عالمی سطح پر ایک اہم سمندری راستہ ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے حال ہی میں اس علاقے میں فوجی مشقیں کی ہیں۔پاسدارانِ انقلاب نے یہ اقدام ایسے وقت پر اُٹھایا ہے جب ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ملنے والے دھمکی آمیز خط کا جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے۔اس حوالے سے پاسدارانِ انقلاب کے نیول کمانڈر علی رضا تنگسیری کا کہنا ہے کہ ہم خطے میں دشمن کے ٹھکانوں، جہازوں اور اثاثوں پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ نئے میزائل سسٹم چھ صد کلو میٹر یعنی ۳۷۰؍میل کے اندر کسی بھی ہدف کو مکمل طور پر تباہ کر سکتے ہیں۔
٭… بجلی کی بندش سے بند ہونے والے برطانوی دارالحکومت لندن کے مصروف ترین ہیتھرو ایئر پورٹ کو باضابطہ مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے، جس کے بعد پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ بحال ہو گیا۔ برطانوی ایئر پورٹ کو بجلی فراہم کرنے والے سب سٹیشن میں آگ لگنے سے بروز جمعہ تقریباً چودہ سو پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔ ایئر پورٹ کی بندش کے تقریباً چوبیس گھنٹے کے بعد ہفتے کی صبح چھ بجے لزبن کے لیے پرواز روانہ ہوئی۔ اس سے قبل ہیتھرو ایئر پورٹ کے چیف ایگزیکٹو نے پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کے سبب مسافروں سے معافی مانگی مگر واقعے کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سب سٹیشن میں آگ لگنے کے سبب بجلی بند ہوئی اور ایئر پورٹ کا بیک اپ ٹرانسفارمر بھی بوجھ برداشت کرنے میں ناکام رہا جس کی وجہ سے گذشتہ روز ایئر پورٹ بند رہا۔
٭… رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن ۱۴؍مارچ کو دنیا کے مغربی افق پر دیکھا گیا۔ چاند گرہن یورپ، افریقہ، جنوبی و شمالی امریکہ کے علاوہ آسٹریلیا میں بھی دیکھا گیا۔ چاند گرہن کے موقع پر آسمان سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہوا، یہ لگ بھگ تین سال بعد پہلا چاند گرہن تھا اور ایسا آخری بار ۲۰۲۲ء میں ہوا تھا۔واضح رہے کہ رواں سال کا پہلا سورج گرہن ۲۹؍مارچ کو ہوگا۔
مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن