خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق حج میں تمام شہریوں اور غیر ملکیوں کو میننجائٹس ویکسین لگوانا ہو گی، ویکسینیشن کے بغیر حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزارت حج و عمرہ کے نئے اعلان کے مطابق بغیر ویکسینیشن حج پیکجز اور رجسٹریشن ممکن نہیں ہو گی۔وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ دورانِ حج متعدی بیماریوں کا پھیلاؤ روکنا وقت کی ضرورت بن گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل جنوری میں سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے صحت کے اصول جاری کیے گئے تھے۔سعودی سول ایوی ایشن گاکا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے تمام ضروری ویکسینیشن اور احتیاطی تدابیر لازمی ہوں گی۔نوٹیفکیشن میں مسافروں کو صحت سے متعلق دستاویزات، بشمول ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
٭… عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے فلسطینی شہداء کی تعداد ریکارڈ ہونے والی شہادتوں سے بہت زیادہ ہے، اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے تلے ہزاروں فلسطینیوں کی لاشیں دبی ہوئی ہیں۔ غزہ میں ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ءسے جاری اسرائیلی حملوں میں ۱۷؍ماہ کے دوران فلسطینی شہداء کی تعداد پچاس ہزار سے تجاوز کر گئی۔فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ کے ایک لاکھ ۱۳؍ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم پچاس ہزار ۲۱؍فلسطینی شہید اور ایک لاکھ ۱۳؍ہزار ۲۷۴؍زخمی ہو چکے ہیں۔ جبکہ غزہ کے گورنمنٹ میڈیا آفس کے مطابق، شہادتوں کی تعداد ۶۱؍ہزار ۷۰۰؍سے تجاوز کر چکی ہے، کیونکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
٭… اسرائیلی حملے میں حماس کے سینئر راہنما صلاح البردویل اپنی اہلیہ سمیت جاں بحق ہوگئے، دونوں پناہ گزین خیمے میں موجود تھے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مختلف حصوں میں شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے جن میں کم از کم ۳۵؍افراد شہید ہو چکے ہیں۔اسرائیلی حملے میں حماس کے سیاسی بیورو کے راہنما صلاح البردویل اہلیہ سمیت جاں بحق ہوگئے، وہ حماس کے سرکردہ راہنما اور فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن بھی تھے۔ یہ حملہ خان یونس کے علاقے مواسی میں اس وقت ہوا جب البردویل اور ان کی اہلیہ رمضان کی ۲۳ویں شب کے موقع پر نماز ادا کر رہے تھے۔ وہ جنگ کے دوران اسی پناہ گاہ میں مقیم تھے۔
٭… جنوبی کوریا کی آئینی عدالت نے وزیرِ اعظم ہان ڈک سو کے مواخذے کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ملک کے قائم مقام صدر کے عہدے پر بحال کیا ہے۔ہان ڈک سو نے گذشتہ برس دسمبر میں مارشل لاء لگانے کی ناکام کوشش کرنے والے سابق صدر یون سک یول کو معطل کیے جانے کے بعد ملک کے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔بعد ازاں معزول صدر یون سک یول کے خلاف تحقیقات کے لیے دو خصوصی بل پر دستخط سے انکار پر اپوزیشن نے قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کا بھی اعلان کر دیا تھا۔اب جنوبی کوریا کی آئینی عدالت کے ۸؍ججوں میں سے ۷؍نے ہان ڈک سو کے مواخذے کو مسترد کرنے کے لیے ووٹ دیا۔واضح رہے کہ گذشتہ دسمبر میں ہان ڈک سو کی جانب سے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالنے کے صرف دو ہفتوں کے بعد اپوزیشن نے ان کے مواخذے کا اعلان کیا تو اس وقت سے جنوبی کوریا کی قیادت نائب وزیرِ اعظم چوئی سانگ موک سنبھال رہے تھے۔
٭… سمندر کے راستے رواں برس برطانیہ پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد ۵ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جمعرات کو چھ کشتیوں سے۳۴۱؍ تارکین وطن کی آمد کے بعد مجموعی تعداد پانچ ہزار ۲۵؍ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق انگلشن چینل عبور کرکے آنے والوں کی تعداد مختصر وقت میں پانچ ہزار تک پہنچی ہے جبکہ گذشتہ برس پانچ ہزار تارکین وطن کی آمد کا نمبر ۳۱؍مارچ کو مکمل ہوا تھا۔ اسی عرصے میں ۲۰۲۴ء میںچار ہزار ۴۳؍اور ۲۰۲۳ء میںتین ہزار ۶۸۳؍تارکین وطن برطانیہ آئے تھے۔ ایک دن میں سب سے زیادہ ۵۹۲؍تارکین وطن ۲؍مارچ کوگیارہ کشتیوں سے برطانیہ پہنچے تھے جبکہ سمندر کے راستے رواں برس برطانیہ پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد پانچ ہزارسے تجاوز کرگئی ہے۔ فرانسیسی کوسٹ گارڈ کے مطابق بدھ اور جمعرات کو دو تارکین وطن ہلاک بھی ہوئے جبکہ حکومت نے رواں ماہ سمندرسے آنے والوں کو روکنے کےلیے فرانس سے روڈ میپ پردستخط کیے ہیں۔
٭… افریقی ملک نائیجر کے دیہی قصبے کوکورو میں مسجد پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ۴۴؍افراد جاں بحق ہو گئے۔نائیجر حکومت نے واقعے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن