علاماتُ المقرَّبین۔ وہ کسی چھوٹی سے چھوٹی چیز کو ایذا نہیں پہنچاتے اور ضعیفوں پر رحم کرتے ہیں
امام الزماں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام مقربین الٰہی کی علامات بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
ان کی ایک علامت یہ ہے کہ وہ کسی چھوٹی سے چھوٹی چیز اور کسی چیونٹی تک کو ایذا نہیں پہنچاتے اور ضعیفوں پر رحم کرتے ہیں وہ (کسی سے) مکمل قطع تعلقی نہیں کرتے اگرچہ شریراُن سے دشمنی کریں جو انہیں ہر طرح کی ایذا دیتے ہیں اور زیادتی کرتے ہیں۔ بلکہ وہ اپنے دشمنوں کے لئے دعا کرتے ہیں تا کہ وہ ہدایت پا جائیں۔ تو انہیں بدخلق سخت دل کی طرح نہیں پائے گا اور نہ ہی تو کسی اور کو ان جیسا رحم دل اور لوگوں کا خیر خواہ پائے گا خواہ تومشرق و مغرب میں ڈھونڈے۔ وہ مصیبت زدہ لوگوں کے لئے دعا کرتے ہیں یہاں تک کہ وہ اس کے لئے اپنی جانوں کو ہلاکت میں ڈال دیتے ہیں۔ پس جب یہ حالت ان کے نفوس پر جاری ہو جائے تو ان کی دعا حضرت احدیت میں سنی جاتی ہے اور پھر انہیں اس کے متعلق خبر دی جاتی ہے کیونکہ وہ اپنی دعائوں کو انتہا تک پہنچا دیتے ہیں اور (خلق خدا کی) غمخواری کا پورا حق ادا کرتے ہیں اور اس میں بالکل کوئی کوتاہی نہیں کرتے۔ وہ اپنے آپ کو پگھلا دیتے ہیں اور اپنی جانوں کو ہلاکت میں ڈال دیتے ہیں، پس وہ اس سے بہت سی جانوں کو ہلاکت سے بچا لیتے ہیں ، اسی طرح انہیں عظیم الشان فطرت (صحیحہ) عطا کی جاتی ہے اور وہ اس کے مطابق عمل کرتے ہیں، وہ اندھیری راتوں میں قیام کرتے ہیں جبکہ لوگ سو رہے ہوتے ہیں ۔ وہ اپنے (نیک) اعمال کا نور اس دنیا میں ہی مشاہدہ کر لیتے ہیں اور ہر روز اپنے نور میں بڑھتے چلے جاتے ہیں اور جو (اعمال صالحہ) انہوں نے اپنے نفسوں کے لئے آگے بھیجے ہوتے ہیں وہ ان کی شادابی دیکھ لیتے ہیں ۔ اور وہ نشہ بازوں کی طرح نہیں ہوتے اور وہ ہر معصیت سے مجتنب رہتے ہیں خواہ کتنی ہی چھوٹی ہو پس وہ اس کے قریب نہیں پھٹکتے اور نہ ہی وہ اس کو حقیر سمجھتے ہیں۔ اور وہ عمل صالح کی توقیر کرتے ہیں اور تحقیر نہیں کرتے۔
(علامات المقربین مترجم اردو صفحہ ۹۰-۹۲)