مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈ کا آنحضورﷺ کے اسوۂ حسنہ کے حوالے سے تبلیغی پروگرام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۶؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز اتوار مسجد بیت الرحمٰن، گلاسگو میں ایک پُرمعارف اور ایمان افروز پروگرام منعقد ہوا جس کا عنوان تھا: ’’افضل الخلائقﷺ کا پاکیزہ کردار‘‘۔ اس پروگرام میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے احباب، مقامی شخصیات اور مہمانانِ گرامی نے شرکت کی تاکہ آنحضرتﷺ کی بابرکت زندگی اور تعلیمات کو جان سکیں۔

تقریب میں تقریباً ۸۰؍افراد شریک ہوئے جن میں ۲۵؍غیر مسلم سکاٹش مہمان بھی شامل تھے۔ مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا اور انہیں قرآن کریم کے نسخے، تراجم اور آنحضرتﷺ کے اعلیٰ اخلاق پر مشتمل لٹریچر کی نمائش دکھائی گئی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور اس کے انگریزی ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں خوش آمدیدی کلمات میں جماعت احمدیہ کے سکاٹ لینڈ میں قیامِ امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ ایک مختصر ویڈیو میں جماعت احمدیہ کی عالمی انسانی خدمت سیرت النبیﷺکے تناظر میں دکھائی گئی۔

مقامی شخصیات اور کمیونٹی نمائندگان نے مختصر تقاریر میں جماعت احمدیہ کی اس کوشش کو سراہا کہ وہ ہمیشہ مکالمہ اور باہمی امن سیکھنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔
کلیدی تقریر میں مکرم فخر آفتاب صاحب مبلغ سلسلہ گلاسگو نے آنحضرتﷺ کی بے مثال شفقت اور اخلاقی قیادت پر روشنی ڈالی اور تاریخی واقعات کے حوالہ سے بتایا کہ آپؐ نے تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام فرمایا۔
بعد ازاں سوال و جواب کا دلچسپ اجلاس ہوا جس میں غیر مسلم مہمانوں نے کئی سوالات کیے۔
تقریب کا اختتام ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر سکاٹ لینڈ کے اختتامی کلمات سے ہوا۔ مہمانوں کو کتاب ’’نبیوں کا سردار‘‘ اور دیگر اسلامی لٹریچر پیش کیا گیا۔ اجتماعی دعا کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔
شرکاء نے پروگرام کو بے حد سراہا اور کہا کہ آنحضرتﷺ کے اعلیٰ اخلاق اور انسانی خدمت کے پہلوؤں پر یہ معلوماتی نشست نہایت مفید اور متاثر کن رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ برکینا فاسو کا ایک تبلیغی اور تربیتی پروگرام -’’شہر انصار‘‘




