جرمنی بھر میں یومِ تبلیغ نہایت کامیابی اور جوش و خروش سے منایا گیا
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جرمنی بھر میں مورخہ یکم مئی کو یومِ تبلیغ منایا گیا جس میں ملک بھر کی تمام لوکل امارات اور ۱۰۰؍سے زائد جماعتوں نے بھرپور شرکت کی توفیق پائی۔

مرکزی شعبہ تبلیغ کی جانب سے یومِ تبلیغ کا موضوع ’’امن کا راستہ‘‘ رکھا گیا۔ اس دن کا صحیح استعمال کرنے کے ليے مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ کی طرف سے ایک تفصیلی سرکلر جماعتوں کو بھجوایا گیا جس میں مندرجہ ذیل پانچ نکات درج کرتے ہوئے احباب جماعت کو اِس دن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی گئی تھی: لیف لیٹس کی تقسیم ’’امن کا راستہ‘‘، سائیکل ٹور۔ جماعتی لوگو والی شرٹس کے ساتھ امن کے ليے واک، اخبارات میں مضامین کی اشاعت اور سوشل میڈیا مہم۔
الحمدللہ، اُس دن احباب جماعت نے اپنے حلقۂ احباب، ہمسایوں، دفتری ساتھیوں اور جاننے والوں سے براہِ راست رابطہ کیا۔ متعدد جماعتوں نے چائے پر ہمسایوں کو مدعو کیا، کہیں کھانے کا اہتمام کیا گیا اور کہیں چھوٹی تبلیغی میٹنگز منعقد کی گئیں جن میں غیر از جماعت مہمانوں سے خوشگوار اور بامعنی گفتگو کی گئی۔

بہت سی جماعتوں نے مقامی مارکیٹس، پارکس اور پبلک مقامات پر لیف لیٹس کی تقسیم کے ذریعہ اسلام کا پُرامن پیغام پہنچایا۔ بعض جگہوں پر بُک سٹالز بھی لگائے گئے تھے جہاں مہمانوں کو قرآنِ کریم کے تراجم، حضرت مسیح موعودؑ کی کتب اور جماعتی تعارف پر مبنی لٹریچر پیش کیا گیا۔
بعض شہروں میں زیر تبلیغ افراد کے گھروں کا دورہ کیا گیا اور جماعت کا تعارف کروایا گیا اور محبت و رواداری کا پیغام پہنچایا گیا۔ مرکزی ہدایات کے مطابق لوکل جماعتوں نے اپنی بساط کے مطابق نہایت احسن انداز میں پروگرام ترتیب دیے۔
اللہ تعالیٰ ان تمام کوششوں کو قبول فرمائےاور ہمیں پیغام حق کو دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

اسی طرح ۲۷؍مئی ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ جرمنی کو خلافت احمدیہ کے ۱۱۶؍بابرکت سال مکمل ہونے پر یوم خلافت منانے کی بھرپور انداز میں توفیق ملی۔ اس پُرنور موقع پر جرمنی بھر کی تمام امارات اور بڑی جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا جن میں مرد و خواتین، خدام، اطفال اور لجنہ ممبرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس سال ایک خاص پہلو یہ بھی رہا کہ ان جلسوں میں زیرِ تبلیغ دوستوں کے لیےوقت مختص کیا گیا اور جرمن زبان میں ’’خلافت کا حقیقی تصوّر‘‘ کے موضوع سے تقاریر کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ یوم خلافت کے حوالے سے مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ نے جرمنی بھر کی جماعتوں کو تحریری طور پر اس کی تحریک کی اور بتایا کہ گذشتہ سال سے جرمنی میں خلافتِ اسلامیہ کے تصور پر ایک منفی بحث جاری ہے جس کے نتیجے میں معاشرے میں خلافت سے متعلق کئی غلط فہمیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ ایسے حالات میں ہمارا یہ دینی فریضہ اور تبلیغی ذمہ داری ہے کہ ہم خلافتِ احمدیہ اور خلافتِ اسلامیہ کے حقیقی اور پُرامن تصور کو بھرپور انداز میں پیش کریں۔
الحمدللہ، آمدہ رپورٹس کے مطابق تقریباً تمام مساجد اور مراکز میں جرمن زیرتبلیغ افراد کو ذاتی طور پر دعوت دی گئی۔ کئی دوست اپنی فیملیز کے ہمراہ شامل ہوئے اور خلافت احمدیہ کی بابرکت راہنمائی کے عملی مظاہر سن کر نہایت متاثر ہوئے۔
بعض جگہوں پر مہمانوں کے لیے سوال و جواب کی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا۔ احباب نے نہایت مثبت انداز میں دلچسپی کا اظہار کیا اور خلافت جیسے بابرکت نظام کے متعلق سُن کر گہرے تأثرات کا اظہار کیا۔
یوم خلافت کے اِن روحانی اجتماعات نے جہاں احباب جماعت کے ایمان کو تازہ کیا، وہیں کئی نئے افراد کو حقیقی خلافت کا علم ہواکہ خلافت ہی امن کی ضامن ہے۔
اللہ تعالیٰ خلافت احمدیہ کے زیر سایہ جماعت احمدیہ کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقیات عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کی چھٹی مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد




