جماعت احمدیہ بوندوکو، آئیوری کوسٹ کا دوسرا ہیلتھ سیمینار
مکرم شاہد احمد مسعود صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۶؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ بوندوکو، آئیوری کوسٹ کو اپنا دوسرا ہیلتھ سیمینار ریجنل لائبریری بوندوکو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں تقریباً ۵۰؍ افراد نے شرکت کی۔ شرکاء میں احمدی احباب کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت دوست بھی شامل تھے۔

اس سیمینار کے لیے ڈاکٹر کولی بالی احمد صاحب ماہرامراض معدہ (گیسٹرو انٹرولوجسٹ)، یونیورسٹی ہاسپٹل سینٹر کوکوڈی، ابیجان سے بطور مہمان خصوصی مدعو تھے۔

پروگرام کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں ڈاکٹر کولی بالی احمد صاحب نے ماہ رمضان المبارک کے دوران صحت کے تقاضوں اور مناسب طرز زندگی کے موضوع پر اپنی تقریر میں روزے کی حالت میں متوازن غذا، پانی کے درست استعمال اور معدے کی صحت کے حوالے سے مفید راہنمائی فراہم کی۔ اس موقع پر شرکاء کو ایک غذائی چارٹ بھی دیا گیا جو رمضان کے علاوہ روزمرہ زندگی میں بھی نہایت مفید ہواگا۔ اس کے بعد سوال و جواب کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر صاحب نے شاملین کے سوالات کے جواب دیے۔ پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔ شرکاء نے اس مفید اور بامقصد سیمینار پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی ایسے پروگرامز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے دُور رس اثرات مرتب فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: برکینا فاسو کے چونتیسویں جلسہ سالانہ کا دوسرا دن




