تقریب سنگِ بنیاد معلم ہاؤس زابورے، ریجن مارادی، نائیجر
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۶؍نومبر ۲۰۲۵ء کو نائیجر کے ریجن مارادی کی ایک جماعت زابورے میں معلم ہاؤس کے سنگ بنیاد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ زابورے گاؤں میں جماعت احمدیہ کا پیغام عرصہ اٹھارہ سال قبل پہنچا اور گاؤں کے چیف سمیت سینکڑوں افراد نے بیعت کی۔ چودہ سال قبل، ۲۰۱۱ء میں یہاں جماعت کی طرف سے ایک مسجد کی تعمیر کی گئی، مسجد کی تعمیر کے وقت زابورے کے چیف مکرم ممن یونس صاحب نے ہی جماعت کو ۲۶۰۰؍مربع میٹر زمین بلامعاوضہ تحفۃً دی اور اسی زمین پر مسجد کے قریب معلم ہاؤس کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

چنانچہ مورخہ ۶؍نومبر ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ نائیجر کا مرکزی وفد مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر کی راہنمائی اور قیادت میں زابورے جماعت پہنچا۔ وفد میں مکرم صالح موسیٰ صاحب نائب امیر، مکرم شعیبو عیسیٰ صاحب سیکرٹری تعلیم اور مکرم ممن بیلو صاحب جنرل سیکرٹری شامل تھے۔ وفد کی آمد پر زابورے جماعت کے افراد نے اُن کا استقبال کیا اور مسجد کا رخ کیا گیا جہاں اولاً ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے بعد تمام احباب وفد کے ہمراہ معلم ہاؤس کی جگہ پر پہنچ گئے اور سب سے پہلے گاؤں کے چیف صاحب نے بنیادی اینٹ رکھی اور پھر گاؤں کے ایک اور بزرگ احمدی کے بعد مکرم نائب امیر صاحب اور سیکرٹری تعلیم صاحب نے اینٹ بنیاد میں رکھی، آخر پر مکرم امیر صاحب نے اینٹ رکھنے کے بعد اجتماعی دعا کروائی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس تقریب میں ۶۰؍سے زائد احباب نے شرکت کی جس میں بعض احباب دیگر جماعتوں سے بھی شامل ہوئے۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزا دے اور زابورے جماعت میں معلم ہاؤس کی تعمیر ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جرمنی کے شہر Nordhorn میں مسجد صادق کا بابرکت افتتاح




