دعا کریں یہ سال ہمارے لیے بے شمار برکتوں کا سال ہو
(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفوڑد، ۲؍جنوری ۲۰۲۶ء) سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ مورخہ ۲؍جنوری ۲۰۲۶ء کے آخر میں دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:
کل سے نیا سال شروع ہوچکا ہے، جانتے ہیں لوگ۔ ایک دوسرے کو مبارک بادیں بھی دے رہے ہیں۔
دعا کریں یہ سال ہمارے لیے بے شمار برکتوں کا سال ہو، اللہ تعالیٰ مخالفین اور دشمنوں کے منصوبے خاک میں ملادے اور جماعت کو پہلے سے بڑھ کر ترقیات سے نوازے۔
ہم جو باہر کے ملکوں میں بھی ہیں، خاص طور پر آزاد ملکوں میں، آزاد ہیں اور نئے سال کی خوشیاں منا رہے ہیں بلکہ پاکستان وغیرہ میں بھی لوگ منارہے ہیں ایسے وقت میں
اسیر بھائیوں کو بھی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
پاکستان کی جیلوں میں جیسا کہ گذشتہ دنوں میں نے بتایا تھا مبارک ثانی صاحب جن کو عمر قید کی سزا دی اور دوسرے اسیر ہیں، قید و بند کی حالت میں ہیں اس حال میں بھی وہ نئے سال میں اللہ تعالیٰ کا شکر کرتے ہوئے داخل ہورہے ہیں، کوئی شکوہ نہیں ہیں انہیں۔ اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر انہوں نے لوہے کے کڑے پہنے ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی رہائی کے جلد سامان پیدا فرمائے۔ ہمیں بھی اور ان اسیروں اور مشکل میں گرفتار سب احمدیوں کو اللہ تعالیٰ کی محبت کا ادراک پہلے سے بڑھ کر حاصل ہو۔ مشکلات کی وجہ سے ہماری اللہ تعالیٰ سے محبت میں کمی ہونے کی بجائے اس میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہو۔ مظلوموں کے لیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ دنیا کے تمام مظلوموں کو ظالموں کے پنجے سے چھڑائے اور دنیا میں امن قائم ہو۔
٭…٭…٭




