ایشیا (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ انڈونیشیا کا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ انڈونیشیا کا ۵۴واں اور مجلس اطفال الاحمدیہ انڈونیشیا کا ۳۶واں سالانہ نیشنل اجتماع اسمارٹ ہل کیمپ، چایاتیر، سبانگ (Subang)، جاوا بارات، انڈونیشیا میں مورخہ ۲۶؍تا ۲۸؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو ’’نماز، کامیابی کا راستہ‘‘ کے مرکزی موضوع پر کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ الحمدللہ۔ یہ اجتماع جماعت احمدیہ انڈونیشیا کے صد سالہ تشکر پروگرام کا حصہ بھی تھا۔

تین روزہ اجتماع کے دوران علمی و جسمانی مقابلوں کا نہایت متنوّع پروگرام ترتیب دیا گیا۔ پہلے روز خدام اور اطفال نے مختلف علمی مقابلوں میں حصہ لیا، جبکہ شام کے وقت کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔ رات کے وقت خدام کے لیے ’’بہترین خادم‘‘ کا امتحان لیا گیا اور اطفال کے لیے ’’آؤ نماز پڑھیں‘‘ کے موضوع سے ٹاک شو اور تفریحی اجلاس منعقد ہوا۔

دوسرے دن صبح کے وقت فن واک، لائیو کوکنگ اور بازار کا اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں حفظ القرآن اور دیگر علمی مقابلے منعقد ہوئے، جبکہ ورزشی مقابلوں میں رسہ کشی اور پانی کے غباروں کے ساتھ دوڑ شامل تھیں۔

رات کے وقت ’’نیشنل خدام کنیکٹ‘‘ کے موضوع سے ایک متاثرکن مکالماتی پروگرام منعقد ہوا جس میں مکرم بلال احمد بنیان صاحب مبلغ بانجرساری اور جناب تنتن سمارتانا صاحب (ڈائریکٹر PT MNC Tbk) نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر اظہار خیال کیا۔ اس دوران اطفال کے لیے ’’اکو اطفال اُنگل‘‘ (Aku Athfal Unggul) کے موضوع سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

تیسرے روز صبح اجتماع کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں مقابلوں کے نتائج کا اعلان، انعامات کی تقسیم اور خدام کو انصار میں شمولیت کے لیے رخصت کیا گیا۔

اس سال کے اجتماع میں دو ہزار ۲۴۷؍افراد نے شرکت کی جن میں ایک ہزار ۴۲۹؍خدام، ۴۶۰؍اطفال، ۴۸؍سات سال سے کم عمر کے بچے، ۱۷۲؍انصار، ۲۹؍غیراحمدی مہمان اور دو خدام ملائیشیا سے شامل تھے۔ مجموعی طور پر ۴۲؍علاقوں سے وفود آئے جبکہ ۱۰۴؍شرکاء جاوا سے باہر کے صوبوں سے تھے۔

اجتماع گاہ میں بجلی، پانی اور ۵۰؍بیت الخلاء کا بہترین انتظام کیا گیا تھا۔ کیمپ سائٹ میں ۵۰۰؍خیموں کی گنجائش تھی جبکہ وسیع پارکنگ ایریا میں ۳۰؍بسیں، ۵۰؍گاڑیاں اور ۱۰۰؍موٹر سائیکلیں کھڑی کی جا سکتی تھیں۔

اختتامی تقریب میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ انڈونیشیا مکرم محمد Anahdi Sholihin صاحب نے تمام منتظمین، رضاکاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے بالخصوص مکرم زکی فردوس شاہد صاحب امیر جماعت احمدیہ انڈونیشیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی دعاؤں اور راہنمائی سے ہی اجتماع کو غیر معمولی کامیابی حاصل ہوئی۔ آخر میں مکرم امیر صاحب کی امامت میں پُراثر دعا کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: احسان قمر الزمان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کے رنگپور ضلع کی تین جماعتوں میں وصیت سیمینار کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button