انٹر نیشنل تعلیم القرآن اکیڈمی (ITQA) کی پانچویں سالانہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے انٹرنیشنل تعلیم القرآن اکیڈمی (ITQA) کی پانچویں سالانہ تقسیمِ اسناد و انعامات کی تقریب طاہر ہال، مسجد بیت الفتوح یوکے میں مورخہ ۷؍دسمبر ۲۰۲۵ء شام پانچ بجے منعقد ہوئی۔ مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی زیر صدارت اس پُروقار تقریب کا آغازہوا۔ اکیڈمی کے طلبہ وطالبات نے تلاوتِ قرآنِ کریم، حدیث نبویﷺ، ملفوظات حضرت مسیح موعودؑ اور درثمین سے منظوم کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی اور ان کا اردو اور انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔

اس کے بعد پندرہ منٹ کی ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں اکیڈمی کی مختصر تاریخ آغاز، مختلف لرننگ زونز کی کارکردگی، دفتری شعبہ جات کا تعارف کروایا گیا نیز دُور دراز ممالک سے بعض طلبہ و طالبات کا اتقا کی کلاسز کے بارہ میں فیڈ بیک بھی شامل تھا۔
مکرم حافظ فضل ربی صاحب انچارج انٹرنیشنل تعلیم القرآن اکیڈمی نے سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں آپ نے اکیڈمی کی تعلیمی سرگرمیوں، سال بھر کی پیش رفت اور نمایاں کامیابیوں کا ذکر کیا۔ آپ نے بتایا کہ انٹرنیشنل اکیڈمی کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خاص ہدایات اور ارشاد کے تحت ۲۰۲۰ء میں کیا گیا تھا جبکہ دنیا اُس وقت کووڈ کی وبا کی زد میں تھی۔ احمدی بچوں اور بچیوں کو دنیا بھر میں قرآن کریم کی تعلیم ان کے گھروں تک پہنچانے کےليے لندن مرکز سے اس اکیڈمی کا آغاز کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس وقت اکیڈمی میں تقریباً چار ہزار طلبہ و طالبات آن لائن تعلیم القرآن حاصل کررہے ہیں اور ان کا تعلق دنیا کے ۳۶؍ممالک سے ہے جن کو پانچ لرننگ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جبکہ رضاکار اساتذہ کی تعداد ساڑھے پانچ سو سے تجاوز کرچکی ہے۔ امسال پانچ سال مسلسل اکیڈمی میں پڑھانے والی قرآن ٹیچرز کو سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔ مکرم حافظ صاحب موصوف نے اکیڈمی میں ناظرہ، ترجمۃ القرآن، عربی قواعد گرامر، حفظ القرآن سے متعلقہ کورسز کے متعلق گذشتہ سال ہونے والے کام کے بارہ میں آگاہی دی۔ نیز دنیا کی ۱۳؍بڑی زبانوں میں جاری لفظی ترجمۃ القرآن کلاسز کے بارے میں بتایا جو کہ اکیڈمی کے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کردی جاتی ہیں اورغیر از جماعت لوگ بھی اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مکرم انچارج صاحب نے بتایا کہ اکیڈمی کا دفتر بیت الاحسان، لندن میں صبح چھ بجے سے رات ایک بجے تک مصروف عمل رہتا ہے اورآسٹریلیا، نیوزی لینڈ سے کینیڈا تک مختلف ممالک اور ٹائم زونز میں جاری اکیڈمی کی آن لائن کلاسز کی مرکزی دفتر نگرانی کرتاہے۔ ہرسمیسٹر کے بعد باقاعدہ امتحانات ليے جاتے ہیں اور پاس ہونے پر اگلے لیول میں داخل کیا جاتا ہے جبکہ فارغ التحصیل ہونے والے متعلمین و متعلمات کی تعداد بھی سینکڑوں میں ہے۔ بعض ان میں سے اب اکیڈمی میں بطور رضاکار ٹیچر خدمات بھی سرانجام دے رہے ہیں۔ الحمدللہ

مکرم حافظ انیق الرحمٰن صاحب انچارج آفس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ان متعلمین و متعلمات کے اسماء کا اعلان کیا جنہوں نے امتحانات میں نمایاں کارکردگی پیش کی۔ متعلمات کو اسناد اور انعامات مکرمہ ڈاکٹر قرۃ العین صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ یوکے نے دیے جبکہ متعلمین نے اپنی اسناد اور انعامات مکرم امیر صاحب یوکے سے وصول کیے۔
تقریب کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں ITQA کی انتظامیہ و اساتذہ کی خدمات کو سراہا، طلبہ و طالبات کی محنت کی حوصلہ افزائی کی اور والدین کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی میں ITQA کے قیام اور ترقی کا مختصر ذکر کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو مزید ترقی دے اور خلافت کے بابرکت سایہ میں قرآنِ کریم کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آخر میں مکرم امیر صاحب یوکے نے دعا کروائی جس کے ساتھ یہ بابرکت تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ بعدازاں مہمانان کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ پروگرام کی جملہ کارروائی کو براہ راست یوٹیوب پر پیش کیا گیا جس کی وجہ سے دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ وطالبات اور اساتذہ بھی اس تقریب میں شامل ہوگئے۔
اللہ تعالیٰ اس ادارہ کو مزید ترقیات اور برکات عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:اطہر احمد۔ مربی سلسلہ اتقا اکیڈمی، یوکے)
مزید پڑھیں: ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کی جانب سے کوفکراکرو، ساں پیدر ومیں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد




