سپورٹس بلیٹن
فٹبال: افریقہ کپ آف نیشنز (AFCON)دوسری مرتبہ سینیگال نے جیت لیا۔فائنل معرکہ میں سینیگال نے میزبان مراکش کو صفرکے مقابلہ میں ایک گول سے شکست دی۔میچ کا واحدگول Pape Gueyeنے دوسرےہاف کے آخرمیں کیا۔بعدازاں مراکش کی ٹیم کو ایک پنلٹی ملی جس پر احتجاج کرتے ہوئے سینیگال کی ٹیم میدان سے باہر چلی گئی اور ۱۷؍منٹ تک کھیل رکا رہا۔تاہم میچ دوبارہ شروع ہونے پر مراکش کے Brahim Diazنے پنلٹی ضائع کردی۔مصر کے Brahim Diazنے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ پانچ گول کیے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں نائیجیریا نے مصرکو پنلٹی شوٹس پر ۴۔۲؍سے ہرایا۔مقررہ وقت میں یہ میچ بغیرکسی گول کے برابررہاتھا۔
کرکٹ: بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ میچز کی سیریز نیوزی لینڈنے ۲۔۱؍سے جیت لی۔پہلے میچ میں میزبان بھارت نے ۳۰۱؍رنزکا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ویرات کوہلی ۹۳؍رنزبناکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔دوسرے میچ میں کیوی ٹیم نے ڈیرل مچل کے شاندار۱۳۱؍رنزناٹ آؤٹ کی بدولت ۲۸۵؍رنزکا ٹارگٹ تین وکٹوں کے نقصان پر بآسانی پورا کیا۔اِندور(Indore)میں ہونے والے فیصلہ کن مقابلہ میں نیوزی لینڈنے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ ۵۰؍اوورزمیں ۳۳۷؍رنزبنائے۔ ڈیرل مچل نے لگاتار دوسری سینچری اسکور کی اور Glenn Phillipsنے ۱۰۶؍رنزکی دھواں دار باری کھیلی۔جواب میں بھارتی ٹیم ۲۹۶؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی، ویرات کوہلی ۱۲۴؍رنزبناکر نمایاں رہے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی: پاکستان کے ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ پریذیڈنٹ ٹرافی میں ایس این جی پی ایل(SNGPL) کی ٹیم پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) کی ٹیم کے خلاف۴۰؍رنزکے ہدف کے تعاقب میں صرف ۳۷؍رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔یوں پی ٹی وی نے فرسٹ کلاس کرکٹ کی۲۳۱؍سالہ تاریخ میں سب سے کم ہدف کا کامیاب دفاع کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔
ٹینس:آسٹریلین اوپن کے پہلے راؤنڈمیں عالمی نمبر چار سربیا کے نوواک جوکووِچ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن میں اپنی سَوویں کامیابی حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے سپین کے Pedro Martinezکے خلاف تین سیٹس میں کامیابی سمیٹی۔۳۸؍سالہ جوکووچ دس مرتبہ آسٹریلین اوپن کے چیمپئن بن چکے ہیں اور وہ اس سال اپنے ۲۵ ویں گرینڈسلیم ٹائیٹل کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔جوکووچ اپنے بے مثال کیریئرمیں ومبلڈن اوپن میں۱۰۲؍اور فرینچ اوپن میں۱۰۱؍ فتوحات حاصل کرچکے ہیں۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭




