خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں برطانوی فوجیوں سے متعلق بیان بدل دیا۔برطانوی فوجیوں کو فرنٹ لائن سے پیچھے رہنے کی بات پر سرکیئر اسٹارمر کی تنقید کے بعد ٹرمپ نے بات بدل دی، کہا برطانیہ کے فوجی عظیم اور بہادر ہیں اور ہمیشہ امریکہ کے ساتھ رہیں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مارے گئے۴۵۷؍برطانوی فوجی بری طرح زخمی ہوئے تھے اور وہ عظیم جنگجوؤں میں سے ایک تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایسا بندھن ہے جو کبھی ٹوٹ نہیں سکتا۔ سوائے امریکہ کے برطانوی فوجیوں کا کوئی ثانی نہیں۔ ہم ان سے محبت کرتے ہیں اور ہمیشہ محبت کرتے رہیں گے۔
٭… امریکہ کی ثالثی میں دو روزہ روس یوکرین مذاکرات ابوظہبی میں اختتام پذیر ہوگئے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دو روزہ مذاکرات میں فریقین کے درمیان بہت احترام دیکھا کیونکہ دونوں تنازع کا حل چاہتے ہیں۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایک اور ملاقات ابوظہبی میں اگلے ہفتے اتوار کو ہوگی جس میں یوکرین امن معاہدے کو حتمی مرحلے کی طرف بڑھائیں گے۔ترجمان اماراتی حکومت کے مطابق مذاکرات میں روسی یوکرینی حکام کا براہ راست رابطہ ہوا، مثبت اور تعمیری ماحول میں ہونے والی بات چیت میں امریکہ کے مجوزہ امن فریم ورک کے نکات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
٭… بورڈ آف پیس کے بعد وائٹ ہاؤس نے ایک بار پھر گرین لینڈ پر اپنی توجہ مرکوز کرلی ہے۔اس بار سیاسی بیانات کے بجائے سوشل میڈیا پر وائرل میم کے ذریعے یہ توجہ حاصل کی۔وائٹ ہاؤس نے اے آئی سے تیار کردہ ایک تصویر جاری کی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو برف پوش پہاڑوں کی جانب ایک پینگوئن کے ساتھ چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ امریکی صدر جو ڈنمارک سے گرین لینڈ حاصل کرنے کی خواہش کا کئی بار اظہار کر چکے ہیں، اب سوشل میڈیا پر مقبول ’نہلسٹ پینگوئن‘ میم ٹرینڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔یہ میم گذشتہ تقریباً دو دہائیوں سے زیر گردش ہے اور اس کی بنیاد جرمن فلم ساز ورنر ہرزوگ کی ۲۰۰۷ء کی ڈاکومنٹری Encounters at the End of the World پر ہے۔اس فوٹیج میں ایک ایڈیلی پینگوئن کو اپنی کالونی سے الگ ہو کر انٹارکٹکا کی وسعتوں میں بھٹکتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ وقت کے ساتھ یہ منظر نہلسٹ پینگوئن، تنہا پینگوئن یا بھٹکتا ہوا پینگوئن کے نام سے ایک مشہور میم بن گیا۔ اسی رجحان کو اپناتے ہوئے وائٹ ہاؤس نے ایک اے آئی سے تیار کردہ تصویر شیئر کی، جس میں ٹرمپ ایک پینگوئن کے ہمراہ برفانی پہاڑوں کی طرف بڑھتے نظر آتے ہیں۔ تصویر میں پینگوئن کے ہاتھ میں امریکی پرچم ہے، جبکہ پس منظر میں موجود پہاڑوں پر گرین لینڈ کا جھنڈا دکھایا گیا ہے۔تصویری پوسٹ کے کیپشن میں وائٹ ہاؤس نے لکھا کہ Embrace The Penguin۔تاہم یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اصل ڈاکومنٹری میں پینگوئن گرین لینڈ کی طرف نہیں جا رہا تھا بلکہ وہ اپنی کالونی اور سمندر سے دور، مزید انٹارکٹکا کی جانب بھٹک رہا تھا۔وائٹ ہاؤس کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا، کیونکہ تصویر میں دکھایا گیا پینگوئن آرکٹک میں پایا ہی نہیں جاتا۔ متعدد صارفین نے حقائق کی غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس پوسٹ کو شرمناک قرار دیا۔
٭… ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اسرائیلی ریاست نے ایران کے مختلف شہروں میں مستقل منظم حملے کیے۔اسرائیلی کارروائیوں کو ۴۸؍گھنٹوں سے بھی کم وقت میں شکست دے دی گئی، اور ۴۸؍گھنٹے اسرائیلی حکومت کے لیے بارہ روزہ جنگ سے زیادہ شدید جھٹکا ثابت ہوئے۔ محمد باقر قالیباف نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے اپنے ملک کو احتجاج کے دوران ہونے والے فسادات میں محفوظ رکھا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ حالیہ احتجاج کے دوران ہونے والے فسادیوں کو خارجی امداد مل رہی تھی اور وہ داعش کے انداز میں لوگوں کو قتل کررہے تھے۔




