خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے دوران امریکہ نے ایک خفیہ ہتھیار ’ڈسکمبوولیٹر‘ استعمال کیا جس سے وینزویلا کے دفاعی نظام ناکارہ ہو گئے اور روسی و چینی میزائل فعال نہ ہو سکے۔ ٹرمپ نے انٹرویو میں اس ہتھیار کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ اس پر بات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کارروائی کے دوران کاراکاس کی زیادہ تر لائٹس بند کر دی گئی تھیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکہ منشیات کارٹلز کے خلاف زمینی کارروائیاں جاری رکھے گا، جو میکسیکو یا وسطی امریکہ تک پھیل سکتی ہیں۔ یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا جب مادورو کو وفاقی مقدمات میں نیویارک میں گرفتار کیا گیا۔
٭… انگلینڈ اور ویلز میں پولیس کے لیے ہنگامی ردِعمل کے نئے اور سخت اوقات مقرر کر دیے گئے ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت جان کو خطرہ، تشدد یا جاری جرم کی صورت میں پولیس کو شہروں میں پندرہ اور دیہی علاقوں میں بیس منٹ کے اندر پہنچنا ہوگا۔ ہوم سیکرٹری شبانہ محمود نے پولیس اصلاحات کے ایک بڑے پیکج کا اعلان کیا ہے جسے ہوم آفس نے دو صدیوں میں پولیسنگ کی سب سے بڑی اصلاحات قرار دیا ہے۔ تاخیر کی صورت میں پولیس فورسز کو جواب دہ بنانے کے لیے نیا نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ سست فورسز کی مدد کے لیے تیز فورسز کے سینئر افسران تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ محلہ جاتی پولیسنگ کی بحالی اور گشت میں اضافے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
٭… امریکہ کی متعدد ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد گیارہ ہو گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق تقریباً نو کروڑ افراد کے لیے انتہائی سردی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ شدید موسم کے باعث ملک بھر میں سترہ ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ دس لاکھ سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ حکام کے مطابق چوبیس ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور پندرہ ریاستوں میں ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ خراب موسم کے باعث واشنگٹن میں وفاقی دفاتر بند ہیں جبکہ نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسز جاری ہیں۔
٭… بھارت کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں نیپاہ وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات نافذ کرتے ہوئے تقریباً ایک سو افراد کو گھریلو قرنطینہ میں رکھا ہے، جبکہ ایک مریض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر تھائی لینڈ نے بھی حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں اور مغربی بنگال سے آنے والے مسافروں کی ایئرپورٹس پر اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نیپاہ وائرس پہلی بار ۱۹۹۸ء میں ملائیشیا میں رپورٹ ہوا تھا اور عالمی ادارۂ صحت کے مطابق یہ ایک مہلک زونوٹک بیماری ہے جو چمگادڑوں، آلودہ خوراک یا انسان سے انسان میں منتقل ہو سکتی ہے۔ فی الحال اس کا کوئی مخصوص علاج یا ویکسین موجود نہیں۔
٭… امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی بحری اور فضائی فوجی موجودگی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایک بڑی امریکی آرماڈا خلیج کی جانب روانہ ہو رہی ہے اور اس کی توجہ ایران پر ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایئرکرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ، جنگی جہاز اور جدید دفاعی نظام خطے میں تعینات کیے جا رہے ہیں، جبکہ طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن نے مشرقِ وسطیٰ کا رخ کر لیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حملے کی صورت میں خطے میں موجود تمام امریکی اڈے نشانہ بنیں گے۔ بڑھتی کشیدگی کے باعث فضائی سفر متاثر ہوا ہے اور امریکہ نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔
٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی صورت میں کینیڈا پر سو فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کینیڈا کو چینی مصنوعات کے لیے امریکہ بھیجنے کا راستہ بنانے کی کوشش کی تو امریکہ فوری سخت اقدامات کرے گا۔ ٹرمپ کے مطابق چین کینیڈا کی معیشت، کاروبار اور سماجی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین سے معاہدے کی صورت میں کینیڈین مصنوعات پر فوری بھاری ٹیرف لگایا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم مارک کارنی نے امریکہ کی جانب سے گرین لینڈ سے متعلق ممکنہ ٹیرف کی مخالفت کرتے ہوئے آرکٹک خطے میں تعاون اور بامقصد مذاکرات کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔




