خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فوجی کارروائی کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی حملے کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی افواج زمین، فضا اور سمندر میں مکمل طور پر تیار ہیں۔ اُن کے مطابق ماضی کے حملوں سے ایران نے سبق سیکھا ہے اور اب زیادہ مؤثر ردعمل کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے جوہری معاہدے پر مذاکرات نہ ہونے کی صورت میں حملے کی دھمکی دی ہے، تاہم ایران نے واضح کیا ہے کہ دباؤ میں بات چیت ممکن نہیں۔ خطے کے کئی ممالک کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
٭… امریکہ کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں شدید سردی کی لہر کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ۶۵؍تک پہنچ گئی ہے جبکہ معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شکاگو میں درجہ حرارت منفی ۱۴؍اور کلیولینڈ میں منفی ۱۱؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹینیسی اور مسیسیپی میں ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ بدھ کے روز امریکن ایئرلائنز کی ۶۵۳؍پروازیں منسوخ جبکہ ایک ہزار سے زائد تاخیر کا شکار رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کی یہ لہر آئندہ ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
٭… کولمبیا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام ۱۵؍افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارہ وینزویلا کی مشرقی سرحد کے قریب ایک پہاڑی علاقے میں لاپتہ ہوا تھا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق کوکوٹا سے اوکانا جانے والی پرواز سے لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے بعد حادثے کی تصدیق ہوئی۔ طیارے میں کولمبیا کانگریس کے ایک رکن سمیت ۱۳؍مسافر اور ۲؍عملے کے ارکان سوار تھے۔ حکام کے مطابق خراب موسم حادثے کی ممکنہ وجہ ہے، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔
٭… اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے کہا ہے کہ ایران باہمی احترام اور مفادات کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی دباؤ یا جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ ایرانی مشن کے مطابق اگر ایران پر دباؤ ڈالا گیا تو ایسا جواب دیا جائے گا جو پہلے کبھی نہیں دیا گیا۔ یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد سامنے آیا ہے، جنہوں نے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں شدید حملے کا عندیہ دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے طاقتور طیارہ بردار بحری بیڑا ایران کی جانب روانہ کر دیا ہے اور وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔
٭… امریکی سائبر سیکیورٹی ایجنسی سیسا (CISA) کے قائم مقام سربراہ ڈاکٹر مدھو گوتمُکلا پر حساس سرکاری دستاویزات عوامی اے آئی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی پر اپ لوڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ بات امریکی جریدے پولیٹیکو کی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اقدام اُس وقت کیا گیا جب محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ملازمین کے لیے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال پر پابندی تھی۔ اپ لوڈ کی گئی دستاویزات خفیہ نہیں تھیں مگر حساس نوعیت کی تھیں۔ واقعے کے بعد اندرونی تحقیقات شروع کی گئیں، تاہم نتائج سامنے نہیں آ سکے۔
٭… دبئی حکومت نے نیا چیک اِن نظام متعارف کروا دیا ہے جس کے تحت مسافر شہر کے مختلف مقامات سے پہلے ہی اپنا چیک اِن اور سامان جمع کروا سکتے ہیں۔ نئے منصوبے کے تحت خصوصی چیک اِن سینٹرز قائم کیے جائیں گے جہاں مسافر بورڈنگ پاس حاصل کر سکیں گے اور پھر سیدھا ایئر پورٹ پہنچ کر جہاز میں سوار ہوں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایئر پورٹ پر رش کم کرنا اور مسافروں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ دبئی کا تیز ترین امیگریشن سسٹم پہلے ہی اوسطاً ۳۰؍ سیکنڈ سے ۶؍منٹ میں کلیئرنس دیتا ہے، اور نئے نظام سے وقت کی بچت اور بہتر سفر ممکن ہوگا۔




