سپورٹس بلیٹن
کرکٹ: حکومتِ پاکستان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈکپ۲۰۲۶ء میں شمولیت کی اجازت دیتے ہوئے بھارت کے خلاف ۱۵؍فروری کا میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کردیا تاہم اس اعلان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کن وجوہات کی بناپرپاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف کولمبومیں ہونے والے میچ کابائیکاٹ کیا۔اس فیصلے نے دنیائے کرکٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے کیونکہ بھارت اور پاکستان کا میچ نہ ہونے سے نہ صرف لاکھوں شائقین دلچسپ مقابلے سے محظوظ ہونے سے محروم رہیں گے بلکہ آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کوکئی ملین ڈالرزکا نقصان بھی اٹھانا پڑے گا۔ واضح رہے کہ ۷؍فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم گروپ اے میں شامل ہے جہاں اسے بھارت کے علاوہ نیدرلینڈز، نمیبیااور یوایس اے کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔
پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا:لاہور میں ہونے والی تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز پاکستان نے تین صفر سے اپنے نام کرلی۔پہلے میچ میں پاکستان نے مقررہ ۲۰؍اوورزمیں ۱۶۸؍رنزبنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم ۱۴۶؍رنزبناسکی۔ صائم ایوب ۴۰؍رنزاور دو وِکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے مقابلہ میں پاکستان نے ۹۰؍رنز سے کامیابی حاصل کی۔پہلے بلےبازی کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے کپتان سلمان علی آغاکے جارحانہ ۷۶؍رنزکی بدولت ۱۹۹؍رنزکا ٹارگٹ دیا لیکن آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف ۱۰۸؍رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ تیسرے اورآخری میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر۲۰۷؍رنزبنائے جس کےجواب میں مہمان ٹیم محض ۹۶؍رنزبناسکی۔محمدنواز نے شاندارگیندبازی کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔یوں پاکستان کرکٹ ٹیم سات سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ اورسیریزجیتنے میں کامیاب ہوئی۔
دوسری طرف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلےمیں بھارت نے نیوزی لینڈ کوپانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں ۴۔۱؍سے شکست دے دی،جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ۲۔۱؍سے کامیابی حاصل کی جبکہ انگلینڈاور سری لنکا کے مابین ہونےوالے سیریز کے ابتدائی دومیچز میں انگلش ٹیم فاتح رہی۔
ٹینس: سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کا مینز سنگلز ٹائیٹل Carlos Alcaraz نے جیت لیا۔ فائنل میں عالمی نمبر ایک ہسپانوی کھلاڑی نے سربیا کے Novak Djokovic کوچارسیٹس میں شکست دے کر اپنا پہلا آسٹریلین اوپن ٹائیٹل جیت لیا۔ یوں ۲۲؍سال کی عمر میں کارلوس الکاریز چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتنے والے کم عمر ترین مرد کھلاڑی بن گئے۔خواتین کے سنگلز فائنل میں بیلاروس کی عالمی نمبرایک کھلاڑی Aryna Sabalenkaکو شکست کاسامنا کرنا پڑا۔قازقستان کی Elena Rybakinaنے تین سیٹس میں فتح حاصل کرکے پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن جیت لیا۔ وہ قبل ازیں ۲۰۲۲ء میں ومبلڈن اوپن کی فاتح رہ چکی ہیں۔
فٹبال:یوئیفاچیمپئنز لیگ کے ۷۱؍ویں سیزن کے آٹھویں راؤنڈ کے مقابلوں میں انگلش کلب آرسنل نے قازقستان کے کلب Kairatکے خلاف ۳۔۲؍سے کامیابی حاصل کرکے رواں سیزن چیمپئنزلیگ میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزازبرقرار رکھا۔ دیگرمقابلوں میں بارسلونا نے کوپن ہیگن کو ۴۔۱،چیلسی نے نپولی کو۳۔۲،انٹرمیلان نے ڈورٹمنڈ کو ۲۔صفر، لیورکیوسن نے ویاریال کو۳۔صفر سے شکست دی۔ ریال میڈرڈ کو بینفیکا کے ہاتھوں دوکے مقابلہ میں چار گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بائرن میونخ ، لیورپول اور ٹوٹینہیم نے بھی اپنے میچز میں کامیابی حاصل کی۔
انگلش پریمیئر لیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے میچز میں آرسنل نے لیڈزیونائیٹڈکو ۴۔صفر سے ہرا دیا۔فاتح ٹیم رواں سیزن میں ۲۴؍میچز میں ۱۶؍کامیابیوں اور۵۳؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔دیگرمقابلوں میں چیلسی نے ویسٹ ہیم کو۳۔۲،لیورپول نے نیوکاسل کو۴۔۱،اورمانچسٹریونائیٹڈ نے فلہم کو۳۔۲؍سے شکست دی۔مانچسٹرسٹی اور ٹوٹینہیم کا مقابلہ ۲۔۲؍گول سے برابرہوا۔اسی طرح برائٹن بمقابلہ ایورٹن اور ناٹنگھم فاریسٹ بمقابلہ کرسٹل پیلس بھی ڈرا ہوئے۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭




