متفرق

ربوہ کا موسم(۳۰؍جنوری تا ۵؍فروری ۲۰۲۶ء)

۳۰؍جنوری جمعۃ المبارک کے دن فجر کے وقت ہوا بالکل بند تھی، تاہم خنکی قائم تھی، آسمان صاف ہونے کی وجہ سے نماز فجر کےبعد فوراً اُجالا شروع ہوگیا۔ دن کا تمام وقت لوگوں نے باہر دھوپ میں بیٹھ کر گزارا، اور چُھٹی کے دن خوب مزے کيے۔ جمعہ کی نماز کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہوگیا۔ ہفتہ کو صبح کے وقت ہلکی ہوا جاری تھی، آسمان صاف تھا تاہم صبح ۹بجے کے قریب آسمان پر بادلوں کی ہلکی تہ آ موجود ہوئی، جس کی وجہ سے دھوپ کچھ دھندلی سی ہوگئی اور اس کی تمازت میں کمی آ گئی۔ اتوار کو صبح کے وقت تو مطلع صاف تھا لیکن بعد میں ہلکے بادلوں سے بھر گیا۔ جس کی وجہ سے دھوپ زمین پر کم پہنچ رہی تھی، ساتھ ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی، دھوپ میں گرمی نہ ہونے کے برابر تھی۔ سوموار کو فجر کے وقت موسم قدرے صاف تھا، ہلکی ٹھنڈی ہوا رواں دواں تھی۔ دن بھر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا، سورج کبھی بادلوں کی اوٹ چلا جاتا اور کبھی اپنا چہرہ باہر نکال لیتا، ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی۔

منگل کو تقریباً ایسا ہی موسم تھا، فرق یہ تھا کہ دن بھر ٹھنڈی اور تیز ہوا جاری رہی، دھوپ میں بیٹھنے سے ہوا کی وجہ سے سردی محسوس ہوتی تھی۔ بدھ اور جمعرات کو سارا دن موسم صاف رہا دھوپ کے ساتھ ہلکی ہوا کا تڑکہ بھی لگا ہوا تھا، جس سے موسم کا ذائقہ پُر لطف بن گیا یعنی خوشگوار ہوگیا۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۳؍ اور کم سے کم ۱۰؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button