امریکہ (رپورٹس)

ساؤ پاؤلو (برازیل) کے قریبی شہر Guarujá کا تبلیغی دورہ

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خاکسار (مبلغ سلسلہ) کو ساؤپاؤلو کے قریبی شہر Guarujá میں مورخہ ۹؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو تبلیغی ملاقاتیں کرنے کی توفیق ملی۔

پہلی ملاقات شہر کے سیکرٹری برائے انسانی حقوق کے ساتھ ہوئی جس میں ان کے ساتھ ان کے مشیر برائے مذہبی امور بھی شامل تھے۔ خاکسار نے انہیں اسلام اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا۔ اس شہر میں حکومت کی طرف سے مذہبی آزادی کا ایک فورم بنا ہوا ہے، لیکن اس میں مسلمانوں کی طرف سے کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ چنانچہ سیکرٹری صاحب نے پیشکش کی کہ آپ اسلام کے نمائندہ کے طور پر اس فورم میں شامل ہوجائیں۔

اس کے بعد خاکسار کو شہر کی کونسل کے صدر سے ملاقات کا موقع ملا۔ جس میں خاکسا رنے انہیں اسلام احمدیت کا تعارف کروایا اور انہیں جماعت احمدیہ کے خلاف ہونے والی مخالفت کی رپورٹس بھی پیش کیں۔ جس سے وہ بہت متاثر ہوئے۔ موصوف نے خاکسار کو ان کی کونسل میں اسلام کے متعلق لیکچر دینے کی دعوت بھی دی۔

اس کے ساتھ ہی خاکسار کی شہر کے وکلاء بار کونسل کے صدر اور اس کے انسانی حقوق کے کمیشن کی صدر سے ملاقات ہوئی۔ موصوفہ نے اس بات کا اظہار کیا کہ جب میری سیکرٹری نے مجھے بتایا کہ مسلمانوں کے نمائندہ ہم سے ملنا چاہتے ہیں تو میں حیران ہوئی کہ ہمیں کیوں ملنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً ۲۵ سال سے وہ وکلاء کونسل بار کا حصہ ہیں مگر آج تک کبھی کسی اسلام کے نمائندہ نے ہمارے ساتھ ملاقات نہیں کی۔ جب ملاقات کے دوران انہیں اسلام احمدیت کی پُرامن تعلیمات کے بارے میں بتایا گیا تو وہ بہت متاثر ہوئیں۔

اس دورہ کی خبر شہر کے بڑے اخبار نے بھی شائع کی نیز اس بات کا ذکر کیا کہ بین المذاہب فورم میں اب اسلام کی نمائندگی بھی ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان تمام ملاقاتوں کے ذریعہ ہزاروں افراد تک حقیقی اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذٰلک۔

(رپورٹ: حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button