گیمبیا میں موجود جماعتی سکول مانساکونکو میں رمضان المبارک میں حسن قراءت قرآن کریم کا مقابلہ
مکرم سید سہیل احمد واقف زندگی استاد تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کے لوئر ریور ریجن میں قائم کردہ جماعتی سکول طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو میں رمضان المبارک کی مناسبت سے قرآن کریم کی تلاوت کا مقابلہ منعقد ہوا۔ الحمدللہ

یہ تلاوت کے ساتھ ساتھ حفظ کا بھی مقابلہ تھا۔ چنانچہ جملہ شاملین نے حفظ شدہ حصہ کی تلاوت کی۔ یہ مقابلہ رمضان کے تین ہفتوں پر محیط رہا۔ اس سلسلہ میں ہر ہفتہ بروز ہفتہ شاملین کو سٹیج پر بلایا جاتا اور وہ تلاوت قرآن کریم کرتے۔ یہ سلسلہ پہلے دو ہفتے جاری رہا۔ تیسرے ہفتہ پہلے دونوں ہفتوں میں پوزیشنز لینے والے طلبہ و طالبات کا فائنل مقابلہ ہوا۔

مورخہ ۱۱؍مارچ ۲۰۲۶ء بروزبدھ صبح سکول کی اسمبلی میں پہلی چار پوزیشنز لینے والوں میں انعامات تقسیم کيے گئے۔ اس موقع پر بہت سے اساتذہ نے دلی جوش سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ليے انعامات دینے کےليے حسب توفیق رقم انتظامیہ کو جمع کروائی۔ پوزیشن حاصل کرنے والوں کو دو دو قرآن کریم، رمضان کی مناسبت سے لوازمات و دیگر انعامات دیے گئے۔ اس تقریب کے موقع پر تمام اساتذہ کے علاوہ سکول کے پرنسپل اور وائس پرنسپل بھی موجود تھے۔ آخر پر مکرم موموڈو کماٹے صاحب نے رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ قرآن کریم کی تلاوت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
اس مقابلہ میں کُل ۲۱؍طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ اس تقریب کی خاص بات یہ ہے کہ اس مقابلہ تلاوت میں پہلی پوزیشن لینے والا طالب علم اللہ کے فضل سے احمدی ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔
اللہ تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہم سب کو قرآن کریم پڑھنے، سمجھنے اور اس پر عمل کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جاپان کی بعض مساعی




