ہالینڈ میں یونیورسٹی کے شعبہ تھیالوجی کے طلبہ کا مسجد بیت النور، نن سپیٹ کا دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یونیورسٹی آف اُتریخت، ہالینڈ کے شعبہ تھیالوجی سے تعلق رکھنے والے ۵؍طلبہ کو مورخہ ۱۶؍جنوری بروز جمعہ مسجد بیت النور، نن سپیٹ کے تعلیمی دورہ کی توفیق ملی۔ طلبہ کو صبح ۱۱؍بجے مسجد میں خوش آمدید کہا گیا جہاں ان کے لیے ایک معلوماتی پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔

اس پروگرام کے دوران اسلام احمدیت کے تعارف پر مبنی ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی جس میں اسلام کی حقیقی تعلیمات، جماعت احمدیہ کا تعارف اور حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے موضوعات پر خاص طور پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر مکرم ہبۃالنور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ بھی طلبہ سے مخاطب ہوئے اور مذکورہ موضوعات کو مزید واضح کیا۔
پریزنٹیشن کے بعد مہمان طلبہ کی تواضع دوپہر کے کھانے سے کی گئی۔ اس کے علاوہ طلبہ کو یادگاری تحائف بھی پیش کیے گئے جن میں چاکلیٹ اور مختلف احمدیہ کتب شامل تھیں۔ نیز مکرم امیر صاحب نے طلبہ کو قرآنِ کریم کا نیا شائع شدہ ڈچ ترجمہ بھی بطورِ تحفہ پیش کیا۔
الحمدللہ، طلبہ کو نمازِ جمعہ میں شرکت کا موقع بھی ملا اور انہوں نے قریب سے مشاہدہ کیا کہ کس طرح نمازِ جمعہ ادا کی جاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک اور دیرپا نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




