یورپ (رپورٹس)

مسجد بیت النور، نن سپیٹ، ہالینڈ میں سال نو کی استقبالیہ تقریب کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کے زیر اہتمام مورخہ ۲۴؍جنوری بروز ہفتہ بیت النور مسجد، نن سپیٹ میں سال نو کی استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس بابرکت پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں، لوکل میئر اور لوکل کونسل کی عاملہ کے ۱۰؍سے ۱۵؍ممبرز جن میں ۴؍سے ۵؍سیاسی پارٹیوں کے ممبرز شامل تھے، نیز احبابِ جماعت نے شرکت کی۔ کُل حاضری ۶۰؍افراد پر مشتمل تھی۔ الحمدللہ

مکرم اظہر نعیم صاحب نے پروگرام کا آغاز کروایا اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا جس کے بعد باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ خاکسار نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے جماعت کے بنیادی پیغام ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کو اجاگر کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

بعد ازاں مکرم سفیر احمد صدیقی صاحب مبلغ سلسلہ نے نئے سال کی مناسبت سے اظہار خیال کرتے ہوئے اسے محاسبۂ نفس، شکرگزاری اور اجتماعی ذمہ داریوں پر غور کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیا۔

تقریب میں نن سپیٹ کی میئر جناب سیلین بلوم صاحبہ نے اظہار خیال کیا اور جماعت احمدیہ کی سماجی خدمات اور مثبت معاشرتی کردار کو سراہتے ہوئے مختلف طبقات کے درمیان مسلسل مکالمے، باہمی احترام اور مضبوط تعلقات کے فروغ کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔

آخر میں مکرم ہبۃالنور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کے امتیازی عقائد کی وضاحت کی نیز بائبل میں مذکور آنحضورﷺ کی بعثت کے حوالے سے بھی روشنی ڈالی۔

تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا جس کے بعد شاملین کی تواضع عشائیہ سے کی گئی۔ یہ تقریب باہمی احترام، امن اور ہم آہنگی کے پیغام کو فروغ دینے کا ایک کامیاب اور بامقصد موقع ثابت ہوئی۔ مہمانوں کو جماعتی کتب بطور تحفہ بھی پیش کی گئیں۔

اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک اور دیرپا نتائج پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button