ایشیا (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ فلپائن کا دوسرا نیشنل اجتماع اور مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کا ساتواں نیشنل اجتماع

مجلس انصار اللہ فلپائن کا دوسرا نیشنل اجتماع

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فلپائن کو ۲۳ و۲۴؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت الاحد، زمبوآنگا میں مجلس انصار اللہ فلپائن کے دوسرے نیشنل اجتماع کے کامیاب انعقاد کی توفیق ملی۔

اجتماع کا آغاز ۲۳؍دسمبر کی صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے افتتاحی تقریب سے ہوا، جس میں تلاوتِ قرآن کریم، نظم اور دعا کے بعد انصار اللہ کا عہد دہرایا گیا۔جس کے بعد مکرم عبد المخلص صاحب (صدر انصار اللہ فلپائن) نے مختلف جماعتوں سے آنے والے انصار کا استقبال کیا۔ خاکسار (مربی سلسلہ) نے بھی انصاراللہ کی غرض و غایت اور تنظیمی ڈھانچے سے متعارف کروایا۔

اجتماع میں مختلف علمی اور ورزشی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت، نظم، تقریر، ترسّل (مقامی زبان میں نظم یا نعت)، حفظ قرآن اور احادیث کے مقابلے شامل تھے، جن میں انصار نے بھرپور حصہ لیا۔ کھیلوں میں باسکٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور پنجہ آزمائی جیسے دلچسپ مقابلے شامل تھے، جن میں شرکاء نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور وہ انصار جو بوجوہ مقابلوں میں حصہ نہ لے سکے انہوں نے بھی اپنی دلچسپی سے شاملین کی حوصلہ افزائی کر کے آپس میں بھائی چارے اور محبت کی فضا کو فروغ دیا۔

۲۴؍دسمبر کو مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع کر کے ادا کی گئیںاور پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اختتامی تقریر میں خاکسار نے انصار اللہ کو حضرت مصلح موعودؓ کے ارشادات کی روشنی میں توجہ دلائی کہ حضورؓ کو یہ بات ہرگز پسند نہ تھی کہ جماعت کے بزرگ محض عمر یا جسمانی کمزوری کی بنا پر خود کو غیر فعال سمجھ لیں، بلکہ حضورؓ کی خواہش تھی کہ انصار اللہ اپنے قیمتی تجربات، حوصلے اور راہنمائی کے ذریعے نوجوانوں کی تائید کرتے ہوئے جماعتی سرگرمیوں کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھائیں۔

اجتماع میں شاملین انصار کی کُل تعداد ۳۳ تھی۔

مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کی چھٹی نیشنل تربیتی کلاس اور ساتواں سالانہ اجتماع

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کو اپنی چھٹی سالانہ نیشنل تربیت کلاس اور ساتواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۲۵ تا ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء مسجد بیت الاحد، زمبوآنگا میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

تربیتی کلاس کا آغاز افتتاحی تقریب سے ہوا، جس میں تلاوت، نظم اور عہد کے بعد خاکسار نے خدام سے چند گزارشات کیں۔ چونکہ تربیتی کلاس انصار اللہ کے اجتماع کے فوراً بعد تھی اس لیے حسب معمول دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوتا رہا۔ نماز فجر کے بعد قرآن کریم کا درس دیا جاتا۔ ناشتے کے بعد باقاعدہ لیکچرز کا انتظام ہوتا۔ امسال معلمین اور مربیان کے علاوہ چند دیگر خدام نے بھی لیکچرز دیے۔

لیکچرز کے اختتام کے بعد روزانہ مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں خدام و اطفال کے مابین دلچسپ مقابلے بھی کروائے گئے۔اس سال تمام کھیل مسجد کے احاطے میں ہی منعقد کیے گئے۔ ان مقابلوں میں رسہ کشی،شطرنج، باسکٹ بال، والی بال، سو میٹر دوڑ، ڈارٹس، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس شامل تھے۔

ٹیبل ٹینس کی خاص بات یہ تھی کہ اس کے لیے استعمال ہونے والا ٹیبل جماعت کے مقامی افراد نے لکڑی خرید کر اور کچھ بچے ہوئے لوہے سے خود تیار کیا اور اسے پینٹ بھی کیا، جو خدام کے لیے ایک منفرد اور قابلِ قدر پہلو تھا۔

روزانہ مغرب اور عشاء کی نمازوں کے درمیانی وقفہ میں سوال و جواب کی محفلوں کا انعقاد ہوتا رہا جس میں خدام نے دور حاضر میں پیش آنے والے مختلف مسائل کے بارے میں سوالات پوچھے۔ ان مجالس عرفان کو خدام نے بہت پسند کیا۔

علاوہ ازیں خاکسار نے خلیفہ وقت سے ذاتی تعلق قائم کرنے کے موضوع پر گزارشات پیش کیں۔ نیز تمام شاملین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں خط لکھنے کی مشق کروائی گئی۔

اجتماع کے موقع پر جو شاملین اذان دینے کے خواہشمند تھے ان کا باقاعدہ روٹا بنایا گیا اور انہیں باری باری اذان دینے کی توفیق ملتی رہی۔

چونکہ اس سال خدام اور اطفال کی تربیتی کلاس اور اجتماع کو ایک ساتھ منعقد کیا گیا تھا اس لیے تقسیم انعامات کے بعد اختتامی خطاب میں شاملین کو تربیتی کلاس اور اجتماع میں فرق کے بارے میں بتایا گیا۔

اجتماع میں شاملین کی کل تعداد ۱۵۴ تھی جن میں ۸۹ خدام اور ۶۳ اطفال شامل تھے۔ ۱۲ انصار جو کہ مختلف جزیروں سے آئے ہوئے تھے اپنے خدام اور اطفال کی حوصلہ افزائی کے لیے پورا وقت ان کے ساتھ رکے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان دونوں پروگراموں کو مجلس خدام الاحمدیہ فلپائن کے لیے ترقیات کا ذریعہ بنائے اور تمام شرکاء کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریق پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: زکی احمد۔ مربی سلسلہ و صدر جماعت فلپائن)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button