یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ جرمنی کا سالانہ ریفریشر کورس

مکرم فاروق احمد چیمہ صاحب قائد عمومی مجلس انصاراللہ جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ جرمنی کو اپنا سالانہ ریفریشر کورس برائے نیشنل عاملہ، ناظمین اعلیٰ علاقہ و زونز مورخہ ۱۰ و ۱۱؍جنوری ۲۰۲۶ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

افتتاحی تقریب کا آغاز ۱۰؍جنوری بروز ہفتہ صبح پونے گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ جرمنی نے مجلس انصار اللہ کا عہد دہرایا۔ افتتاحی تقریر میں صدر صاحب نے مجلس انصار اللہ جرمنی کے تنظیمی ڈھانچے میں دوبارہ زونز کی تشکیل کے بارے میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العز یز سے منظوری کے حوالےسے آگاہ کیا۔ نیز ناظمینِ اعلیٰ زونز کو مجلس انصاراللہ کے پروگرامز کو بہتر انداز میں منعقد کروانے کے لیے پہلے سے زیادہ اور مؤثر رنگ میں محنت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ افتتاحی دعا کے بعد نیشنل عاملہ کی حاضری کا جائزہ لیا گیا اور تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں ناظمینِ اعلیٰ علاقہ و زونز کو ان کی منظوری کے خطوط اور سالانہ پروگرام کی فائلز تقسیم کی گئیں۔

محترم صدر صاحب مجلس نے ناظمینِ اعلیٰ علاقہ و زونز سے اپنے متعلقہ زعمائے مجالس سے رابطے کا جائزہ لیا اور تاکید کی کہ علاقہ کی ٹیم زون کی راہنمائی اور مدد کے لیے قائم کی گئی ہے اور زون کی ٹیم مجالس کی راہنمائی اور مدد کے لیے موجود ہے۔ اور فیلڈ میں ناظمینِ اعلیٰ علاقہ و زونز صدرِ مجلس کے نمائندے ہیں۔

مکرم محمود احمد خاں صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ جرمنی نے ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ جس میں فیلڈ کے دورہ جات، ماہانہ میٹنگز، سالانہ پروگرام بمطابق مرکزی لائحہ عمل اورمجلس انصار اللہ کے سافٹ ویئر کے باقاعدہ استعمال سے متعلق ہدایات دی گئیں۔

دوپہر دو بجے کھانے اور نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تصاویر کا سیشن ہوا۔ پونے تین بجے مکرم حامد محمود صاحب قائد تجنید نے مجلس انصار اللہ کے سافٹ ویئر کے حوالے سے پریزنٹیشن پیش کی۔ خاکسار (قائد عمومی) نے لائحہ عمل پیش کیا۔ مکرم قائد صاحب تجنید نے اپنے شعبہ کا لائحہ عمل پیش کیا۔ مکرم اشفاق احمد سندھو صاحب قائد ایثار نے لائحہ عمل پیش کیا اور بتایا کہ امسال قیادت ایثار نے شرائطِ بیعت میں شرط نمبر۹کو اپنا لائحہ عمل بنایا ہے، جو درج ذیل ہے:

’’یہ کہ عام خلق اللہ کی ہمدردی میں محض لِلّٰہ مشغول رہے گا اور جہاں تک بس چل سکتا ہے اپنی خدا داد طاقتوں اور نعمتوں سے بنی نوع کو فائدہ پہنچائے گا۔‘‘

ممبران نیشنل مجلس عاملہ

بعد ازاں احمدیہ لنگر کی گاڑی کو مؤثر طریق پر استعمال کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات دی گئیں۔ مجالس میں شہروں کی انتظامیہ سے مل کر وقارِ عمل کے پروگرامز بنانے کی تاکید کی گئی۔ نیز بیت العافیت کے وقارِ عمل کے لیے ویک اینڈز پر ٹیمیں تیار کر کے بھجوانے کی بھی درخواست کی گئی۔ ہر مجلس میں کم از کم ایک پودالگانے کا ہدف رکھا جائے۔

مکرم منصور احمد صاحب قائد مال نے شعبہ مال کا لائحہ عمل پیش کیا اور مکرم ناظمینِ اعلیٰ صاحب علاقہ جات کی کاوشوں کو سراہا، جن کی مستقل کاوشوں کے نتیجہ میں مجلس کو ۱۰۰ فیصد وصولی کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

بجٹ ۲۰۲۶ء کی نظر ثانی اور نئے شامل ہونے والے انصار بھائیوں کے بجٹ سسٹم میں اپ ڈیٹ کرنے کی تاکید کی گئی اور مقررہ تاریخ پر اس کام کو مکمل کرنے کی درخواست کی گئی۔

ناظمینِ اعلیٰ صاحبان علاقہ جات

اخراجات کے حوالے سے یہ تاکید کی گئی کہ کوئی بھی بڑا پروگرام اگر علاقہ، زون یا مجلس کی سطح پر منعقد کرنے کا پروگرام ہو تو اس کے اخراجات کی پیشگی تحریری منظوری محترم صدر صاحب مجلس سے لینا ضروری ہے۔

محترم صدر صاحب مجلس نے بغرض یاددہانی تمام شاملین کو بتایا کہ ہر قسم کی ڈاک کا اصل چینل شعبہ عمومی ہے، اس لیے بذریعہ ای میل یا پوسٹ ڈاک صرف قیادت عمومی کو ہی بھجوائی جائے۔ نیز محترم صدر صاحب نے تمام عہدیداران کو دستورِاساسی کے مطابق کام کرنے کی تلقین کی۔

مکرم ظفر احمد ناگی صاحب نائب صدر اول نے شعبہ اصلاح و ارشاد کا لائحہ عمل پیش کیا۔ اور اس حوالے سے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کے ارشادات برائے راہنمائی پیش کیے۔ نیز درج ذیل اہداف کے حصول کے لیے بھر پور کاوشوں کی تلقین کی: پوسٹرز کی مہم، فلائرز کی تقسیم کا ٹارگٹ ۱.۱ ملین (۲۰۰ فلائرز فی ناصر)، بڑی تبلیغی نشستیں، اوپن لائبریریوں میں کتب رکھوانا، جلسہ سالانہ پر زیرِ تبلیغ مہمانان کو لے کر جانا۔ نیز یونان میں تبلیغ کے لیے انصار بھائیوں کو تیار کرنے کی بھی درخواست کی گئی۔

ناظمینِ اعلیٰ صاحبان زونز

پہلے دن کے پروگرام کا اختتام شام ساڑھے چھ بجے نمازو طعام کے ساتھ ہوا۔

ریفریشر کورس کے دوسرے دن کاآغاز صبح نو بجے ناشتہ کے بعد دُعا کے ساتھ محترم صدر صاحب مجلس نے کروایا۔

مکرم محمود احمد خاں صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ جرمنی نے علاقائی اجتماعات کے حوالے سے تفصیلی ہدایات دیں اور بعض اہم اُمور کی طرف توجہ دلائی۔

مکرم حافظ محمد ظفر اللہ صاحب نائب صدرصف دوم نے لائحہ عمل پیش کیا۔ نیز حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صف دوم کے لیے نصائح پیش کیں۔ صفِ دوم میں نئے شامل ہونےوالے استقبالیہ پروگرامز کا پلان سامنے رکھتے ہوئے ناظمینِ اعلیٰ علاقہ و زونز سے حاضری کے لیے بھرپور کوشش کی درخواست کی گئی۔ اسی طرح مجلسِ شوریٰ ۲۰۲۵ء کے فیصلہ جات کے حوالے سے صف دوم کے متعلق پانچ نکات کی یاددہانی کروائی گئی تاکہ سارا سال مل کر ہم ان پر عمل درآمد کروا سکیں۔

پھر مکرم ایوب خاں صاحب قائد تعلیم القرآن و وقفِ عارضی نے اپنے شعبہ کا لائحہ عمل پیش کیا جس میں روزانہ کم از کم دو رکوع تلاوتِ قرآنِ کریم کرنے، رمضان المبارک میں قرآنِ کریم کا کم از کم ایک دور مکمل کرنے، ۱۰۰ فیصد علاقوں میں علاقائی سطح پر قرآن سیمینار کا انعقاد کرنے کے ٹارگٹ شامل تھے۔

قیادت ذہانت و صحت جسمانی نے اپنے شعبہ کا لائحہ عمل پیش کیا۔

اختتامی کلمات میں محترم صدر صاحب مجلس نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیااور اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ یہ ریفریشر کورس اختتام پذیر ہوا۔

(مرسلہ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button