حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ: آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ۷؍فروری سے سری لنکا اوربھارت میں شروع ہوچکا ہے۔کولمبو کےسنہالیز سپورٹس کلب میں افتتاحی میچ پاکستان اورنیدرلینڈزکی ٹیموں کے مابین کھیلاگیا۔نیدرلینڈز نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍اوورزمیں ۱۴۷؍رنزبنائے۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے۲۹؍رنزدرکار تھے۔ اس موقع پر فہیم اشرف نے شانداربلےبازی کرتے ہوئے صرف ۱۱؍گیندوں پر۲۹؍رنزبناکراپنی ٹیم کو حیرت انگیز فتح سے ہمکنارکیا۔

پہلے دن کھیلے گئے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سکاٹ لینڈکے خلاف ۳۵؍رنزسے کامیابی حاصل کی۔ویسٹ انڈیزکے روماریوشیفرڈ نے ۲۰؍رنزکے عوض پانچ کھلاڑیوں کوشکارکیا جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔اسی روزمیزبان بھارت کا سامنا یوایس اے کی ٹیم سے ہوا جس میں انہوں نے کپتان سوریاکماریادیو کی بہترین بلےبازی کی بدولت ۲۹؍رنزسے فتح حاصل کی۔دیگر میچز میں نیوزی لینڈنے افغانستان کو پانچ وکٹوں سے ہرایا جبکہ انگلینڈنے نیپال کے خلاف کانٹے دار مقابلہ کے بعد صرف چاررنزسے میدان مارا۔ سری لنکا نے آئرلینڈکو۲۰؍رنزسے پچھاڑا ، سکاٹ لینڈ نے اٹلی کے خلاف ۷۳؍رنزسے کامیابی سمیٹی اورزمبابوے نے عمان کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا۔جنوبی افریقہ نے اپنے پہلے میچ میں کینیڈاکے خلاف ۵۷رنزسے بآسانی کامیابی حاصل کی۔

گذشتہ ہفتے حکومتِ پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے سے روک دیاتھا۔ جس کے بعد لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندگان کی پاکستان کرکٹ بورڈاور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈکے سربراہان کے مابین طویل ملاقات ہوئی ۔بعدازاں آئی سی سی نےایک اعلامیہ جاری کیا کہ انہیں عالمی ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی عدم شرکت پر افسوس ہے اور بنگلہ دیش پر اس حوالے سے کسی قسم کی پابندی یا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ، سری لنکاکے صدرمملکت اور یواے ای کے کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی جس کے بعد پاکستان کی حکومت نے رواں ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ۱۵؍فروری کو کولمبو میں میچ کھیلنے کی باضابطہ اجازت دے دی۔

سرمائی اولمپکس۲۰۲۶ء: ونٹراولمپکس یعنی سرمائی کھیلیں ۶تا۲۲؍فروری اٹلی کے مختلف مقامات پر منعقد ہورہے ہیں۔ ان کھیلوں کو Milano-Cortinaاولمپکس کا نام دیا گیا ہے جن میں ۹۲؍ممالک کے ۲۸۷۱؍کھلاڑی ۱۶؍ کھیلوں کے ۱۱۶؍ایونٹس میں حصہ لے رہے ہیں۔

فٹبال:انگلش پریمیئر لیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے میچز میں مانچسٹریونائیٹڈ نے ٹوٹینہیم کو ۲۔صفر سے شکست دے دی۔ آرسنل نے سنڈرلینڈ کے خلاف صفر کے مقابلہ میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔اسی طرح چیلسی نے وولوز کو۳۔۱سے ہرایا۔دیگر میچز میں لیڈزیونائیٹڈ نے ناٹنگھم فاریسٹ کو۳۔۱، ویسٹ ہیم نے برنلی کو ۲۔صفراور مانچسٹرسٹی نے لیورپول کو۲۔۱؍سے شکست دی۔رواں سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر اب تک آرسنل کلب پہلے، مانچسٹرسٹی دوسرے، آسٹن وِلا تیسرے اور مانچسٹر یونائیٹڈ چوتھے نمبر پر ہے۔

پرتگالی فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو اور سعودی کلب النصر کے درمیان کشیدگی بڑھنے لگی، جس کے سبب فٹبالر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس کشیدگی کے باعث رونالڈو کی حیثیت پر بھی سوالات اٹھ گئے۔حال ہی میں سعودی پرو لیگ کے میچ میں النصر کلب کی ٹیم نے الجریح کے خلاف میچ میں حصہ لیا مگر ٹیم کے سٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔فٹ بالر الریاض اور الاتحاد کے خلاف اہم میچز میں بھی شریک نہیں ہوئے، جس کے بعد ان کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیاں اور شکوک و شبہات جنم لینے لگے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو کی جانب سے جاری یہ انفرادی احتجاج اس وقت سامنے آیا جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کے کلب کو سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کی جانب سے ان کے ٹائیٹل حریف الہلال کی طرح مالی طور پر حمایت حاصل نہیں ہو رہی۔

رگبی:چھ ممالک کے درمیان ہونے والی نیشنز چیمپئن شپ ۲۰۲۶ء کے پہلے راؤنڈ میں فرانس نے آئرلینڈ کو۳۶۔۱۴؍سے ہرایا جبکہ انگلینڈ نے ویلز کے خلاف سات کے مقابلے میں ۴۸؍پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی ۔اسی طرح اٹلی نے سکاٹ لینڈ کو۱۸۔۱۵؍سے شکست دی۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button