حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امام جماعات احمدیہ عالمگیرحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے رمضان المبارک کے پہلے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۰؍فروری ۲۰۲۶ء کے آخر پر احمدیوں نیز امت مسلمہ کے لیے دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایاکہ اللہ تعالیٰ اس رمضان میں ہمیں حقیقت میں عبادت کا بھی صحیح حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور اللہ تعالیٰ اپنی محبت میں بھی ہمیں بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ اس رمضان کا فیض اٹھاتے رہیں۔(تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو اسی شمارے کا صفحہ اوّل)

٭… ایران، امریکہ جنگ کے خدشات مزید بڑھ گئے۔ لڑاکا طیاروں سے بھرا دوسرا امریکی بحری بیڑا جیرالڈ فورڈ بحیرہ روم میں داخل ہوگیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ براہِ راست ایرانی راہنماؤں کو نشانہ بنا کر ایرانی حکومت کا تختہ اُلٹنے کی کوشش کرے گا۔ امریکہ نے اردن کے ایئربیس پر بھی کم از کم ساٹھ لڑاکا طیارے کھڑے کردیے ہیں۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتیں ایران کو جھکنے پر مجبور کرنے کے لیے صف بندی کر رہی ہیں۔ ایران اس دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ دوسری جانب اقوامِ متحدہ نے ایران امریکہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اور کہا ہے کہ تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری کو ترجیح دی جائے۔ ایران نے گذشتہ روز اقوامِ متحدہ کو خط لکھا تھا کہ ایران کسی بھی جارحیت کی صورت میں دفاع کا حق استعمال کرے گا اور اس کے نتائج کی ذمے داری امریکہ پر ہوگی۔

٭… برطانیہ کے بادشاہ چارلس کو ۲۰۱۹ء میں سابق برطانوی شہزادے اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر کی خفیہ ڈیلز سے خبردار کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جیفری ایپسٹین سے متعلق جاری دستاویزات میں تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔شاہی محل کو آگاہ کیا گیا تھا کہ اینڈریو نے متنازع ارب پتی ڈیوڈ رولینڈ سے خفیہ مالی تعلق قائم کیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق اینڈریو نے رولینڈ کو اپنا بااعتماد مالی مشیر قرار دیا تھا، رولینڈ اور ان کے بیٹے اینڈریو کے ساتھ چین اور سابق سوویت ریاستوں کے دوروں پر بھی گئے۔ رپورٹ کے مطابق رولینڈ نے اینڈریو کی سابقہ اہلیہ کو چالیس ہزار پاؤنڈ دیے، رولینڈ نے اینڈریو کا پندرہ لاکھ ڈالر قرض بھی ادا کیا۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانیہ کے بادشاہ چارلس کے بھائی اور سابق برطانوی شہزادے اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق کمسنوں سے جنسی تعلق کے مجرم جیفری ایپسٹین کو خفیہ سرکاری دستاویز کی فراہمی کے شبہ میں اینڈریو کو گرفتار کیا گیا تھا۔

٭… ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغانستان میں چالیس لاکھ بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث تقریباً ۱۷.۴؍ملین لوگوں کی ضروریات پوری نہیں کی جاسکتیں۔افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دور دراز علاقوں میں بیشتر بچے علاج کے مراکز تک پہنچ نہیں پا رہے۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق افغانستان میں لاکھوں بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

٭… شمال مشرقی امریکہ میں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آنے کے خدشے کا الرٹ جاری کردیا گیا۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طوفان سے نیویارک سٹی، بوسٹن اور دیگر بڑے شہر متاثر ہونے کا خدشہ ہے، نیویارک شہر کے لیے یہ پہلی برفانی طوفان کی وارننگ ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان اتوارسے مشرقی ساحل کے قریب ’’بم سائیکلون‘‘میں تبدیل ہوگا، برفانی طوفان کی وارننگ ڈیلاویئر، مشرقی میری لینڈ، نیو جرسی، نیویارک سٹی اورجنوبی نیو انگلینڈ تک جاری کی گئی ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق فلاڈیلفیا سے نیویارک اور بوسٹن تک ایک فٹ یا اس سے زائد برف باری ہوسکتی ہے، برفانی طوفان سے پروازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ہے۔چالیس میل فی گھنٹہ سے زائد تیز ہواؤں کے باعث درخت گرنے اور بجلی کی بندش کا بھی خطرہ ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button