کینیا کے ویسٹرن سی ریجن کے ہیڈ کوارٹرز Ndivisi میں مشن ہاؤس کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیا کے ویسٹرن سی ریجن کی جماعت Ndivisi میں مشن ہاؤس کا افتتاح کیا گیا۔ یہ جماعت ۲۰۰۲ء میں قائم ہوئی تھی جبکہ ۲۰۲۳ء میں یہاں ایک پختہ مسجد تعمیر کی گئی جس کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت ’’بیت اللطیف مسجد‘‘ عطا فرمایا۔ اس مسجد کا افتتاح مکرم طارق محمود ظفر صاحب سابق امیر و مبلغ انچارج کینیا نے یکم اکتوبر ۲۰۲۳ء کو کیا تھا۔

امسال مسجد کے احاطے میں ایک خوبصورت مشن ہاؤس تعمیر کیا گیا جس کی تکمیل کے بعد مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے مورخہ ۳۰؍جنوری ۲۰۲۶ء بروزجمعۃ المبارک قبل از نماز جمعہ اس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر معلمین، مقامی جماعت کے افراد اور ریجن ہذا کی دیگر جماعتوں سے بھی کثیر تعداد میں احباب موجود تھے۔ مقامی معززین بھی مدعو کیے گئے تھے جن میں سماجی کارکنان، مقامی مذہبی لیڈرز اور سیاستدان شامل تھے۔
مکرم امیر صاحب کی آمد پر ریجنل انچارج معلم مکرم عبد اللہ حاجی صاحب نے معلمین، احباب جماعت اور مہمانان کرام کے ہمراہ آپ کا استقبال کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی، فیتہ کاٹ کر دعا کروائی اور پھر احباب جماعت کے ہمراہ مشن ہاؤس کے اندر تشریف لے گئے جہاں تعمیری کام کا معائنہ کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پختہ مشن ہاؤس ایک وسیع بیٹھک، دو بڑے سائز کے بیڈ رومز، کچن اور دو واش رومز پر مشتمل ہے جو نہایت خوبصورت اور تمام سہولتوں سے آراستہ ہے۔ بجلی کی سہولت میسر ہونے کی وجہ سے مسجد اور مشن ہاؤس دونوں میں ایم ٹی اے کی سہولت جبکہ مسجد میں لاؤڈ سپیکر کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ IAAAE کے تعاون سے مسجد کے احاطہ میں ہینڈ پمپ نصب کیا گیا ہے جس سے اردگرد کے لوگ بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ حفاظت کے لیے پورے احاطہ کے گرد خاردار تار لگائی گئی ہے۔ الحمدللہ، یہ مشن ہاؤس ہر لحاظ سے مکمل اور محفوظ ہے۔
اللہ تعالیٰ اس مشن ہاؤس اور مسجد کو پورے علاقہ کے لیے منبع رشد و ہدایت بنائے۔ آمین
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن کنشاسا کا چوبیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء




