جماعت احمدیہ نائیجیریا کے اکہترویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد
٭…نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں اور دروس کا اہتمام ٭…دینی و روحانی موضوعات پر تقاریر
٭…۳۵ ہزار ۷۷۱؍احباب کی شمولیت
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو اپنا اکہترواں جلسہ سالانہ مورخہ ۱۹؍ تا ۲۱؍دسمبر ۲۰۲۵ء ’’واعتصموا بحبل اللّٰہ جمیعًا ولا تفرقوا‘‘ کے مرکزی موضوع پر نہایت کامیابی کے ساتھ احمد یہ کانفرنس گراؤنڈ الارو (Ilaro) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل اور حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعائیں تھیں کہ امسال جلسے کی حاضری ۳۵ ہزار ۷۷۱ رہی۔ الحمدللہ

جلسہ کی تیاری تو مہینوں قبل شروع ہو جاتی ہے لیکن جلسہ سے دو ہفتہ قبل تمام کارکنان الارو جمع ہو کر تیاری کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ مورخہ ۱۷؍اگست بروز بدھ مکرم الحاجی عبدالعزیز الاتوے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے جلسہ کمیٹی اور نائبین امراء کے ہمراہ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور تمام شعبہ جات کا جائزہ لے کر کارکنان کو ہدایات دیں۔ اسی دن بعد از نماز ظہر مکرم امیر صاحب نے خاکسار (نمائندہ مبلغ انچارج)، نمائندہ پرنسپل جامعہ احمدیہ مکرم طارق محمود صاحب اور جملہ جلسہ کمیٹی کے ہمراہ علاقے کے چیف امام صاحب اور بادشاہ (Olu of Ilaro, Paramount Ruler of Yewa Land and chairman, Ogun state Council of Traditional rulers) کے ساتھ ملاقات کی۔ اور جلسہ میں آنے کی ایک بار پھر دعوت دی۔ یہ ہر سال جلسہ میں تشریف لاتے ہیں اور بھرپور تعاون کرتے ہیں۔
پہلا روز
۱۹؍دسمبر ۲۰۲۵ء: الحمد للہ جلسہ کے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ منصور ایلو صاحب معلم سلسلہ نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم نسیم احمد بٹ صاحب نے ’’اللہ تعالیٰ پر توکل، عالمی مسائل کا شافی حل‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔
صبح دس بجے ملٹی پرپز ہال ربوہ اسٹیٹ میں تبلیغ سیمینار کا انعقاد ہوا۔ جس میں تمام مبلغین، معلمین، سیکرٹریان تبلیغ اور صدران جماعت احمدیہ نے شمولیت اختیار کی۔ پروگرام میں مؤثر انداز میں تبلیغ کرنے کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ اور تبلیغ کے میدان میں درپیش مشکلات اور ان کے حل پر سیرحاصل گفتگو کی۔ الحمدللہ یہ پروگرام ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔

جلسے کا باقاعدہ آغاز نماز جمعہ سے ہوا۔ نماز جمعہ کی امامت مکرم امیر صاحب نائیجیریا نے کروائی۔ آپ نے پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے گذشتہ خطبہ جمعہ کا خلاصہ پیش کیا۔ بعد ازاں جملہ شرکائے جلسہ کو خوش آمدید کہا اور دعا کی درخواست کی اور تلقین کی کہ جلسے کی تمام کارروائی کو اہتمام سے سنیں اور اپنے وقت کو اللہ تعالی کے ذکر میں بسر کریں۔ تمام شاملین جلسہ نے پیارے امام حضرت خلیفة المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ ایم ٹی اے کی وساطت سے براہ راست سنا۔
جلسے کے پہلے اجلاس کا آغاز شام ۵ بجے لوائے احمدیت کے لہرانے کی تقریب سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے نائیجیریا کا قومی پرچم اور مکرم مبلغ انچارج صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عربی قصیدہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی خطاب کیا۔ سب سے پہلے آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعدامیر صاحب نے اس سال کے مرکزی موضوع کے حوالے سے مختلف نصائح کیں اور تلقین کی کہ اللہ تعالیٰ کی رسی خلافت احمدیہ کو مضبوطی سے پکڑے رکھو تا کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ جماعت احمدیہ کو راہ راست پر چلاتے ہوئے دینی ترقیات عطا فرماتا چلا جائے۔
دوسرا روز
۲۰؍دسمبر ۲۰۲۵ء: جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ عبدالسلام رفعت پاشا صاحب نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم مظفر جبریل صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’تقویٰ، سچائی اور نماز کے ذریعہ آئندہ نسل کے لیے نیک نمونہ بننا‘‘ درس دیا۔

جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم امیر صاحب تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد جامعہ احمدیہ کے طلبہ نے اردو میں نظم پیش کی۔ مکرم پروفیسر سعید اولوریتمی تیمیی صاحب نے ’’اتحاد ہی قوت ہے: اسلامی تاریخ کے درخشاں اسباق، عصر حاضر کے عالمی چیلنجز میں امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ‘‘ کے موضوع پر نہایت عمدہ تقریر کی۔ اس اجلاس میں ۲۲؍معزز اعلیٰ مذہبی اور سیاسی شخصیات سٹیج پر تشریف فرما تھیں۔ اس سال چند غیرملکی مہمان بھی جلسہ میں شامل ہوئے۔ مکرم ملک مظفر احمد صاحب مینیجر رقیم پریس یوکے، صدر جماعت احمدیہ ایکواٹوریل گنی اور معلم سلسلہ ایکواٹوریل گنی۔

اس تقریر کے بعد شعبہ تعلیم کے تحت تقسیم اسناد کی تقریب منعقد کی گئی جس میں امیر صاحب نے تعلیمی میدان میں اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والے احباب میں اسناد اور تمغے تقسیم کيے۔ امیر صاحب نے اجلاس کے آخر پر دعا کروائی۔ امیر صاحب نے تمام غیر از جماعت معزز مہمانوں کو مرکزی نمائش کا دورہ اور تعارف کروایا۔ ہر سال کی طرح امسال بھی ایک مرکزی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں جماعت کے تمام بڑے شعبوں کی طرف سے سٹال لگایا گیا تھا۔ معزز مہمانوں کے ساتھ ساتھ احباب جماعت بھی اس نمائش سے مستفیض ہوتے رہے۔
نماز ظہر و عصر کے بعد ۱۶؍نکاحوں کا اعلان کیا گیا۔
دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کی صدارت مکرم عدنان احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج نائیجیریا نے کی۔ اجلاس کاآغاز تلاوت قرآن کریم اور عربی قصیدہ سے ہوا۔ اس اجلاس کی تقریر ’’راہ الٰہی میں قربانیاں: حضرت سر ظفراللہ خان صاحبؓ اور حضرت سیدہ نواب مبارکہ بیگم صاحبہ ؓکی سیرت طیبہ سے درخشاں و پاکیزہ مثالیں‘‘کے موضوع پر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے پیش کی۔

پروفیسر عبداللہ عبدالرحمٰن صاحب، وائس چانسلر منارة یونیورسٹی نے پہلے تعلیمی سال کے آغاز کا اعلان کیا۔ اور اس سے متعلقہ اہم معلومات دیں۔
اسی روز رات کو نو بج کر ۲۰ منٹ سے ۱۱ بجے تک مجلس سوال وجواب کا انعقاد ہوا۔ جس میں دو مبلغین مکرم حافظ عبدالغنی شوبامبی صاحب اور خاکسار، پروفیسر عبدالمجید حسن بیلو صدر قضاء بورڈ، مکرم عبد اللطیف ایڈےلیگا صاحب معلم سلسلہ اور مکرم یوسف اسماعیل معلم سلسلہ نے احباب جماعت اور غیر از جماعت بھائیوں کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔ دوران پروگرام ایک صاحب نے سوال کرنے کے بعد جماعت کی تعلیمات کو سراہا اور بیعت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
تیسرا روز
۲۱؍دسمبر ۲۰۲۵ء: جلسہ سالانہ کے تیسرے دن کا آغاز حسب روایت نماز تہجد سے ہوا۔ جس کی امامت مکرم حافظ احمد عبد اللہ صاحب معلم سلسلہ نے کروائی۔ نماز فجرکے فوراً بعد آخری اجلاس زیر صدارت مکرم امیر صاحب منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عبداللطیف تیجانی صاحب نے نہایت دلکش اور سریلی آواز میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کا عربی قصیدہ پڑھا۔ اس جلسہ کی آخری تقریر بعنوان ’’اللہ تعالیٰ کے وجود پر عصر حاضر کے دلائل‘‘ مکرم پروفیسر مشہود فاشولا صاحب سابق امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے پیش کی۔

آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیااور دعا کروائی۔ اس طرح یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو تقویٰ میں بڑھائے اور ہر ایک کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی دعاؤں کا حقیقی وارث بنائے۔ آمین
(رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا جلسہ سالانہ نائیجیریا ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت احمدیہ نائیجیریا
السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ ۱۹، ۲۰ اور ۲۱؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو اپنا ۷۱واں جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو غیرمعمولی کامیابی سے نوازے اور اس میں شامل ہونے والے تمام شرکاء بے پناہ روحانی برکات حاصل کریں اور نیکی، تقویٰ اور راست بازی میں ترقی کریں۔
آپ کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ جلسہ سالانہ کے ان مقاصد کو پورا کریں جن مقاصد کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے الٰہی منشا کے نتیجہ میں جلسہ کی بنیاد رکھی۔ آپ اس خیال کے ساتھ اکٹھے نہ ہوں کہ یہ محض ایک عام اور معمولی اجتماع ہے، بلکہ ان خاص ایام میں آپ کو اپنے علمی اور روحانی معیار کو بلند کرنے کا پختہ عزم کرنا چاہیے۔ آپ سب کو چاہیے کہ اپنا وقت ذکرِ الٰہی میں گزاریں اور جماعت کی ترقی اور اسے ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھنے کے لیے دعائیں کریں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے‘‘(اشتہار۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
میری یہ دلی خواہش ہے کہ ہماری جماعت کے افراد مسلسل اپنی اصلاح کی کوشش کرتے رہیں اور تقویٰ کے اعلیٰ ترین مدارج حاصل کریں، تاکہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بہترین نمونہ بن سکیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنی روزمرہ زندگی کے طرزِ عمل پر غور کریں، اس کا محاسبہ کریں اور پھر اپنے اخلاق اور اعمال کو بہتر بنانے کی کوشش کریں، تاکہ آپ ان بلند مقاصد کو حاصل کر سکیں جن کی طرف حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے توجہ دلائی ہے۔ آپ کے قول اور فعل میں مطابقت ہونی چاہیے تاکہ آپ اسلام کے سچے اور باوقار نمائندے بن سکیں۔ یہ وہ جماعت ہے جسے خود اللہ تعالیٰ نے حقیقی اسلام کے احیاء اور خدمتِ انسانیت کے لیے قائم فرمایا ہے۔
میں آپ کو خصوصیت کے ساتھ اپنے تربیتی معیار کو بلند کرنے کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ آپ کو جلسہ کے ان ایام سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ روحانی طور پر ترقی کر سکیں اور اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب آپ نہ صرف اپنے دینی علم میں اضافہ کریں بلکہ ساتھ ہی اس بات کا خلوص کے ساتھ عہد کریں کہ جو نیک باتیں آپ نے سیکھی ہیں، انہیں عملی جامہ بھی پہنائیں۔ یہی امور آپ کو دنیا کی محبت کی بجائے اللہ تعالیٰ کے خوف اور اس کی محبت کی طرف لے جائیں گے۔
آپ کو اپنے تبلیغی کاموں اور پروگراموں کو ترقی دینی چاہیے اور انہیں نمایاں طور پر وسعت دینی چاہیے۔ اس سلسلے میں مَیں آپ کو خاص طور پر گذشتہ ہفتے کے خطبہ جمعہ کی طرف رجوع کرنے کی نصیحت کرتا ہوں، جس میں مَیں نے موجودہ دور کے تناظر میں تبلیغ کے آداب اور درست طریقِ کار کے بارے میں تفصیلی راہنمائی فراہم کی ہے۔ پس ان اصولوں کو بروئے کار لاتے ہوئے — جو قرآنِ کریم، سنت اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث پر مبنی ہیں، اور جنہیں ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفاء کی زندگیوں میں عملی طور پر نافذ ہوتے دیکھا ہے — آپ کو دانشمندانہ اور جامع منصوبہ بندی کرنی چاہیے، تاکہ نائیجیریا کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کے پُرامن پیغام کو مؤثر اور بہترین انداز میں پہنچایا جا سکے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:’’وعظ کا منصب ایک اعلیٰ درجہ کا منصب ہے۔اور وہ گویا شان نبوت اپنے اندر رکھتا ہے۔بشرطیکہ خدا ترسی کو کام میں لایا جاوے۔وعظ کہنے والا اپنے اندر خاص قسم کی اصلاح کا موقع پا لیتا ہے کیونکہ لوگوں کے سامنے یہ ضروری ہوتا ہے کہ کم از کم اپنے عمل سے بھی ان باتوں کو کرکے دکھاوے جو وہ کہتا ہے۔‘‘ (ملفوظات جلد اول، صفحہ ۵۰۵)
جہاں تک ملک و قوم کی خدمت کا تعلق ہے، تو نائیجیریا کی ترقی اور مفاد کے فروغ کا ایک ہی راستہ ہے، اور وہ یہ کہ جماعت پوری دیانت اور امانت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور تمام لوگوں کو اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے کی طرف راہنمائی کرے، تاکہ ہر فرد ایک دوسرے کے حقوق خلوص کے ساتھ ادا کرنے والا بن جائے۔ اگر ایسا ہو جائے تو دیگر تنظیموں کو انتشار اور غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کا موقع نہیں ملے گا۔
آخر میں، مَیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ سالانہ کو غیرمعمولی کامیابی سے نوازے اور آپ سب کو یہ توفیق عطا فرمائے کہ آپ اپنی زندگیوں میں حقیقی روحانی انقلاب برپا کریں، تقویٰ، نیک عملی اور اسلام و انسانیت کی خدمت میں آگے بڑھیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنی بے شمار برکات سے نوازے۔
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ برکینا فاسو کے چونتیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد




