عالمی حالات کے پیش نظر دعاؤں کی تحریک
سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ مورخہ ۶؍مارچ ۲۰۲۶ء میں دنیا کے موجودہ حالات پر عموماً اور امتِ مسلمہ کو خصوصاً نصائح فرمانے کے بعد آخر میں دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:ہمارا کام تو یہی ہے کہ خاص طور پر مسلمان دنیا اور معصوموں کے لیے دعا کریں۔ رمضان کے مہینے میں خاص طور پر صرف اپنی ذاتی دعاؤں کی طرف توجہ نہ دیں بلکہ امت مسلمہ کے لیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ انہیں عقل دے کہ دنیا میں اور خاص طور پر مسلم دنیا میں امن قائم ہو سکے۔ مسلمان مسلمان کی گردن کاٹنے والا نہ ہو۔ یہ لوگ جو آپس میں لڑ کر غلط طریقے سے ایک دوسرے کو قتل کر رہے ہیں اس عمل سے وہ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا مورد بن رہے ہیں۔ ایسے لوگ نہ صرف اس جہان میں نقصان اٹھانے والے ہیں، اگلے جہان میں بھی نقصان اٹھانے والے ہوں گے۔ اس لیے اس بات کی طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ہمیں خاص طور پر دعا کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی رنگ میں دعاؤں کی توفیق بھی عطا فرمائے۔




