ایشیا (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش کے ۴۶ویں نیشنل اجتماع اور ۴۷ویں نیشنل مجلس شوریٰ کا بابرکت و کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ بنگلہ دیش کو ۱۲تا ۱۴؍دسمبر ۲۰۲۵ء اپنا ۴۶واں نیشنل اجتماع اور ۴۷ویں نیشنل مجلس شوریٰ جماعتی مرکز دارالتبلیغ بخشی بازار، ڈھاکہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

افتتاحی اجلاس: ۱۲؍دسمبر کو صبح ۱۰؍بجے تقریب پرچم کشائی سے اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا جس دوران لوائے انصاراللہ مکرم فضل الٰہی صاحب صدر مجلس انصاراللہ نے جبکہ قومی پرچم مکرم حاجی عبدالاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج نے لہرایا۔ قومی ترانہ اور عہد مجلس انصاراللہ کے بعد دعا ہوئی۔

بعد ازاں افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و نظم سے ہوا جس کے بعد اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام مکرم صدر صاحب نے پڑھ کر سنایا۔

مکرم امیر صاحب کی تقریر کے بعد مکرم نعیم عالم خان صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع کمیٹی نے حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ آخر پر گذشتہ سال کے دوران مجلس انصاراللہ بنگلہ دیش کی مختلف مساعی پر مشتمل ایک تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا۔

اجتماع کے دوران مختلف علمی اور ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں تلاوت قرآن کریم، اذان، نظم اردو و بنگلہ، دینی معلومات (تحریری و زبانی)، پیغام رسانی، کوئز اور یادداشت کے مقابلے شامل تھے۔ ان مقابلوں میں انصار کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

روزانہ باجماعت تہجد اور نماز فجر سے پروگراموں کا آغاز ہوتا رہا۔ امسال والی بال ٹورنامنٹ بھی منعقد ہوا۔

تربیتی اجلاس: ۱۳؍دسمبر کو نماز مغرب و عشاء کے بعد ایک تربیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں جماعت احمدیہ یوکے کے مکرم محمد عبد الہادی صاحب نے تقریر کی، مکرم ابراہیم خلیل بھوئیاں صاحب نے صحت کے بارے میں پریزنٹیشن پیش کی اور مکرم تصدق حسین صاحب نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ نے تقریر کی۔

اختتامی اجلاس: ۱۴؍دسمبر بروز اتوار صبح ۱۰؍بجے اختتامی اجلاس مکرم صدر مجلس انصاراللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍دسمبر ۲۰۲۵ء سنایا گیا۔ اس کے بعد مجلس کی سالانہ کارروائیوں پر مشتمل جنرل رپورٹ مکرم شفیق الحکیم صاحب قائد عمومی اور شعبہ مال کی رپورٹ مکرم عبد الرشید صاحب قائد مال نے پیش کی۔ مکرم محمد سرور مرشد صاحب سیکرٹری اجتماع کمیٹی نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں نماز با جماعت اور تلاوت قرآن کریم کی طرف انصار کو توجہ دلائی۔ آخر پر صدر اجلاس کی تقریر کے بعد مختلف علمی اور ورزشی مقابلہ جات کے انعامات تقسیم ہوئے۔ عہد اور دعا کے ساتھ یہ اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔

امسال ڈھاکہ مجلس کو عَلم انعامی سے نوازا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں ایک ہزار سے زائد انصار کو شرکت کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

۴۷ویں نیشنل مجلس شوریٰ

۱۴؍دسمبر سہ پہر ۳؍بجے مجلس شوریٰ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت مجلس انصاراللہ بنگلہ دیش کے صدر اور نائب صدر صف دوم کے انتخابات منعقد ہوئے۔

بعد از نماز مغرب و عشاء مختلف مجالس کی طرف سے موصول تجاویز، گذشتہ شوریٰ کی سفارشات پر عملدرآمد کی رپورٹ، سال ۲۰۲۵ء کے اخراجات اور ۲۰۲۶ء کے مجوزہ بجٹ پیش کیے گئے۔ حسب دستور جنرل اور مال کی سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

اگلے روز صبح مجلس شوریٰ کے اختتامی اجلاس میں سب کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں جس پر نمائندگان شوریٰ نے اپنی آراء پیش کیں۔ آخر پر صدر اجلاس نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس طرح شوریٰ کی کارروائی بخیر و خوبی مکمل ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے مجلس انصاراللہ بنگلہ دیش کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے صدر صاحب مجلس انصاراللہ بنگلہ دیش،

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کر رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت بنائے اور تمام شاملین کو اس کے پروگراموں سے روحانی اور اخلاقی فوائد حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اجتماع محض ایک دنیاوی تقریب نہیں بلکہ خود احتسابی اور روحانی تجدید کا ایک نہایت اہم موقع ہوتا ہے۔ آپ بحیثیت اراکین مجلس انصاراللہ ’اللہ تعالیٰ کے مددگار‘ ہیں۔ یہ محض ایک لقب نہیں بلکہ ایک عظیم ذمہ داری ہے جو آپ کے کندھوں پر ڈالی گئی ہے۔ یہ ہر ناصر کو اس امر کی طرف متوجہ کرتی ہے کہ وہ اپنے اعمال پر غور کرے اور اس بلند اخلاقی معیار کو حاصل کرنے کی کوشش کرے جس کا مطالبہ اسلام ایک سچے مسلمان سے کرتا ہے۔

اخلاقی انقلاب کا آغاز اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط بنانے سے ہوتا ہے۔ یہی تعلق تمام نیکیوں کا سرچشمہ ہے۔ اس تعلق کو مضبوط کرنے کا بنیادی ذریعہ نماز ہے۔ لہٰذا آپ کی اولین ذمہ داری یہ ہے کہ آپ پنج وقتہ نمازوں میں باقاعدگی اختیار کریں۔ لیکن یہ نمازیں محض ایک رسم یا دنیاوی رواج کے طور پر ادا نہیں ہونی چاہئیں بلکہ کامل عاجزی، توجہ اور ان کی حقیقی روح کو سمجھتے ہوئے ادا کی جانی چاہئیں۔ ایسی نماز انسان کو بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے، اس کے روحانی مقام کو بلند کرتی ہے اور اسے بے شمار الٰہی برکات کا وارث بناتی ہے۔

نماز کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن کریم اور اس کے مطالعہ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ اس کی تعلیمات پر غور و فکر کریں کیونکہ یہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ روزمرہ زندگی میں آپ کے اخلاق، معاملات میں دیانت داری ، پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک، عاجزی اور ہمدردی درحقیقت آپ کے ایمان کا حقیقی عکس ہیں۔ اگر آپ کا اپنا طرز عمل بلند ہوگا تو آپ کی اولاد بھی لازماً تقویٰ کی طرف مائل ہوگی۔ جماعت کے مستقبل کے لیے یہ آپ کی سب سے بڑی خدمت ہے۔

اللہ تعالیٰ مجلس انصاراللہ بنگلہ دیش کے ہر فرد کو ان ذمہ داریوں کو سمجھنے اور اپنی ذات میں پاکیزہ تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ یہ اجتماع ہر لحاظ سے کامیاب ثابت ہو اور آپ سب ایمان اور تقویٰ کی نئی روح کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس لوٹیں۔ آمین

مزید پڑھیں: کوتونو، بینن میں جلسہ یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button