جماعت احمدیہ کینیڈا کے دیرینہ خادمین کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۸؍فروری ۲۰۲۶ء بروز اتوار شام ساڑھے سات بجے ایوان طاہر، وان میں جماعت احمدیہ کینیڈا کے دیرینہ اور مخلص خادمین سلسلہ کی نصف صدی پر محیط گراںقدر خدمات کے اعتراف میں ایک باوقار تقریب منعقدہوئی۔ یہ پُروقار تقریب جن معزز بزرگان سلسلہ کے اعتراف خدمات کے لیے منعقد کی گئی ان کے اسمائے گرامی درج ذیل ہیں: مولانا خلیل احمد مبشر صاحب سابق مبلغ انچارج کینیڈا، مولانا مرزا محمد افضل صاحب مبلغ سلسلہ (ریٹائرڈ)، کرنل (ریٹائرڈ) دلدار احمد صاحب واقف زندگی۔

ان بزرگان سلسلہ کی بے لوث اور مثالی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس خصوصی تقریب میں جماعت احمدیہ کینیڈا کے دو وفات یافتہ مخلص فدایان کی خدمات اور یادوں کو بھی نہایت عقیدت سے شاملین مجلس کے سامنے پیش کیا گیا:مکرم (ریٹائرڈ) کمانڈر محمد اسلم چودھری صاحب مرحوم اور مولانا عبدالرشید یحییٰ صاحب مرحوم مربی سلسلہ ۔ مذکورہ بالا دونوں مرحومین کے صاحبزادگان اس بابرکت تقریب میں شریک ہوئے۔
مکرم ملک لال خان صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا ناسازیٔ طبیعت کے باعث اس پروگرام میں شامل نہ ہوسکے۔ آپ کی نمائندگی میں مکرم کلیم ملک صاحب نائب امیر نے صدارت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد حضرت مصلح موعودؓ کی نظم ’’نو نہالان جماعت مجھے کچھ کہنا ہے‘‘ کے منتخب اشعار پیش کیے گئے۔ بعد ازاں مکرم صبیح ناصر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے معزز خادمین سلسلہ کا تعارف پیش کیا۔ اس دوران ایوان طاہر کی سکرینوں پر ان بزرگان کی خدمات سے متعلق تاریخی تصاویر بھی دکھائی جاتی رہیں، جس سے حاضرین کو ان کی طویل خدمات کے بعض نقوش کا عینی مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔
قارئین کی معلومات کے لیے ذیل میں مکرم (ریٹائرڈ) کمانڈر محمد اسلم چودھری صاحب مرحوم اور مولانا عبدالرشید یحییٰ صاحب، مربی سلسلہ مرحوم کا مختصر تعارف پیش کیا جاتا ہے:
مکرم (ریٹائرڈ) کمانڈر محمد اسلم چودھری صاحب مرحوم: جنوری ۱۹۲۹ء میں گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، گورنمنٹ کالج لاہور سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ ۱۹۵۶ء میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کر کے تین دہائیوں سے زائد عرصہ نہایت دیانت اور امتیاز کے ساتھ وطن عزیز کی خدمت کرتے رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ۱۹۹۱ء میں کینیڈا ہجرت کی اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی منظوری سے پہلے وقف عارضی اور پھر وقف زندگی کرنے کی سعادت پا کر اپنی بقیہ حیات جماعت کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔

تقریباً اٹھائیس برس تک ٹورانٹو مشن ہاؤس میں نہایت اخلاص و نظم و ضبط کے ساتھ خدمت کی۔ آپ کو بطور نیشنل سیکرٹری جائیداد اور نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ سمیت متعدد کلیدی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کرنے کا مو قع ملا۔ مساجد و مشن ہاؤسز کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا اور خلافت سے وفا، نظام جماعت سے وابستگی اور خدمت دین کو اپنی زندگی کا شعار بنائے رکھا۔ مورخہ ۲؍نومبر۲۰۲۰ء کو آپ کی وفات ہوئی۔ انا للّٰہ و انا الیہ راجعون
مکرم مولانا عبدالرشید یحییٰ صاحب مرحوم: ۱۹۵۰ء میں ایک نہایت مخلص احمدی گھرانے میں پیدا ہوئے، تعلیم الاسلام کالج ربوہ سے ڈگری حاصل کرنے کے بعد جامعہ احمدیہ میں داخل ہوئے۔ ۱۹۷۵ء میں بطور مبلغ سلسلہ میدان عمل میں آئے اور تقریباً پانچ دہائیوں تک پاکستان، امریکہ، کینیڈا، گوئٹے مالا، جنوبی افریقہ اور جنوبی کوریا میں بطور مربی سلسلہ نمایاں خدمات سرانجام دیتے رہے، جہاں آپ کو متعدد ممالک میں نیشنل پریذیڈنٹ اور مبلغ انچارج کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئیں۔
بطور نائب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا تدریس تفسیرالقرآن اور علم الکلام کے ذریعے مربیان کی تربیت کی توفیق پائی۔ ۲۰۱۷ء سے ۲۰۲۳ء اپنی ریٹائرمنٹ تک صدر قضاء بورڈ کینیڈا کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ مولانا مرحوم نے ساری زندگی تقویٰ و دعا کو اپنا شعار بنائے رکھا۔ خلافت سے غیر متزلزل وفا اور نظام جماعت سے آپ کی وابستگی دیدنی تھی۔ مورخہ ۲۸؍مارچ ۲۰۲۵ء کو آپ کی وفات ہوئی۔ اناللّٰہ و انا الیہ راجعون
ان بزرگان سلسلہ کے تعارف کے بعد تقریب کا سلسلہ دوبارہ الوداعی مرحلے کی جانب بڑھا۔ مکرم نیشنل جنرل سیکرٹری صاحب نے کہا کہ اگرچہ ان بزرگان کی خدمات کا حقیقی اجر اللہ تعالیٰ کے پاس ہے اور ہم دعاگو ہیں کہ وہ انہیں اپنی رضا اور فضل سے نوازے، تاہم جماعت احمدیہ کینیڈا کو یہ سعادت حاصل ہو رہی ہے کہ ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کرے۔
مکرم نائب امیر صاحب نے یہ شیلڈز بزرگان سلسلہ اور مرحومین کے اہل خانہ کو پیش کیں، جس کے بعد معززین نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
مکرم امیر صاحب نے اس تقریب کے موقع پر اپنا ایک تحریری پیغام بھجوایا تھا جسے تقریب کے اختتام پر مکرم نائب امیر صاحب نے حاضرین کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں مکرم امیر صاحب نے واقفین زندگی کی عظیم الشان قربانیوں کی طرف توجہ دلائی۔
نیز آپ نے ہر ایک بزرگ کا انفرادی ذکر کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا، ان کی اخلاص، نظم، دیانت، خوش اخلاقی، دقیق نظری، خدمت گزاری اور جماعتی وفا کو خراج تحسین پیش کیا اور سب کے لیے قبولیت خدمت کی دعا کی۔
تقریب کے اختتام پر مکرم نائب امیر صاحب نے دعا کروائی۔ بعد ازاں منتظمین کی جانب سے تمام حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور یوں یہ بابرکت اور یادگار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
(رپورٹ:ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




