خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… ’ایران انٹرنیشنل‘کے مطابق ایران کی مجلسِ خبرگان کی جانب سے مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ ایران کا تیسرا سپریم لیڈر منتخب کیے جانے کے بعد ایرانی صدر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ دانشمندانہ اور بر وقت ہے جو مرحوم راہنما علی خامنہ ای کی وفات کے بعد کیا گیا۔صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ نئی قیادت کے تحت ایران میں قومی اتحاد مضبوط ہو گا اور ملک اپنے دشمنوں کی سازشوں کا مؤثر مقابلہ کر سکے گا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کا انتخاب قومی اتحاد اور ارادے کی مضبوطی ہے، فیصلہ ملک کی یکجہتی اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ علی خامنہ ای کی قیادت نے ایران کے مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد رکھی ہے جس پر اب مزید سائنسی، تکنیکی اور معاشی ترقی ممکن ہو گی۔دوسری جانب ایران کی فوجی تنظیم پاسدارانِ انقلاب نے نئی قیادت کے اعلان کے فوراً بعد ’علی ولی اللہ‘ نامی آپریشن کے تحت میزائلوں اور ڈرونز کی نئی کھیپ داغنے کا اعلان کیا ہے۔ایرانی فوج کے مطابق حملوں میں خرمشہر، فتاح اور خیبر نامی بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔ایرانی سرکاری میڈیا نے ایک میزائل کی تصویر بھی جاری کی ہے جس پر فارسی میں ’لبیک یا سید مجتبیٰ‘ لکھا ہوا تھا جسے نئی قیادت کے ساتھ وفاداری کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایران میں گرلز ایلیمنٹری سکول پر ہونے والے مہلک حملے میں امریکہ کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے اس کا ذمے دار ایران کو قرار دے دیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اس حملے میں شامل نہیں تھا۔انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے کہا کہ میرے خیال میں اور جو میں نے دیکھا ہے اس کے مطابق یہ حملہ ایران نے ہی کیا ہے۔ اس موقع پر امریکی وزیرِ دفاع بھی موجود تھے، جنہوں نے کہا کہ حکومت ابھی اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے والا واحد فریق ایران ہے۔ وزیر دفاع کے بیان کے بعد صدر ٹرمپ نے دوبارہ زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ایران کی جانب سے ہی کیا گیا تھا۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکہ، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پہلے ہی انتہائی سطح پر ہے، جس کے باعث خطے میں صورتِ حال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق ۲۸؍فروری کو ہونے والے اس حملے میں ۱۶۵؍سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
٭… سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اگر کشیدگی میں اضافہ جاری رہا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان ایران کو ہوگا۔ سعودی عرب نے مملکت اور خلیج تعاون کونسل کی دیگر ریاستوں کے خلاف ایرانی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب مملکت اور خلیج تعاون کونسل کی دیگر ریاستوں کے خلاف ایرانی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر کشیدگی میں اضافہ جاری رہا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان ایران کو ہوگا۔سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کے خلاف ایران کی جارحیت کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔سعودی عرب کو اپنے عوام، سرزمین اور خودمختاری کے تحفظ کےلیے ضروری اقدامات کا حق حاصل ہے۔
٭… آبنائے ہرمز کی بندش اور تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں تیس فیصد کا بڑا اضافہ ہوگیا۔دوران کاروبار برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت ۱۱۷؍ڈالر فی بیرل تک پہنچی، تیل کی قیمتوں میں کمی کےلیے جی 7 ممالک متحرک ہوگئے۔ خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے معیشتوں پر منفی اثرات کا خوف بڑھ گیا ہے۔جنگ کے پھیلنے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ۲۰۲۲ء کے وسط کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ بعض بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک نے رسد کم کر دی ہے جبکہ جنگ کے باعث بحری جہاز رانی میں طویل رکاوٹوں کا خدشہ بھی بڑھ رہا ہے۔
٭… نیپال کے سابق ریپر بالیندر شاہ ملک کے اگلے وزیراعظم بننے کے لیے تیار ہیں، ان کی جماعت راشٹریہ سواتنتر نے حالیہ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرلی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابقہ حکومت کا تختہ الٹنے والی جنریشن زی تحریک کے بعد نیپال میں ہونے والے پہلے انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا، تاہم ریپر سے سیاستدان بننے والے بالیندر شاہ اور ان کی جماعت نے انتخابات میں غیر معمولی برتری حاصل کی ہے۔بالیندر شاہ جو عام طور پر بالین کے نام سے جانے جاتے ہیں اور ان کی جماعت آر ایس پی نے نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے ان مظاہروں کے بعد منعقد ہونے والے پہلے انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ ان مظاہروں کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہوئے اور سابقہ حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔




