جماعت احمدیہ مالی کے ریجن کیتا (Kita) میں گیارھویں ریجنل جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ مالی کے ریجن کیتا کو مورخہ ۱۴و۱۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو اپنا گیارھواں ریجنل جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

جلسہ کی کارروائی کا آغاز ۱۴؍فروری کو بعد از نماز عشاء ایک پروقار تقریب سے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم کولیبالی عمر معاذ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے افتتاحی تقریر میں جلسہ کی اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد ایک معلوماتی مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی جس میں شاملین نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ پہلے دن کے پروگرام کا اختتام رات ۱۲؍بجے دعا کے ساتھ ہوا۔

اگلے دن کا آغاز نماز تہجد کی باجماعت ادائیگی، فجر اور درس سے ہوا جس کے بعد صبح دس بجے دوسرے اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی۔ اس اجلاس میں مکرم نائب امیر صاحب مالی اور مکرم زکریا کولیبالی صاحب (لوکل مشنری) نے تربیتی اور تعلیمی موضوعات پر تقاریر کیں۔
اختتامی تقریر سے قبل مقامی حکام اور معزز مہمانوں نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور جماعت کی امن پسندی اور انسانی خدمات کو خوب سراہا۔ اس بابرکت جلسہ کا ایک ایمان افروز پہلو یہ رہا کہ اس کے اختتام پر ۱۱؍خوش نصیب افراد نے بیعت کر کے احمدیت یعنی حقیقی اسلام میں شمولیت اختیار کی۔ یہ جلسہ دعا کے ساتھ بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ
اس ریجنل جلسہ میں اللہ کے فضل سے کیتا ریجن کی ۳۶؍مختلف جماعتوں اور ۱۶؍مقامات سے قریباً ۴۰۰؍احباب و خواتین نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے شہر مورنزویل (Morrinsville) میں مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کے تحت تراجم قرآن کریم کی نمائش




