کائی، مالی کے سالانہ تجارتی و ثقافتی میلے میں بک سٹال کے ذریعے پیغامِ حق کی اشاعت
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ مالی کو شہر کائی (Kayes) میں منعقد ہونے والے سالانہ میلے برائے آرٹس، کلچر و ٹریڈ میں ایک تبلیغی بک سٹال لگانے اور جماعتی کتب کی نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ یہ ثقافتی میلہ مورخہ ۲۱؍دسمبر۲۰۲۵ء کو شروع ہوا اور ۴؍جنوری۲۰۲۶ء تک جاری رہا۔
اس پندرہ روزہ میلے کے دوران اللہ تعالیٰ نے جماعت کو غیر معمولی کامیابیوں سے نوازا اور اس بک سٹال کے ذریعے قریباً ۴؍ہزار سے زائد نفوس تک براہِ راست اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا۔ نمائش کے دوران مختلف موضوعات پر مشتمل جماعتی کتب کی فروخت کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں ۱۶۰؍سے زائد کتب فروخت ہوئیں جن سے مجموعی طور پر ۳؍لاکھ فرانک کی آمد ہوئی۔ بک سٹال پر تشریف لانے والے احباب کو نہ صرف کتب دکھائی گئیں بلکہ ان میں جماعت احمدیہ کے تعارف اور بنیادی عقائد پر مبنی معلوماتی پمفلٹس بھی کثیر تعداد میں تقسیم کیے گئے تاکہ وہ اپنے گھروں میں جا کر بھی اس پیغام پر غور و فکر کر سکیں۔
اس تبلیغی نمائش کی ایک خاص بات یہ تھی کہ یہاں معاشرے کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ بالخصوص تعلیم یافتہ طبقہ بشمول یونیورسٹی پروفیسرز، ڈاکٹرز، بینکوں کے ملازمین اور مختلف سرکاری دفاتر میں عہدوں پر فائز افسران نے بک سٹال کا دورہ کیا اور جماعت کے لٹریچر کا مطالعہ کیا۔ ان معزز زائرین سے ہونے والی گفتگو کے نتیجے میں ۲۰؍ایسے افراد سے مستقل تبلیغی روابط قائم ہوئے ہیں جو حق کی تلاش میں ہیں اور ان سے مستقبل میں بھی رابطہ رکھا جائے گا۔ ان شاءاللہ
اللہ تعالیٰ اس نمائش کے بہتر سے بہتر نتائج پیدا فرمائے اور تمام سعید روحوں کے سینے حق کے لیے کھول دے۔ آمین
(رپورٹ: واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭




